• KHI: Zuhr 12:23pm Asr 4:07pm
  • LHR: Zuhr 11:53am Asr 3:22pm
  • ISB: Zuhr 11:59am Asr 3:22pm
  • KHI: Zuhr 12:23pm Asr 4:07pm
  • LHR: Zuhr 11:53am Asr 3:22pm
  • ISB: Zuhr 11:59am Asr 3:22pm

بلوچستان کو شکست، ناردرن کی ٹیم نیشنل ٹی20 چیمپیئن بن گئی

شائع October 24, 2019 اپ ڈیٹ October 30, 2019
نیشنل ٹی20 کپ کی چیمپیئن ناردرن کی ٹیم کا ٹرافی کے ہمراہ گروپ فوٹو— تصویر بشکریہ پی سی بی
نیشنل ٹی20 کپ کی چیمپیئن ناردرن کی ٹیم کا ٹرافی کے ہمراہ گروپ فوٹو— تصویر بشکریہ پی سی بی

نیشنل ٹی20 کپ کے فائنل میں ناردرن کی ٹیم نے بلوچستان کو یکطرفہ مقابلے کے بعد 52 رنز سے شکست دے کر چیمپیئن بننے کا اعزاز حاصل کر لیا۔

فیصل آباد کے اقبال اسٹیڈیم میں کھیلے گئے ایونٹ کے فائنل میں بلوچستان کی ٹیم نے ٹاس جیت کر پہلے باؤلنگ کا فیصلہ کیا جو غلط ثابت ہوا۔

عمر امین نے 38 گیندوں پر 3 چھکوں اور 6 چوکوں کی مدد سے 60 رنز کی اننگز کھیل کر اپنی ٹیم کی معقول مجموعے تک رسائی یقینی بنائی۔

اس کے علاوہ محمد نواز نے 31 اور شاداب خان نے ناقابل شکست 25 رنز کی اننگز کھیلی جس کی بدولت ناردرن نے 5 وکٹوں کے نقصان پر 167رنز بنائے۔

ہدف کے تعاقب میں بلوچستان کی ٹیم شروع سے ہی مشکلات کا شکار رہی اور سہیل تنویر نے کپتان امام الحق اور بسم اللہ خان کو 14 رنز پر چلتا کردیا۔

اس کے بعد اویس ضیا اور عمران فرحت نے 44 رنز کی شراکت قائم کر کے اسکور کو 58 تک پہنچایا لیکن اس کے بعد کوئی بھی بلے باز ڈٹ کر ناردرن کے باؤلرز کا سامنا نہ کر سکا۔

پورے ٹورنامنٹ میں بلوچستان کی ٹیم کو مشکلات سے نکال کر فتوحات دلانے والے عماد بٹ بھی اس مرتبہ ٹیم کے کام نہ آ سکے اور صرف 13 رنز بنا کر آؤٹ ہو گئے۔

بلوچستان کی پوری ٹیم صرف 115 رنز پر ڈھیر ہو گئی اور ناردرن نے میچ میں 52 رنز سے کامیابی حاصل کرنے کے ساتھ ساتھ چیمپیئن بننے کا اعزاز بھی حاصل کر لیا۔

عمر امین کو ان کی شاندار بیٹنگ پر میچ کا بہترین کھلاڑی قرار دیا گیا۔

کارٹون

کارٹون : 4 دسمبر 2024
کارٹون : 3 دسمبر 2024