• KHI: Fajr 5:34am Sunrise 6:54am
  • LHR: Fajr 5:12am Sunrise 6:37am
  • ISB: Fajr 5:20am Sunrise 6:47am
  • KHI: Fajr 5:34am Sunrise 6:54am
  • LHR: Fajr 5:12am Sunrise 6:37am
  • ISB: Fajr 5:20am Sunrise 6:47am

پاکستانی ویزے کیلئے 89 ہزار سے زائد غیر ملکیوں کی درخواستیں موصول

شائع February 7, 2020 اپ ڈیٹ February 8, 2020
وفاقی حکومت نے گزشتہ برس 48 ممالک کو ویزا فری کرنے کا اعلان کیا تھا—فوٹو:شٹراسٹاک
وفاقی حکومت نے گزشتہ برس 48 ممالک کو ویزا فری کرنے کا اعلان کیا تھا—فوٹو:شٹراسٹاک

پاکستان کی جانب سے اپنی ویزا پالیسی میں نرمی کے بعد آن لائن ویزے کے حصول کے لیے دنیا بھر سے مختلف ممالک کے ہزاروں شہریوں نے کوششیں شروع کردی ہیں اور 79 ہزار سے زائد آن لائن ویزے جاری کردیے گئے۔

نیشنل ڈیٹا بیس اینڈ رجسٹریشن اتھارٹی (نادرا) کی جانب سے جاری اعلامیے کے مطابق غیر ملکی شہریوں کی جانب سے ویزے کے حصول کے لیے مجموعی طور پر 89 ہزار سے زائد درخواستیں موصول ہوئی ہیں جن میں 24 ہزار درخواستیں صرف سیاحتی ویزے کے لیے آئی ہیں۔

اعداد و شمار کے مطابق نادرا کو سیاحتی ویزے کے لیے 24 ہزار 878 درخواستیں موصول ہوئی ہیں۔

آن لائن ویزے کے حوالے سے اعلامیے میں کہا گیا ہے کہ نادرا کو آن لائن ویزا ایپلی کیشن سسٹم کے ذریعے گزشتہ 6 ماہ کے دوران 89 ہزار 788 درخواستیں موصول ہوئیں۔

مزید پڑھیں:پاکستان کی نئی پالیسی جاری، 48 ممالک کو ویزا فری کردیا

رپورٹ میں کہا گیا ہے کہ ان درخواستوں میں سے 79 ہزار620 غیر ملکیوں کو آن لائن ویزا فراہم کر دیا گیا جبکہ دیگر 2 ہزار 988 درخواستوں کی جانچ پڑتال کی جارہی ہے۔

نادرا کے مطابق غیر ملکیوں کی جانب سے ویزے کے حصول کے لیے کی گئیں 3 ہزار 966 درخواستیں مسترد بھی کی جاچکی ہیں۔

بیان میں کہا گیا ہے کہ غیر ملکیوں نے پاکستان میں سیاحت کے علاوہ کاروبار، مذہبی رسومات کی ادائیگی، مشنری، کوہ پیمائی، فیملی اور ثقافتی ویزوں کے لیے بھی درخواستیں دی ہیں۔

خیال رہے کہ پاکستان نے ویزا پالیسی میں تبدیلی کرتے ہوئے 175 ممالک کے شہریوں کے لیے ویزا پالیسی نرم کرنے اور آن لائن درخواستیں وصول کرنے کا اعلان کیا تھا۔

پاکستان نے نئی ویزا پالیسی کے تحت 50 ممالک کو پاکستان پہنچتے ہی ایئرپورٹ پر ویزا جاری کرنے کا فیصلہ کیا تھا، 96 ممالک کو کاروباری غرض سے ویزے کی فہرست میں شامل کیا گیا تھا۔

آئن لائن ویزے کی سہولت 175 ممالک کے شہریوں کو دی گئی ہے اور اس حوالے سے چین، ملائیشیا، ترکی، برطانیہ اور متحدہ عرب امارات کے لیے پائلٹ پروجیکٹ شروع کیا گیا تھا۔

یاد رہے کہ پاکستان تحریک انصاف (پی ٹی آئی) نے 2018 کے انتخابات کی مہم میں اپنے منشور میں سیاحت کو فروغ دینے کو بھی شامل کیا تھا اور حکومت میں آنے کے بعد ویزا پالیسی میں تبدیلی کا اعلان کیا تھا۔

یہ بھی پڑھیں:پاکستان کا 175 ممالک کو ای ویزا کی سہولت دینے کا اعلان

جنوری 2019 میں اس وقت کے وزیر اطلاعات فواد چوہدری نے کہا تھا کہ پاکستان سیاحوں کے لیے جنت ہے اور اسی کو دیکھتے ہوئے نئی ویزا پالیسی متعارف کروائی جائے گی، جس کے تحت 175 ممالک کو ای ویزا، 50 ممالک کے لیے ویزا آن آرائیول کی سہولت ہوگی۔

بعد ازاں 27 اپریل کو وزارت داخلہ نے نئی ویزا پالیسی جاری کرتے ہوئے کہا تھا کہ 48 ممالک کو ویزے میں نرمی کرتے ہوئے مخصوص وقت کے لیے ویزا فری کردیا گیا ہے۔

وزارت داخلہ کے اعلامیے میں کہا گیا تھا کہ ایران، ملائیشیا، روس، ترکی، چین، سری لنکا، آسٹریلیا، ڈنمارک، برازیل، جرمنی سمیت دیگر ممالک کے لیے ویزا فری کیا گیا ہے، تاہم اس فہرست میں بھارت، امریکا، برطانیہ اور افغانستان شامل نہیں ہیں۔

وفاقی وزارت داخلہ کا کہنا تھا کہ نئی پالیسی کے تحت 48 ممالک میں سے 31 ممالک کے سفارت کاروں اور سرکاری پاسپورٹ رکھنے والوں جبکہ 5 ممالک کے شہری عام پاسپورٹ پر اس سہولت سے فائدہ اٹھا سکیں گے۔

کارٹون

کارٹون : 23 نومبر 2024
کارٹون : 22 نومبر 2024