• KHI: Maghrib 5:42pm Isha 7:02pm
  • LHR: Maghrib 5:00pm Isha 6:25pm
  • ISB: Maghrib 5:00pm Isha 6:28pm
  • KHI: Maghrib 5:42pm Isha 7:02pm
  • LHR: Maghrib 5:00pm Isha 6:25pm
  • ISB: Maghrib 5:00pm Isha 6:28pm

بھارتی انتخابات: الیکشن کمیشن سے منافرت پھیلانے والوں کے خلاف کارروائی کا جواب طلب

شائع April 15, 2019
بھارتی چیف جسٹس رنجن گوگئی نے الیکشن کمیشن کے نمائندوں کو 16 اپریل کو طلب کرلیا—فائل فوٹو: اے ایف پی
بھارتی چیف جسٹس رنجن گوگئی نے الیکشن کمیشن کے نمائندوں کو 16 اپریل کو طلب کرلیا—فائل فوٹو: اے ایف پی

بھارتی سپریم کورٹ نے انتخابی مہم کے دوران مذہبی بنیادوں پر نفرت انگیز تقاریر کرنے والوں کے خلاف کارروائی نہ کرنے پر الیکشن کمیشن سے جواب طلب کرلیا۔

بھارتی نشریاتی ادارے انڈیا ٹوڈے کی رپورٹ کے مطابق انتخابی مہم کے دوران بھارتیہ جنتا پارٹی (بی جے پی) سے تعلق رکھنے والے اترپردیش کے وزیر اعلیٰ یوگی ادتھیانتھ کی جانب سے مبینہ طور پر نفرت انگیز تقریر پر نوٹس لیتے ہوئے سپریم کورٹ نے ملک کے الیکشن کمیشن سے پوچھا ہے کہ اب تک اس کے خلاف کیا کارروائی کی گئی۔

مزید پڑھیں: الیکشن کمیشن کا نریندر مودی کے چینل کی نشریات بند کرنے کا حکم

یوگی ادتھیانتھ کی جانب سے مسلم لیگ کے خلاف متنازع ریمارکس دیتے ہوئے اسے ’سبز وائرس‘ سے تشبیہ دی تھی جبکہ مسلمانوں کے خلاف بھی نفرت آمیز بات کی تھی۔

انڈیا ٹوڈے کے مطابق بھارتی چیف جسٹس رنجن گوگئی کی سربراہی میں سپریم کورٹ کے بینچ نے اس معاملے پر الیکشن کمیشن کے نمائندوں کو 16 اپریل کو طلب کرلیا۔

ساتھ ہی سپریم کورٹ کی جانب سے سروے پینل کی تجاویز کا جائزہ لینے کا بھی فیصلہ کیا گیا، جو انتخابی مہم کے دوران سیاست دانوں کی جانب سے کی جانے والی نفرت انگیز تقاریر سے نمٹنے کے لیے محدود قانونی اختیار دیتا ہے۔

بینچ کی جانب سے ریمارکس دیے گئے کہ الیکشن کمیشن کہتا ہے کہ ہم بے اختیار ہیں، وہ کہتے ہیں کہ ہم پہلے نوٹس جاری کرتے، پھر مشاورت کرتے اور پھر شکایت کرتے ہیں۔

یہ بھی پڑھیں: بی جے پی سربراہ کا غیرقانونی مہاجرین کو خلیج بنگال میں پھینکنے کا وعدہ

عدالتی بینچ نے مزید کہا کہ انتخابی مہم کے دوران نفرت انگیز تقاریر سے نمٹنے کے لیے انتخابی پینل کے اختیارات سے متعلق پہلو کا جائزہ لے گا۔

بھارتی سپریم کورٹ کے بینچ نے الیکشن کمیشن کو کہا کہ انتخابات سے متعلق معاملہ حساس ہے اور وہ اسے طول نہیں دے سکتے۔

واضح رہے کہ بھارت میں 7 مراحل میں عام انتخابات ہورہے ہیں، جو 11 اپریل سے 19 مئی تک جاری رہیں گے اور اس میں بھارتی وزیر اعظم نریندر مودی کی قوم پرست جماعت بی جے پی دوسری مرتبہ اقتدار میں آنے کی خواہاں ہے۔

کارٹون

کارٹون : 26 نومبر 2024
کارٹون : 25 نومبر 2024