امپائر کے فیصلے پر اعتراض شان مسعود کو مہنگا پڑ گیا
قائد اعظم ٹرافی میں امپائر کے فیصلے پر اعتراض کرنے پر سدرن پنجاب کے کپتان شان مسعود پر جرمانہ عائد کردیا گیا۔
سیالکوٹ کے جناح اسٹیڈیم میں کھیلے جا رہے قائد اعظم ٹرافی کے پانچویں راؤنڈ میں ناردرن کے خلاف میچ میں سدرن پنجاب کے کپتان شان مسعود نے امپائر کی جانب سے کیچ آؤٹ قرار دیے جانے پر ناگواری کا اظہار کیا تھا۔
مزید پڑھیں: شان مسعود کی کہانی، انہی کی زبانی
پاکستان کرکٹ بورڈ کے قوانین کے تحت کھلاڑی، سپورٹ اسٹاف، امپائر یا ریفری کے فیصلے پر اعتراض پر کھلاڑی لیول 1 جرم کا مرتکب قرار پاتا ہے۔
آن فیلڈ امپائرز عبدالمقیت اور فاروق علی خان نے شان مسعود کو پی سی بی کے ضابطہ اخلاق کی خلاف ورزی کا مرتکب قرار دیا۔
شان مسعود نے اپنے جرم کا اعتراف نہیں کیا تھا جس کے سبب بدھ کو اس معاملے کی سماعت کی گئی اور سماعت کے بعد میچ ریفری کامران چوہدری نے سدرن پنجاب کے کپتان کے خلاف 25فیصد میچ فیس کے جرمانے کا فیصلہ برقرار رکھا۔
یہ بھی پڑھیں: قومی ٹیم 0-5 سے کیوں ہاری؟ کہاں کہاں غلطیاں ہوئی؟
سدرن پنجاب اور ناردرن کے درمیان ہار جیت کے فیصلے کے بغیر ڈرا ہو گیا۔
یاد رہے کہ شان مسعود دورہ آسٹریلیا کے لیے منتخب پاکستانی ٹیسٹ اسکواڈ کا بھی حصہ ہیں۔