• KHI: Zuhr 12:23pm Asr 4:07pm
  • LHR: Zuhr 11:53am Asr 3:22pm
  • ISB: Zuhr 11:59am Asr 3:22pm
  • KHI: Zuhr 12:23pm Asr 4:07pm
  • LHR: Zuhr 11:53am Asr 3:22pm
  • ISB: Zuhr 11:59am Asr 3:22pm

نیشنل ٹی20کپ میں ناردرن پنجاب اور بلوچستان کامیاب

شائع October 14, 2019
نیشنل ٹی20 کپ میں سندھ کی ٹیم کے بلے باز خرم منظور آؤٹ ہو کر پویلین لوٹ رہے ہیں— فوٹو بشکریہ پی سی بی
نیشنل ٹی20 کپ میں سندھ کی ٹیم کے بلے باز خرم منظور آؤٹ ہو کر پویلین لوٹ رہے ہیں— فوٹو بشکریہ پی سی بی

نیشنل ٹی20 کپ میں عمر امین اور آصف علی کی عمدہ بیٹنگ کی بدولت ناردرن پنجاب نے سدرن پنجاب کو باآسانی شکست دے دی جبکہ بلوچستان نے سندھ کی ٹیم کو مات دے کر پہلی کامیابی حاصل کر لی۔

فیصل آباد کے اقبال اسٹیڈیم میں کھیلے گئے میچ میں سدرن پنجاب کے کپتان شان مسعود نے ٹاس جیت کر پہلے بیٹنگ کا فیصلہ کیا جو کچھ اچھا ثابت نہ ہوا۔

اوپنر شان مسعود اور سمیع اسلم بالترتیب 8 اور تین رنز بنانے کے بعد پویلین لوٹ گئے جہاں دونوں کھلاڑیوں کو محمد عامر نے چلتا کیا۔

ناردرن پنجاب کے باؤلرز نے سدرن پنجاب کے بلے بازوں کو کھل کر کھیلنےکا موقع نہ دیا اور عامر یامین اور صہیب مقصود کے سوا کوئی بھی بلے باز قابل ذکر کارکردگی نہ دکھا سکا۔

عامر یامین نے 20 گیندوں پر 33 اور صہیب نے 24 گیندوں پر 25رنز کی باری کھیلی جس کی بدولت سدرن پنجاب کی ٹیم مقررہ اوورز میں 9 وکٹوں کے نقصان پر 135 رنز بنا سکی۔

ناردرن پنجاب کی طرف سے سہیل تنویر نے تین اور محمد عامر نے دو وکٹیں حاصل کیں۔

ہدف کے تعاقب میں ناردرن پنجاب کی اننگز کا آغاز بھی کچھ مختلف نہ تھا اور اوپنر نوید ملک ایک اور ان کے بعد آنے والے روہیل نذیر صرف تین رنز بنا کر چلتے بنے۔

اس موقع پر عمر امین کا ساتھ دینے محمد نواز آئے اور دونوں کھلاڑیوں نے 63 رنز کی شراکت قائم کر کے اپنی ٹیم کو فتح کی راہ پر گامزن کیا، نواز 25 گیندوں پر 24 رنز بنا کر آؤٹ ہوئے۔

میچ میں سدرن پنجاب کی واپسی کی موہوم سی امید اس وقت پیدا ہوئی جب عمر امین 50 رنز بنانے کے بعد زاہد محمود کی وکٹ بن گئے لیکن آصف علی نے حریف ٹیم کے ارمانوں کو چکنا چور کردیا۔

انہوں نے صرف 24 گیندوں پر 3 چھکوں اور 3 چوکوں کی مدد سے ناقابل شکست 44 رنز کی اننگز کھیل کر اپنی ٹیم کو ایک اوور قبل ہی پانچ وکٹ کی فتح سے ہمکنار کرادیا۔

دن کے دوسرے میچ میں بلوچستان کی ٹیم نے اویس ضیا اور بسم اللہ خان کی شاندار بیٹنگ کی بدولت سندھ کو مات دے دی۔

سندھ کی ٹیم نے ٹاس جیت کر پہلے باؤلنگ کا فیصلہ کیا جو ابتدا میں ہی غلط ثابت ہو گیا اور بلوچستان کے اوپنرز امام الحق اور اویس ضیا نے اپنی ٹیم کو 33 گیندوں پر 60رنز کا شان دار آغاز فراہم کیا، امام 25 رنز بنانے کے بعد آؤٹ ہوئے۔

اس کے بعد اویس ضیا کا ساتھ دینے بسم اللہ خان آئے اور دونوں کھلاڑیوں نے دوسری وکٹ کے لیے 99 رنز کی شراکت قائم کر کے اپنی ٹیم کے بڑے اسکور کی راہ ہموار کی۔

اویس ضیا نے 48 گیندوں پر 7 چھکوں اور 5 چوکوں کی مدد سے 77 رنز کی اننگز کھیلی جبکہ بسم اللہ خان نے 30 گیندوں پر 4 چھکوں اور اتنے ہی چوکوں کی مدد سے 54 رنز بنائے۔

اختتامی اوورز میں عماد بٹ اور حسین طلعت کی جارحانہ بیٹنگ کی بدولت بلوچستان کی ٹیم مقررہ اوورز میں 6 وکٹوں کے نقصان پر 233 رنز بنانے میں کامیاب رہی، دونوں نے 10، 10 گیندوں پر بالترتیب 31 اور 18 رنز کی اننگز کھیلیں۔

سندھ کی جانب سے محمد حسنین 42 رنز کے عوض 3 وکٹیں لے کر سب سے کامیاب باؤلر رہے۔

ہدف کے تعاقب میں خرم منظور نے جارحانہ انداز اپنایا اور 18 گیندوں پر 7 چوکوں کی مدد سے 33 رنز کی اننگز کھیلی لیکن عاکف جاوید نے ان کی وکٹیں بکھیر کر خطرناک عزائم کو خاک میں ملا دیا۔

عابد علی اور احسن علی نے دوسری وکٹ کے لیے 54 رنز کی شراکت قائم کی لیکن اس مرحلے پر 6 رنز کے اضافے سے سندھ کی ٹیم یکے بعد دیگرے تین وکٹیں گنوا کر مشکلات سے دوچار ہوئی۔

اس کے بعد سعود شکیل اور سرفراز احمد کے سوا کوئی بھی بلے باز وکٹ پر ٹھہر کر کھیل نہ سکا اور سندھ کی ٹیم مقررہ اوورز میں 181 رنز پر ڈھیر ہو گئی۔

عابد علی 23 گیندوں پر 2 چھکوں اور 5 چوکوں کی مدد سے 41 رنز بنا کر نمایاں بلے باز رہے جبکہ سرفراز نے 25 گیندوں پر 36رنز کی باری کھیلی۔

بلوچستان نے میچ میں 52 رنز کے بھاری مارجن سے کامیابی حاصل کر کے ایونٹ میں پہلی فتح اپنے نام کر لی۔

بلوچستان کی جانب سے عماد بٹ اور عاکف جاوید تین، تین وکٹیں لے کر اپنی ٹیم کو جیت دلانے میں کامیاب ہوئے۔

کارٹون

کارٹون : 4 دسمبر 2024
کارٹون : 3 دسمبر 2024