• KHI: Maghrib 5:43pm Isha 7:02pm
  • LHR: Maghrib 5:01pm Isha 6:26pm
  • ISB: Maghrib 5:01pm Isha 6:28pm
  • KHI: Maghrib 5:43pm Isha 7:02pm
  • LHR: Maghrib 5:01pm Isha 6:26pm
  • ISB: Maghrib 5:01pm Isha 6:28pm

دوسرا ٹی20: آسٹریلیا نے پاکستان کو 7 وکٹوں سے شکست دے دی

شائع November 5, 2019 اپ ڈیٹ November 6, 2019
بابر اعظم نصف سنچری بنا کر آؤٹ ہوگئے — فوٹو: اے ایف پی
بابر اعظم نصف سنچری بنا کر آؤٹ ہوگئے — فوٹو: اے ایف پی
دوسرے ٹی 20 میچ میں قومی ٹیم میں کوئی تبدیلی نہیں کی گئی
— فوٹو: ڈان نیوز
دوسرے ٹی 20 میچ میں قومی ٹیم میں کوئی تبدیلی نہیں کی گئی — فوٹو: ڈان نیوز

پاکستان اور آسٹریلیا کے درمیان کھیلے جانے والی ٹی20 سیریز کے دوسرے میچ میں آسٹریلیا نے پاکستانی ٹیم کو باآسانی 7 وکٹوں سے شکست دے دی اور 151 رنز کا ہدف 3 وکٹوں پر ہی پورا کرلیا۔

آسٹریلیا کے شہر کینبرا میں کھیلے گئے دوسرے ٹی 20میچ میں کپتان بابر اعظم نے ٹاس جیت کر آسٹریلیا کے خلاف بیٹنگ کا فیصلہ کیا۔

کپتان بابر اعظم اور افتخار احمد نے مزاحمتی بلے بازی کا مظاہرہ کرتے ہوئے نصف سنچریاں اسکور کیں جبکہ اوپنر فخر زمان اور آصف علی کی ناکامیوں کا سلسلہ تھم نہ سکا۔

دوسرے ٹی 20 میچ کی پہلی اننگز میں قومی ٹیم نے 6 کھلاڑیوں کے نقصان پر مقررہ 20 اوورز میں 150 رنز بنائے جس میں بابر اعظم اور افتخار احمد نے شاندار بیٹنگ کا مظاہرہ کرتے ہوئے نصف سنچریز اسکور کی۔

ٹی20 ٹیم کے کپتان بابر اعظم نے فخر زمان کے ہمراہ آسٹریلیا کے خلاف اننگ کا آغاز کیا لیکن فخر زمان تیسرے اوور کی دوسری بال پر صرف 2 رنز بناکر آؤٹ ہوگئے۔

فخر زمان کے بعد حارث سہیل میدان میں آئے لیکن وہ 9 گیندوں پر صرف 6 رنز بنا کر پویلین لوٹ گئے، ان کے بعد وکٹ کیپر بلے باز محمد رضوان نے کپتان بابر اعظم کے ساتھ بیٹنگ لائن کو سنبھالا لیکن وہ زیادہ دیر تک ٹیم کو سہارا نہیں دے سکے 62 کے مجموعی اسکور پر 14 رنز بنا کر آؤٹ ہوگئے۔

وکیٹ کیپر محمد رضوان کے بعد اگلے آؤٹ ہونے والے کھلاڑی آصف علی تھے جو 5 گیندوں پر 4 رنز بناکر پویلین لوٹ گئے۔

4 کھلاڑی آؤٹ ہونے کے بعد افتخار احمد کریز پر آئے اور قومی ٹیم کے اسکور کو آگے بڑھایا، تاہم کریز کے دوسری طرف موجود بابر اعظم نصف سنچری بناکر وارنر کی بال پر 106 کے مجموعی اسکور پر رن آؤٹ ہوگئے۔

مزید پڑھیں: پاکستان کیخلاف میچ بارش کی نذر ہونے پر آسٹریلین کپتان میچ ریفری پر برہم

ان کے بعد عماد وسیم آئے لیکن وہ بھی صرف 11 گیندوں پر 11 رنز کا اضافہ کرسکے اور پویلین لوٹ گئے، جس کے بعد افتخار احمد نے وہاب ریاض کے ساتھ قومی ٹیم کا اسکور 150 تک پہنچانے میں اہم کردار ادا کیا۔

افتخار احمد نے 5 چوکوں اور 3 چھکوں کے ساتھ 34 گیندوں پر 62 رنز بناکر اننگز میں سب سے زیادہ اسکور کیا اور ناٹ آؤٹ رہے۔

