مودی والدہ اور اہلیہ کی عزت نہیں کرتے، عوام کی کیسے کریں گے، ممتا بینرجی
بھارتی ریاست مغربی بنگال کی وزیر اعلیٰ اور آل انڈیا ترینیمول کانگریس کی سربراہ ممتا بینرجی نے پہلی مرتبہ وزیر اعظم نریندر مودی کو ذاتی تنقید کا نشانہ بناتے ہوئے کہا ہے کہ وہ اپنی والدہ اور اہلیہ کی عزت نہیں کرتے تو عوام کی کیسے کریں گے؟
ممتا بینرجی نے نریندر مودی کو ذاتی تنقید کا نشانہ بناتے ہوئے وضاحت بھی کی کہ اگرچہ وہ اس طرح کی تنقید پر یقین نہیں رکھتیں اور نہ ہی ان کا ایسی تنقید کرنے کا ایجنڈا ہوتا ہے تاہم وہ وزیر اعظم کی جانب سے کاغذات نامزدگی میں جمع کرائے گئے حلف نامے کو دیکھ کر ان پر تنقید کرنے پر مجبور ہوگئیں۔
ٹائمز ناؤ کے مطابق ممتا بینرجی نے پہلی مرتبہ نریندر مودی کو ذاتی تنقید کا نشانہ بناتے ہوئے کہا کہ بھارتی وزیر اعظم ایسے شخص ہیں جنہیں اپنی اہلیہ کے نام کے علاوہ ان سے متعلق کسی چیز کی معلومات نہیں۔
ممتا بینرجی کا کہنا تھا کہ نریندر مودی کی جانب سے کاغذات نامزدگی میں جمع کرائے گئے قسم نامے میں کہا گیا ہے کہ ان کی اہلیہ کا نام جاشودابن ہیں، تاہم ساتھ ہی یہ بھی کہا گیا ہے کہ انہیں ان کی جائیداد سمیت ان سے متعلق دیگر کسی چیز کا علم نہیں۔
مغربی بنگال کی وزیر اعلیٰ کا کہنا تھا کہ جس شخص کو اپنی اہلیہ اور والدہ سے متعلق کوئی معلومات نہ ہوں اور جو اپنے ہی گھر کی خواتین کی عزت نہ کرتے ہوں وہ پوری قوم کی عزت کیسے کریں گے؟
یہ بھی پڑھیں: ’ گنگا کی صفائی‘ کا وعدہ پورا نہ کرنے پر مودی سے معافی مانگنے کا مطالبہ
انہوں نے الزام عائد کیا کہ نریندر مودی اپنی والدہ اور اہلیہ کی بھی عزت نہیں کرتے۔
ساتھ ہی ممتا بینرجی نے نریندر مودی اور بی جے پی کو سخت تنقید کا نشانہ بناتے ہوئے کہا کہ یہ مذہب کے نام پر لوگوں کو بلیک میل کرتے ہیں اور ووٹ کی خاطر لوگوں کے جذبات سے کھیلتے ہیں۔
دلچسپ بات یہ ہے کہ ممتا بینرجی کی جانب سے نریندر مودی پر ذاتی تنقید ایک ایسے وقت میں کئی گئی ہے جب کہ کچھ دن قبل ہی بھارتی وزیر اعظم نے مغربی بنگال کی وزیر اعلیٰ کے لیے اہم باتیں کہی تھیں۔
کچھ دن قبل نریندر مودی نے بولی وڈ اسٹار اکشے کمار کے ساتھ جاری کی گئی ویڈیو میں ممتا بینرجی کے حوالے سے دعویٰ کیا تھا کہ وہ انہیں تحائف بھیجتی رہیں۔
مزید پڑھیں: نریندر مودی کا مسجد پر حملے کرنے والی خاتون امیدوار کا بھرپور دفاع
نریندر مودی کا کہنا تھا کہ ماضی میں ممتا بینرجی انہیں کرتے اور درگا پوجا کے موقع پر مٹھائی بھجواتی رہیں۔
نریندر مودی کی جانب سے ایسے دعوے کے بعد ممتا بینرجی نے کوئی وضاحت نہیں کی تھی اور نہ ہی انہوں نے بھارتی وزیر اعظم پر تنقید کرتے وقت اس معاملے پر بات کی۔