• KHI: Fajr 5:34am Sunrise 6:54am
  • LHR: Fajr 5:12am Sunrise 6:37am
  • ISB: Fajr 5:20am Sunrise 6:47am
  • KHI: Fajr 5:34am Sunrise 6:54am
  • LHR: Fajr 5:12am Sunrise 6:37am
  • ISB: Fajr 5:20am Sunrise 6:47am

بھارت میں پھر مودی سرکار، بی جے پی کی واضح برتری

شائع May 23, 2019 اپ ڈیٹ May 24, 2019
اپوزیشن جماعت کانگریس 40 نشستوں پر کامیابی حاصل کرکے دوسرے نمبر پر ہے — فوٹو: اے ایف پی
اپوزیشن جماعت کانگریس 40 نشستوں پر کامیابی حاصل کرکے دوسرے نمبر پر ہے — فوٹو: اے ایف پی

بھارت میں لوک سبھا ( ایوانِ زیریں) کے 17ویں انتخابات میں نریندر مودی کی جماعت بھارتیہ جنتا پارٹی (بی جے پی) واضح برتری کے ساتھ لگاتار دوسری مرتبہ کامیابی کی جانب گامزن ہے۔

بھارتی الیکشن کمیشن کے غیر حتمی نتائج کے مطابق بھارتیہ جنتا پارٹی لوک سبھا کی 302 نشستوں پر کامیابی حاصل کر چکی ہے، جبکہ ایک پر اسے ابھی بھی برتری حاصل ہے۔

اپوزیشن جماعت کانگریس 52 نشستوں پر کامیابی حاصل کرکے دوسرے نمبر پر ہے۔

بھارتی وزیر خارجہ سشما سوراج نے سماجی روابط کی ویب سائٹ ٹوئٹر پر ٹوئٹ کیا کہ ' بھارتیہ جنتا پارٹی کو عظیم کامیابی سے ہمکنار کروانے پر نریندر مودی کی مشکور ہوں'۔

ٹی وی چینلز کی جانب سے انتخابات میں بی جے پی کی واضح برتری کے اعلان کے بعد بڑی تعداد میں حامیوں نے دہلی ہیڈکوارٹرز سمیت بھارت کے مختلف شہروں میں کامیابی کا جشن منانا شروع کردیا۔

بھارتیہ جنتا پارٹی کے ترجمان کے مطابق ' یہ مثبت سیاست اور نریندر مودی کی پالیسیوں کے لیے بڑا مینڈیٹ ہے'۔

مزید پڑھیں: بھارتی انتخابات: ووٹوں کی گنتی کا آغاز، شام تک نتائج کا اعلان متوقع

انہوں نے کہا کہ 'یہ بھارت کے لیے بڑی کامیابی ہے، ہم اس کامیابی سے بہت خوش ہیں'۔

دوسری جانب کانگریس ترجمان سلمان سوز نے کہا کہ 'یہ سب یقیناً ہمارے حق میں نہیں ہے، ہمیں حتمی نتائج کا انتظار کرنے کی ضرورت ہے لیکن یہ سب اچھا نہیں ہے'۔

خیال رہے کہ بھارتی نشتریاتی ادارے حالیہ انتخابات میں نریندر مودی کے اتحاد نیشنل ڈیموکریٹک الائنس کی واضح فتح کا اعلان کرچکے ہیں۔

بھارت میں انتخابات کے ووٹوں کی گنتی کا آغاز آج ( جمعرات کی) صبح کو ہوا تھا اور شام میں ہی حتمی نتائج کا اعلان کیا جائے گا۔

ٹائمز آف انڈیا کی رپورٹ کے مطابق لوک سبھا کی 542 نشستوں پر ہونے والے انتخابات کے غیر حتمی غیر سرکاری نتائج کے مطابق بھارتیہ جنتا پارٹی ( بی جے پی) کی قیادت میں نیشنل ڈیموکریٹک الائنس 349 نشستوں پر کامیابی کے ساتھ پہلے اور کانگریس کی قیادت میں یونائیٹڈ پروگریسیو الائنس 82 نشستوں کے ساتھ دوسرے نمبر پر ہے۔

اب تک موصول ہونے والے نتائج کے مطابق بی جے پی نے چھتیس گڑھ میں لوک سبھا کی 11 میں سے 9 نشستوں پر کامیابی حاصل کرلی ہے جبکہ کانگریس صرف 2 نشستیں حاصل کرسکی۔

یہ بھی پڑھیں: دنیا کے سب سے بڑے عام انتخابات ختم، فاتح کون ہوگا؟

واضح رہے کہ گزشتہ برس ہونے والے ریاستی انتخابات میں حکمراں جماعت کو کانگریس کے ہاتھوں بدترین شکست کا سامنا ہوا تھا۔

اترپردیش میں بھارتیہ جنتا پارٹی نے لوک سبھا کی 80 میں سے 54 نشستوں پر کامیابی حاصل کی جبکہ 8 پر اسے برتری حاصل ہے، بہوجن سماج پارٹی کا اتحاد 9 نشستوں پر کامیابی اور ایک پر برتری کے ساتھ دوسرے نمبر اور سماج وادی پارٹی 5 پر کامیابی کے ساتھ تیسرے نمبر پر ہے۔

بھارتی ریاست اترپردیش کے شہر وارانسی سے نریندر مودی نے 4 لاکھ 80 ہزار ووٹوں کے فرق سے سماج وادی پارٹی کی شالِنی یادو کو شکست دی۔

گجرات میں بی جے پی نے لوک سبھا کی 26 میں سے 19 نشستوں پر کامیابی حاصل کرلی جبکہ 7 پر اسے برتری حاصل ہے۔

الیکشن کمیشن کے غیرحتمی نتائج کے مطابق پنجاب میں لوک سبھا کی 13 نشستوں میں سے کانگریس 8 نشستیں حاصل کرکے پہلے نمبر پر ہے جبکہ شیرومانی اکالی دل اور بی جے پی نے 2، 2 نشستییں حاصل کیں۔

ریاست کرناٹکا کی 28 نشستوں میں سے 25، راجستھان کی 25 میں سے 24، ہریانہ کی 10 میں سے 8 اور مدھیا پردیش کی 29 میں سے 26 پر کامیابی حاصل کرکے بی جے پی میدان مار چکی ہے۔

واضح رہے کہ بھارت میں حکومت بنانے کے لیے 272 نشستیں درکار ہوتی ہیں اور مقامی میڈیا کے مطابق بی جے پی کے اتحاد نے 349 نشستیں حاصل کرلی ہیں۔

خیال رہے کہ بھارت میں عام انتخابات کا انعقاد 7 مراحل میں 11 اپریل سے 19 مئی تک ہوا تھا اور آج 23 مئی کو نتائج کا اعلان کیا جائے گا۔

کارٹون

کارٹون : 23 نومبر 2024
کارٹون : 22 نومبر 2024