• KHI: Fajr 5:34am Sunrise 6:54am
  • LHR: Fajr 5:12am Sunrise 6:37am
  • ISB: Fajr 5:20am Sunrise 6:47am
  • KHI: Fajr 5:34am Sunrise 6:54am
  • LHR: Fajr 5:12am Sunrise 6:37am
  • ISB: Fajr 5:20am Sunrise 6:47am

نوشہروفیروز: پی پی پی رکن صوبائی اسمبلی شہناز انصاری فائرنگ سے جاں بحق

شائع February 15, 2020
شہناز انصاری خواتین کی مخصوص نشست پر منتخب ہوئی تھیں—فائل فوٹو: فیس بک
شہناز انصاری خواتین کی مخصوص نشست پر منتخب ہوئی تھیں—فائل فوٹو: فیس بک

صوبہ سندھ کے ضلع نوشہرو فیروز میں فائرنگ کے نتیجے میں پاکستان پیپلزپارٹی (پی پی پی) کی رکن صوبائی اسمبلی شہناز انصاری جاں بحق ہوگئیں۔

ڈان نیوز ٹی وی نے رپورٹ کیا کہ رکن سندھ اسمبلی شہناز انصاری اپنے بہنوئی کے چہلم میں آئیں تھیں جہاں یہ فائرنگ کا واقعہ پیش آیا۔

واقعے کی تفصیلات سے متعلق یہ بات سامنے آئی کہ رکن سندھ اسمبلی پر فائرنگ کا واقعہ نوشہرہ فیروز کے گاؤں دریا خان مری میں پیش آیا، جہاں وہ اپنے بہنوئی زاہد کھوکھر کے چہلم میں گئیں تھیں کہ ان پر ان کے قریبی رشتے دار نے فائرنگ کردی۔

اس ضمن میں بتایا گیا کہ فائرنگ کا واقعہ مبینہ طور پر زمین کے تنازع پر پیش آیا اور شہناز انصاری کو 5 گولیاں لگیں۔

مزید پڑھیں: کراچی میں فائرنگ سے 2 پولیس اہلکار جاں بحق، وزیراعلیٰ نے نوٹس لے لیا

فائرنگ کے واقعے کے بعد شہناز انصاری کو ہسپتال منتقل کیا گیا تاہم وہ زخموں کی تاب نہ لاتے ہوئے چل بسیں۔

ادھر سینئر سپرنٹنڈنٹ پولیس (ایس ایس پی) نوشہروفیروز ڈاکٹر محمد فاروق اعوان نے مقامی صحافیوں سے گفتگو میں پیپلزپارٹی کی رکن صوبائی اسمبلی کی زمین کی تنازع پر قتل کی تصدیق کی۔

انہوں نے کہا کہ ملزمان کی گرفتاری کے لیے پولیس کی بڑی تعداد نے علاقے کو گھیرے میں لے لیا ہے۔

تاہم مقامی ذرائع نے بتایا کہ کھوکھر برادری سے تعلق رکھنے والے افراد اور مبینہ قاتل گاؤں سے فرار ہوگئے۔

یاد رہے کہ پاکستان پیپلزپارٹی سے تعلق رکھنے والی شہناز انصاری خواتین کی مخصوص نشست پر رکن سندھ اسمبلی تھیں۔

بلاول بھٹو زرداری کا اظہار افسوس

دوسری جانب پاکستان پیپلزپارٹی کے چیئرمین بلاول بھٹو زرداری نے شہناز انصاری کے قتل پر مذمت کا اظہار کیا۔

پیپلزپارٹی کی جانب سے جاری ایک بیان کے مطابق بلاول بھٹو زرداری کا کہنا تھا کہ شہناز انصاری ایک بہترین سیاسی کارکن اور پارٹی کا اثاثہ تھیں۔

بلاول بھٹو زرداری کا کہنا تھا کہ شہناز انصاری کے قتل کی خبر سن کر صدمے میں ہوئی، اس قتل کی فوری تحقیقات کی جائیں اور شہناز انصاری کے قاتلوں کو فی الفور کیفر کردار تک پہنچایا جائے۔

چیئرمین پیپلزپارٹی کا کہنا تھا کہ وہ غم کی اس گھڑی میں شہناز انصاری کے اہل خانہ کے ساتھ ہیں۔

آئی جی سندھ کا نوٹس

ادھر انسپکٹر جنرل (آئی جی) سندھ نے واقعے پر افسوس کا اظہار کرتے ہوئے اس کی رپورٹ طلب کرلی۔

پولیس آفس سے جاری ایک بیان کے مطابق آئی جی سندھ سید کلیم امام نے مذکورہ واقعے پر ڈپٹی انسپکٹر جنرل (ڈی آئی جی) بینظیرآباد سے تفصیلات طلب کیں۔

سید کلیم امام نے ہدایت دی کہ واقعے میں ملوث ملزمان کے خلاف فوری طور پر کارروائی عمل میں لائی جائے اور واقعاتی اور عینی شواہد کی مدد سے تفتیش اور تحقیقات کے عمل کو نتیجہ خیز بنایا جائے۔

یہ بھی پڑھیں: کراچی: ڈیفنس میں فائرنگ سے نجی چینل کا اینکر پرسن قتل

آئی جی سندھ نے ہدایت دی کہ مقتولہ کے اہل خانہ کے تحفظ کو یقینی بنایا جائے جبکہ ملزمان کی گرفتاری کے لیے ناکہ بندی کو موثر بنایا جائے۔

سید کلیم امام کا کہنا تھا کہ زمین کے تنازع پر رکن سندھ اسمبلی کو اس وقت قتل کیا گیا جب وہ اپنے عزیز کے چہلم میں گئی تھیں، تاہم انہوں نے واضح کیا کہ قتل کیس میں ملوث ملزمان سے بعد از گرفتاری کوئی رعایت نہیں کی جائے گی۔

آئی جی سندھ کا کہنا تھا کہ مقتولہ کے دیور وقار کھوکھر کو جلد گرفتار کرلیا جائے گا، ساتھ ہی انہوں نے کہا کہ قتل کیس کی تفیش کے جملہ امور کو ایس ایس پی نوشہرو فیروز خود دیکھ رہے ہیں۔

علاوہ ازیں سندھ حکومت کے ترجمان و مشیر قانون مرتضیٰ وہاب نے پیپلزپارٹی کی رکن صوبائی اسمبلی کی قاتلانہ حملے میں موت پر اظہار افوس کیا۔

ایک بیان میں مرتضیٰ وہاب نے کہا کہ شہناز انصاری کے قاتلوں کو گرفتار کرکے قانون کے کٹہرے میں لایا جائے گا، ساتھ ہی انہوں نے بتایا کہ وزیراعلیٰ سندھ نے پولیس حکام سے واقعے کی رپورٹ فوری طلب کرلی ہے۔

کارٹون

کارٹون : 22 نومبر 2024
کارٹون : 21 نومبر 2024