• KHI: Maghrib 5:43pm Isha 7:02pm
  • LHR: Maghrib 5:01pm Isha 6:26pm
  • ISB: Maghrib 5:01pm Isha 6:28pm
  • KHI: Maghrib 5:43pm Isha 7:02pm
  • LHR: Maghrib 5:01pm Isha 6:26pm
  • ISB: Maghrib 5:01pm Isha 6:28pm

امام نے ایڈیلیڈ ٹیسٹ کے لیے آسٹریلیا کو عباس کے خطرے سے خبردار کردیا

شائع November 27, 2019 اپ ڈیٹ November 28, 2019
محمد عباس کی آسٹریلیا کے خلاف دوسرے ٹیسٹ میچ میں شمولیت متوقع ہے— فائل فوٹو: اے ایف پی
محمد عباس کی آسٹریلیا کے خلاف دوسرے ٹیسٹ میچ میں شمولیت متوقع ہے— فائل فوٹو: اے ایف پی

قومی ٹیم کے نوجوان اوپننگ بلے باز امام الحق نے آسٹریلین ٹیم کو پاکستانی فاسٹ باؤلر محمد عباس کے خطرے سے آگاہ کرتے ہوئے کہا ہے کہ دوسرے ٹیسٹ میچ میں عباس کو پنک گیند سے کھیلنا آسٹریلین باؤلرز کے لیے بہت مشکل ہو گا۔

پاکستان نے برسبین میں کھیلے گئے سیریز کے پہلے ٹیسٹ میچ میں حیران کن طور پر محمد عباس کو بٹھا دیا تھا جس پر ٹیم مینجمنٹ کو شدید تنقید کا نشانہ بنایا گیا تھا۔

مزید پڑھیں: پہلے ٹیسٹ میچ سے عباس کو باہر بٹھانے پر آسٹریلین کرکٹرز حیران

اس میچ میں پاکستانی باؤلنگ بالکل بے ضرر رہی تھی اور آسٹریلیا نے پاکستان کے خلاف 580 رنز کا پہارڈ جیسا مجموعہ اسکور بورڈ پر سجا کر میچ میں انننگز اور 5 رنز سے کامیابی اپنے نام کی تھی۔

پہلے ٹیسٹ میں عباس کو نہ کھلائے جانے کے بعد ہونے والی تنقید کو دیکھتے ہوئے ایڈیلیڈ میں ہونے والے سیریز کے دوسرے اور ڈے اینڈ نائٹ ٹیسٹ میچ میں فاسٹ باؤلر کی شرکت یقینی ہے۔

نوجوان اوپنر امام الحق نے ایڈیلیڈ میں پریس کانفرنس سے خطاب کرتے ہوئے آسٹریلین ٹیم کو محمد عباس کے خطرے سے خبردار کرتے ہوئے کہا ہے کہ عباس گیند کو سوئنگ کرنے کی شاندار قابلیت رکھتے ہیں اور ان کے اسپیل کھیلنا آسٹریین ٹیم کے لیے انتہائی مشکل ثابت ہو گا۔

انہوں نے کہا کہ چاہے سفید گیند ہو یا لال، مجھے عباس کو کھیلنے میں ہمیشہ ہی مشکلات پیش آتی ہیں، ان کی گیند کو سمجھنا بہت مشکل ہوتا ہے کیونکہ خصوصاً نئی گیند سے جب وہ باؤلنگ کرتے ہیں تو گیند پچ پر پڑنے کے بعد بہت زیادہ سوئنگ ہوتی ہے لہٰذا میرا ماننا ہے کہ ڈے اینڈ نائٹ میچ میں انہیں کھیلنا بہت مشکل ہو گا۔

پہلے ٹیسٹ میچ میں قومی ٹیم کی بیٹنگ اور باؤلنگ کی ناکامی کے باوجود امام الحق کو امید ہے کہ گرین شرٹس بہترین انداز میں واپسی کرتے ہوئے عمدہ کھیل پیش کریں گے۔

یہ بھی پڑھیں: پاکستان کےخلاف کم رنز پر آؤٹ ہونے پر اسمتھ نے خود کو انوکھی سزا دیدی

ان کا کہنا تھا کہ ایڈیلیڈ کی وکٹ برسبین سے بہتر ہے کیونکہ یہ بلے بازوں اور اسپنرز کے لیے سازگار ہوتی ہے، ہمارے بلے باز پراعتماد ہیں، ہم نے پریکٹس میچوں میں اچھی کارکردگی دکھائی اور ہم بدترین صورتحال کے لیے بھی خود کو تیار کرنے کے لیے نیٹ میں بھرپور پریکٹس کرتے ہیں اور انشااللہ اس مرتبہ نتائج مختلف ہوں گے۔

تاہم امام الحق ابھی تک اگلے ٹیسٹ میں اپنی شمولیت کے حوالے سے غیر یقینی صورتحال سے دوچار ہیں اور انہوں نے کہا کہ مجھے ابھی تک نہیں پتہ کہ میں کھیلوں گا یا نہیں لیکن 15رکنی اسکواڈ کے کھلاڑی کی حیثیت سے ہمیں ذہنی طور پر تیار رہنا چاہیے، میں ہر وقت تیار ہوں اور نیٹ میں بہت محنت کر رہا ہوں۔

پاکستان اور آسٹریلیا کے درمیان سیریز کا دوسرا اور آخری ٹیسٹ میچ جمعہ سے ایڈیلیڈ میں کھیلا جائے گا جو ڈے اینڈ نائٹ ٹیسٹ میچ ہو گا۔

کارٹون

کارٹون : 22 نومبر 2024
کارٹون : 21 نومبر 2024