• KHI: Zuhr 12:23pm Asr 4:07pm
  • LHR: Zuhr 11:53am Asr 3:22pm
  • ISB: Zuhr 11:59am Asr 3:22pm
  • KHI: Zuhr 12:23pm Asr 4:07pm
  • LHR: Zuhr 11:53am Asr 3:22pm
  • ISB: Zuhr 11:59am Asr 3:22pm

شین واٹسن پی ایس ایل2020 کیلئے پاکستان آنے پر رضامند

شائع November 23, 2019 اپ ڈیٹ November 27, 2019
شین واٹسن پی ایس ایل 2019 میں سب سے زیادہ رنز بنانے والے بلے باز تھے— فائل فوٹو بشکریہ پی ایس ایل
شین واٹسن پی ایس ایل 2019 میں سب سے زیادہ رنز بنانے والے بلے باز تھے— فائل فوٹو بشکریہ پی ایس ایل

سابق مایہ ناز آسٹریلین آل راؤنڈر شین واٹسن نے پاکستان سپر لیگ(پی ایس ایل) کے اگلے سیزن شرکت کی حامی بھرتے ہوئے پلاٹینئم کیٹیگری میں رجسٹریشن کرا لی ہے جبکہ مچل میک کلینیگن اور نکولس پوران بھی پلاٹینم کیٹیگری میں شامل ہو گئے ہیں۔

پی ایس ایل کا اگلا ایڈیشن آئندہ سال فروری میں شروع ہو گا اور لیگ کے تمام میچز پاکستان میں کھیلے جائیں گے۔

مزید پڑھیں: پی ایس ایل2020: پلاٹینئم کیٹیگری میں شامل غیرملکی کھلاڑیوں کے ناموں کا اعلان

لیگ کے تمام میچز پاکستان میں ہونے کے سبب خدشہ ظاہر کیا جا رہا تھا کہ بڑی تعداد میں انٹرنیشنل کھلاڑی شاید ایونٹ میں آنے پر رضامند نہ ہوں لیکن پاکستان کرکٹ بورڈ اور فرنچائز کی کوششوں کے نتیجے میں نامور ٹی20 اسٹارز نے پی ایس ایس ایل میں شرکت کی حامی بھر لی ہے۔

ابتدائی طور پر پی سی بی کی جانب سے 28 عالمی شہرت یافتہ غیرملکی کھلاڑیوں کی فہرست کا اعلان کیا گیا تھا جنہوں نے لیگ کے اگلے ایڈیشن کے لیے پلاٹینئم کیٹیگری میں رجسٹریشن کرائی تھی اور اب مزید چنند کھلاڑی اس فہرست کا حصہ بن گئے ہیں۔

عالمی شہرت یافتہ سابق آسٹریلین آل راؤنڈر شین واٹسن نے پی ایس ایل 2020 میں شرکت کے لیے رجسٹریشن کرا لی ہے جبکہ نیوزی لینڈ کے آل راؤنڈر مچل میک کلینیگن اور ویسٹ انڈیز کے نکولس پوران بھی فہرست کا حصہ بن گئے ہیں۔

یہ بھی پڑھیں: پی ایس ایل: غیرملکیوں سمیت گولڈ کیٹیگری میں شامل 325 کھلاڑیوں کا اعلان

شین واٹسن نے اپنے خصوصی پیغام میں کہا ہے کہ پی ایس ایل 5 میں شرکت کی غرض سے پاکستان روانگی کا منتظر ہوں اور گزشتہ ایڈیشن کے دوران کراچی میں میچز کھیلنا ایک شاندار تجربہ تھا۔

سابق آسٹریلین کرکٹر نے کہا کہ گزشتہ ایڈیشن میں کوئٹہ گلیڈی ایٹرز کو ٹائٹل جتوانا میرے کیرئیر کا یادگار لمحہ رہے گا۔

واضح رہے کہ پاکستان سپر لیگ کے گزشتہ ایڈیشن میں شین واٹسن نے کوئٹہ گلیڈی ایٹرز کی نمائندگی کرتے ہوئے 12 میچوں میں 430 رنز اسکور کیے تھے اور ایونٹ میں سب سے زیادہ رنز بنانے والے بلے باز رہے تھے۔

شین واٹسن حال ہی میں آسٹریلین کرکٹرز ایسوسی ایشن کے صدر بنے ہیں اور اب تک پی ایس ایل کے تمام ایڈیشنز میں شرکت کرچکے ہیں۔

مزید پڑھیں: پی ایس ایل: 59غیرملکی کھلاڑیوں کی ڈائمنڈ کیٹیگری میں رجسٹریشن

اس کے علاوہ اسٹیون فن بھی ے لیگ کے لیے گولڈ کیٹیگری میں رجسٹریشن کرا لی ہے۔

اس سے قبل بھی 28غیرملکی کھلاڑی پی ایس ایل کی پلاٹینئم کیٹیگری کے لیے رجسٹریشن کرا چکے ہیں جن میں انگلینڈ کے معین علی، ہیری گرنی، ایلکس ہیلز، کرس جارڈن، لیام پلنکٹ، عادل رشید اور جیسن رائے کے ساتھ ساتھ نیپال کے سندیپ لیمی چین اور نیوزی لینڈ کے کولن منرو شامل ہیں۔

اس کے علاوہ جنوبی افریقہ کے ہاشم آملا، جین پال ڈومینی، کولن انگرام، رلی روسو، ڈیل اسٹین اور عمران طاہر کے ساتھ ساتھ سری لنکا کے اینجلو میتھیوز اور تھیسارا پریرا بھی پلاٹینم کیٹیگری کا حصہ ہیں۔

ویسٹ انڈیز کے کارلوس بریتھ ویٹ، ڈیوین براوو، ایون لوئس، سنیل نارائن اور کیرون پولارڈ کے ہمراہ افغانستان کے محمد نبی، مجیب الرحمٰن اور راشد خان بھی صف اول کی کیٹیگری میں شامل ہیں جبکہ آسٹریلیا کے ڈینیئل کرسچن، بین کٹنگ اور کرس لن بھی اسی کیٹیگری میں شامل ہیں۔

پی ایس ایل 2020 کے لیے رجسٹریشن ونڈو 21 نومبر کو بند ہو گئی ہے جبکہ لیگ کے لیے ری ٹینشن ونڈو(کھلاڑیوں کو ٹیم میں برقرار رکھنا) یکم دسمبر کو بند ہوجائے گی۔

پی ایس ایل 2020 کے لیے کھلاڑیوں کی ڈرافٹنگ 6دسمبر کو ہو گی۔

کارٹون

کارٹون : 4 دسمبر 2024
کارٹون : 3 دسمبر 2024