نیشنل ٹی20: سرفراز نے سندھ کی قیادت سے معذرت کر لی
قومی ٹیم کے کپتان سرفراز احمد نیشنل ٹی20 کپ میں سندھ کی ٹیم کی قیادت سے دستبردار ہوگئے اور ان کی جگہ اسد شفیق کو قیادت سونپ دی گئی ہے۔
قومی ٹیم کی ناکامیوں، خصوصاً سرفراز کی اپنی کارکردگی ناقص ہونے کے سبب انہیں شدید دباؤ کا سامنا ہے اور ماہرین کرکٹ سمیت متعدد حلقوں کی جانب سے انہیں قیادت سے ہٹانے کے مطالبات کیے جا رہے ہیں۔
یاد رہے کہ سری لنکا کے خلاف ٹی20 سیریز میں سرفراز بحیثیت کپتان صرف 67 رنز بنا سکے اور قومی ٹیم کو سیریز میں 0-3 کی کلین سوئپ شکست کا منہ دیکھنا پڑا۔
اس سے قبل بھی انٹرنیشنل کرکٹ میں سرفراز کارکردگی واجبی سی ہی رہی ہے جہاں وہ گزشتہ 10 ون ڈے میچوں میں صرف ایک نصف سنچری اسکور کر سکے جبکہ ٹی20 میچوں میں کارکردگی اس سے بھی زیادہ ابتر رہی۔
سرفراز احمد کی قیادت قومی ٹیم عالمی نمبر ایک تو بن گئی لیکن کپتان بننے کے بعد سے اب تک سرفراز نے ٹی20 میں صرف ایک نصف سنچری اسکور کی ہے اور 89 رنز کی یہ اننگز بھی اسکاٹ لینڈ کے خلاف کھیلی گئی تھی۔
مسلسل خراب کارکردگی اور دباؤ کے سبب قومی ٹیم کے کپتان سرفراز احمد نے فیصل آباد میں جاری قومی ٹی20 کپ میں قیادت سے معذرت کرتے ہوئے کھلاڑی کی حیثیت سے ایونٹ میں حصہ لینے کا فیصلہ کیا۔
دلچسپ امر یہ ہے کہ ٹرافی کی رونمائی کے وقت بھی سرفراز احمد آگے آگے رہے لیکن سینٹرل پنجاب کے خلاف میچ سے قبل سرفراز احمد کی قیادت سے دستبرداری کی خبر منظر عام آئی۔
ان کی جگہ اسد شفیق نے میچ میں قیادت کے فرائض انجام دیے اور سرفراز احمد نے بطور وکٹ کیپر بیٹسمین میچ میں حصہ لیا۔
پی سی بی کے مطابق سرفراز احمد نے خود کو آرام دینے کے لیے نیشنل ٹی20 کپ کےابتدائی میچز میں کپتانی نہ کرنے کا فیصلہ کیا ہے البتہ وہ ٹورنامنٹ کے اختتام کے میچز میں دوبارہ قیادت سنبھال لیں گے۔