وہاب ریاض اور جیسن روئے کی تکرار، ویوین رچرڈز کو معاملہ رفع دفع کرانا پڑا
پاکستان سپر لیگ (پی ایس ایل) میں پشاور زلمی اور کوئٹہ گلیڈی ایٹرز کے درمیان میچ میں وہاب ریاض اور جیسن روئے کے درمیان تکرار ہوئی جس پر سر ویوین رچرڈز کو معاملہ رفع دفع کرانا پڑا۔
کراچی کے نیشنل اسٹیڈیم میں کھیلے گئے پاکستان سپر لیگ کے چوتھے میچ میں پشاور زلمی کے فاسٹ باؤلر وہاب ریاض اور کوئٹہ گلیڈی ایٹرز کے جیسن روئے کے درمیان تکرار ہوئی۔
میچ کے دوران دونوں کھلاڑیوں کے درمیان کسی بات پر لفظی تکرار ہوئی جو اننگز کے اختتام پر شدت اختیار کر گئی۔
جیسن روئے کو وکٹ پر سیٹ ہونے کے باوجود باؤنڈریز مارنے میں مشکلات کا سامنا تھا اور اس دوران وہاب ریاض کی گیند پر بڑا شاٹ کھیلنے میں ناکامی پر وہ وہاب ریاض سے الجھ پڑے اور اس دوران وہاب ریاض نے روئے کی جانب فلائنگ کس کا اشارہ کیا۔
مزید پڑھیں: کیا کراچی کنگز نے آئی سی سی کے قوانین کی خلاف ورزی کی؟
اننگز کے اختتام پر دونوں کھلاڑیوں میں پھر تکرار ہوئی جس پر سرفراز احمد اپنے بیٹسمین کی حمایت میں وہاب کی طرف دوڑے اور صورتحال کو دیکھ کر کوئٹہ گلیڈی ایٹرز کے مینٹور سر ویو رچرڈز نے بیچ بچاؤ کراتے ہوئے سرفراز احمد کو روکا۔
اس موقع پر پشاور زلمی کے کپتان ڈیرن سیمی آگے بڑھے اور معاملہ رفع دفع کراتے ہوئے وہاب ریاض کو اپنے ساتھ لے گئے۔
یاد رہے کہ کامران اکمل کی سنچری کی بدولت پشاور زلمی نے کوئٹہ گلیڈی ایٹرز کو میچ میں 6 وکٹوں سے شکست دی۔