• KHI: Maghrib 5:43pm Isha 7:02pm
  • LHR: Maghrib 5:01pm Isha 6:26pm
  • ISB: Maghrib 5:01pm Isha 6:28pm
  • KHI: Maghrib 5:43pm Isha 7:02pm
  • LHR: Maghrib 5:01pm Isha 6:26pm
  • ISB: Maghrib 5:01pm Isha 6:28pm

بابر اعظم کیلئے آسٹریلین باؤلر ہیزل وُڈ ڈراؤنا خواب بن گئے

شائع November 21, 2019 اپ ڈیٹ November 22, 2019
جوش ہیزل وُڈ نے ساتویں اننگز میں پانچویں مرتبہ بابر اعظم کو آؤٹ کیا— فوٹو: اے ایف پی
جوش ہیزل وُڈ نے ساتویں اننگز میں پانچویں مرتبہ بابر اعظم کو آؤٹ کیا— فوٹو: اے ایف پی

قومی ٹیم کے نوجوان بلے باز بابر اعظم کے لیے آسٹریلین فاسٹ باؤلر جوش ہیزل وُڈ ڈراؤنا خواب بن گئے اور نوجوان بلے باز کا آسٹریلین فاسٹ باؤلر کے ہاتھوں آؤٹ ہونے کا سلسلہ تھمنے کا نام نہیں لے رہا۔

برسبین میں پاکستان اور آسٹریلیا کے درمیان کھیلے جا رہے سیریز کے پہلے ٹیسٹ میچ کے دوران پاکستانی ٹیم کو بابر اعظم سے بہت توقعات وابستہ تھیں کیونکہ سیریز سے قبل انہوں نے ٹور میچوں میں اچھی فارم کا ثبوت دیا تھا۔

مزید پڑھیں: پہلا ٹیسٹ: پاکستانی ٹیم پہلی اننگز میں 240 رنز بنا کر آؤٹ

تاہم میچ میں جس وقت پاکستانی ٹیم انتہائی مشکل صورتحال سے دوچار تھی اور اسے بابر سے اچھی اننگز کی توقع تھی، نوجوان بلے باز چوتھی ہی گیند پر صرف ایک رن بنانے کے بعد غیر ضروری شاٹ کھیلتے ہوئے وکٹ دے بیٹھے۔

اس کے ساتھ ہی بابر کا ہیزل وُڈ کے خلاف خراب کارکردگی کا سلسلہ جاری رہا اور وہ ایک طریقے سے نوجوان بلے باز کے لیے ڈراؤنا خواب بن گئے ہیں۔

گزشتہ دورہ آسٹریلیا کے دوران بھی ہیزل وُڈ نے بابر کو 4 مرتبہ آؤٹ کیا تھا اور اس وکٹ کے ساتھ ہی وہ پانچویں مرتبہ انہیں آؤٹ کرنے میں کامیاب رہے۔

اب تک آسٹریلیا میں کھیلے گئے میچوں میں ہیزل وُڈ نے پاکستان کے ٹی 20 کپتان کو ٹیسٹ میچوں میں 36 گیندوں میں صرف 16 رنز دے کر 5 مرتبہ آؤٹ کیا جو ان کی پاکستانی بلے باز پر نفسیاتی برتری کا منہ بولتا ثبوت ہے۔

یہ بھی پڑھیں: محمد رضوان کا نوبال پر آؤٹ! نیا تنازع کھڑا ہو گیا

جوش ہیزل وُڈ نے بابر کی وکٹ لینے پر خوشی کا اظہار کرتے ہوئے کہا کہ ہم جانتے ہیں وہ ایک اسٹروک میکر ہیں، یہ ہماری خوش قسمتی ہے کہ جس گیند پر انہوں نے شاٹ کھیلا، اس پر گیند بلے کا باہری کنارہ لیتی ہوئی سلپ میں چلی گئی ورنہ اس گیند پر چوکا بھی ہو سکتا تھا۔

پاکستان اور آسٹریلیا کے درمیان ٹیسٹ سیریز کی ابھی مزید 3 اننگز باقی ہیں تاہم اب دیکھنا یہ ہے کہ بابر اعظم آسٹریلین فاسٹ باؤلر کے خلاف اس نفسیاتی دباؤ سے نکلنے میں کامیاب ہوتے ہیں یا پھر ہیزل وُڈ بدستور ان کے لیے ڈراؤنا خواب بنے رہیں گے۔

کارٹون

کارٹون : 22 نومبر 2024
کارٹون : 21 نومبر 2024