151 رنز کے تعاقت میں آسٹریلوی ٹیم نے بیٹنگ کا آغاز کیا تو 30 کے مجموعی اسکور پر ڈیوڈ وارنر 20 رنز بنا کر محمد عامر کی گیند کا شکار ہوئے، جس کے بعد اگلے آنے والے کھلاڑی اسٹیون اسمتھ تھے، جنہوں نے جارحانہ انداز میں بیٹنگ کی۔

آسٹریلوی ٹیم کا اسکور 48رنز پر پہنچا تھا کہ کریز کی دوسری طرف موجود کپتان ایرون فنچ 17 رنز بنا کر محمد عرفان کی گیند کا شکار بنے۔

دو کھلاڑیوں کے آؤٹ ہونے کے باوجود آسٹریلوی ٹیم نے جارحانہ انداز جاری رکھا اور ٹیم کا اسکور 106 تک پہنچادیا، تاہم اس موقع پر بین مکڈرمیت عماد وسیم کی گیند پر ایل بی ڈبلیو ہوگئے۔

ان کے بعد اگلے آنے والے آسٹریلوی کھلاڑی ایشٹون ٹرنر نے اسٹیون اسمتھ کے ساتھ میچ کو اختتام تک پہنچایا اور آسٹریلوی ٹیم 9 گیندوں قبل 18 اوورز 3 بال پر 151 رنز کا ہدف باآسانی حاصل کرلیا۔

آسٹریلوی ٹیم کی جانب سے اسٹیون اسمتھ نے 11 چوکوں اور ایک چکھے کی مدد سے 51 گیندوں پر 80 رنز بنائے اور آؤٹ نہیں ہوئے، اسی فتح کے ساتھ آسٹریلوی ٹیم نے سریز میں 0-1 کی برتری حاصل کرلی۔

خیال رہے کہ ٹی 20 کی عالمی رینکنگ میں پاکستان کو اپنی نمبر ون پوزیشن برقرار رکھنے کے لیے اس سیریز میں لازمی فتح درکار تھی۔

کینبرا میں کھیلے جارہے دوسرے ٹی 20 میچ میں قومی ٹیم میں کوئی تبدیلی نہیں کی گئی اور پہلے ٹی ٹوئنٹی میچ کی ہی ٹیم کو برقرار رکھا گیا، یہی نہیں بلکہ آسٹریلوی ٹیم میں بھی کوئی تبدیلی نہیں کی گئی تھی۔

اس سے قبل پاکستان اور آسٹریلیا کے درمیان سڈنی میں اتوار کو کھیلا گیا پہلا ٹی20 میچ بارش کی نذر ہو گیا تھا۔

یہ بھی پڑھیں: پہلا ٹی20: بارش کے باعث پاک- آسٹریلیا میچ بے نتیجہ ختم

پاکستان نے بارش سے متاثرہ میچ میں پہلے بیٹنگ کرتے ہوئے 15 اوورز میں 107 رنز بنائے اور ڈک ورتھ لوئس قانون کے تحت آسٹریلیا کو فتح کے لیے 119 رنز کا ہدف دیا گیا تھا۔

آسٹریلیا نے کپتان ایرون فنچ کی جارحانہ بیٹنگ کی بدولت اننگز کا بہترین انداز میں آغاز کیا تھا اور صرف 3.1 اوورز میں بغیر کسی نقصان کے 41 رنز بنا کر میچ پر گرفت مضبوط کرلی تھی لیکن اس مرحلے پر میچ میں بارش نے دوبارہ مداخلت کردی۔

مسلسل بارش کے سبب میچ دوبارہ شروع نہ ہو سکا اور امپائرز نے دونوں ٹیموں کے کپتانوں کی باہمی رضامندی سے میچ ختم کرنے کا فیصلہ کر لیا تھا۔

اسکواڈ

پاکستانی کرکٹ ٹیم میں بابر اعظم (کپتان) فخر زمان، حارث سہیل، افتخار احمد، آصف علی، عماد وسیم، محمد عامر، محمد عرفان، محمد رضوان (وکٹ کیپر)، شاداب خان، اور وہاب ریاض شامل ہیں۔

آسٹریلوی ٹیم میں ایرون فنچ (کپتان)، ڈیوڈ وارنر، اسٹیون اسمتھ، بین مکڈرمیت، ایشٹون ٹرنر، ایلکس کیری، ایشٹون اگار، پیٹ کمنز، میچل اسٹارک، کین رچرڈسن، ایڈم زیمپا شامل ہیں۔

کارٹون

کارٹون : 22 نومبر 2024
کارٹون : 21 نومبر 2024