• KHI: Maghrib 5:43pm Isha 7:03pm
  • LHR: Maghrib 4:59pm Isha 6:25pm
  • ISB: Maghrib 4:59pm Isha 6:28pm
  • KHI: Maghrib 5:43pm Isha 7:03pm
  • LHR: Maghrib 4:59pm Isha 6:25pm
  • ISB: Maghrib 4:59pm Isha 6:28pm

ڈیرن سیمی کو پاکستان کا اعلیٰ ترین سول ایوارڈ اور اعزازی شہریت دینے کا اعلان

شائع February 22, 2020 اپ ڈیٹ February 26, 2020
پاکستان سپر لیگ اور ملک میں کرکٹ کی وپسی کے لیے ڈیرن سیمی کی خدمات کے اعتراف میں ڈیرن سیمی کو شہریت دی جائے گی— فوٹو بشکریہ پی سی بی
پاکستان سپر لیگ اور ملک میں کرکٹ کی وپسی کے لیے ڈیرن سیمی کی خدمات کے اعتراف میں ڈیرن سیمی کو شہریت دی جائے گی— فوٹو بشکریہ پی سی بی

پاکستان کرکٹ بورڈ (پی سی بی) نے اعلان کیا ہے کہ پشاور زلمی کے ویسٹ انڈین کپتان ڈیرن سیمی کو رواں سال 23مارچ کو پاکستان کی اعزازی شہریت دی جائے گی۔

ڈیرن سیمی کو پاکستان سپر لیگ خصوصاً پاکستان میں انٹرنیشنل کرکٹ کی واپسی کے لیے خدمات پر یہ اعزاز دیا جائے گا۔

پشاور زلمی کے کپتان ڈیرن سیمی پاکستان سپر لیگ میں شرکت کرنے والے غیرملکی کھلاڑیوں کے مقابلے میں پاکستان میں سب سے زیادہ مقبول ہیں۔

مزید پڑھیں: ڈیرن سیمی پی ایس ایل کے اسٹار

جب 2017 میں پاکستان سپر لیگ کی پہلی مرتبہ پاکستان آمد ہوئی تھی تو لاہور میں کھیلے گئے فائنل میچ کے لیے پشاور زلمی کے کپتان ڈیرن سیمی نے سب سے پہلے میچ کے لیے ٹیم پاکستان لانے کا اعلان کیا تھا۔

ان کے اس اقدام کو بہت سراہا گیا تھا اور اس کے بعد سے وہ پاکستان میں سب سے زیادہ مقبول ہیں۔

گزشتہ دنوں پاکستان سپر لیگ کے پانچویں ایڈیشن کی افتتاحی تقریب کے موقع پر چیئرمین پی سی بی احسان مانی نے کہا تھا کہ سیمی کو پاکستان کی اعزازی شہریت دینے کی سمری صدر مملکت عارف علوی کے پاس ہے۔

آج پاکستان کرکٹ بورڈ نے اعلان کیا ہے کہ رواں سال 23مارچ کو یوم پاکستان کے موقع پر منعقد ہونے والی تقریب پر سابق ویسٹ انڈین کپتان ڈیرن سیمی کو پاکستان کی اعزازی شہریت دی جائے گی۔

پاکستان کرکٹ بورڈ نے مزید کہا کہ عارف علوی پشاور زلمی کے کپتان ڈیرن سیمی کو پاکستان کے سب سے بڑے شہری اعزاز اور پاکستان کی شہریت سے نوازیں گے۔

پشاور زلمی کے مالک جاوید آفریدی نے ڈیرن سیمی کو پاکستان کی اعزازی شہریت اور اعلیٰ ترین سول ایوارڈ دینے کے فیصلے کو زلمی کے لیے اعزاز قرار دیا۔

انہوں نے کہا کہ ڈیرن سیمی کو پاکستان کا اعلیٰ ترین سول ایوارڈ دینے کا فیصلہ صدر مملکت کا حقیقت میں کرکٹ اور پاکستان سے محبت کرنے والوں کے جذبات و احساسات کی عکاس ہے، بلاشبہ اس مرد میدان کی خدمات پاکستان میں کرکٹ کی واپسی کے لیے ناقابل فراموش ہیں۔

انہوں نے مزید کہا کہ پاکستان کرکٹ کی تاریخ میں یہ اعزاز پشاور زلمی کے حصے میں آیا کہ اس کے کپتان ڈیرن سیمی کو حکومت پاکستان کی جانب سے اعلیٰ ترین سول ایوارڈ سے نوازا گیا، ہم اللہ تعالیٰ کی بارگاہ میں سجدہ شکر کے ساتھ ساتھ اپنے چاہنے والوں اور حکومت پاکستان کے اس عزت کے لیے شکر گزار ہیں.

یاد رہے کہ ڈیرن سیمی کی زیر قیادت ویسٹ انڈیز کی ٹیم دو مرتبہ ورلڈ ٹی20 کی چیمپیئن بھی بن چکی ہے۔

کارٹون

کارٹون : 4 دسمبر 2024
کارٹون : 3 دسمبر 2024