• KHI: Zuhr 12:23pm Asr 4:07pm
  • LHR: Zuhr 11:53am Asr 3:22pm
  • ISB: Zuhr 11:59am Asr 3:22pm
  • KHI: Zuhr 12:23pm Asr 4:07pm
  • LHR: Zuhr 11:53am Asr 3:22pm
  • ISB: Zuhr 11:59am Asr 3:22pm

کوئٹہ نے سنسنی خیز مقابلے کے بعد اسلام آباد کو 5 وکٹوں سے ہرا دیا

شائع February 27, 2020
شاندار پرفارمنس پر بین کٹنگ کو میچ کا بہترین کھلاڑی قرار دیا گیا — فوٹو: اے پی
شاندار پرفارمنس پر بین کٹنگ کو میچ کا بہترین کھلاڑی قرار دیا گیا — فوٹو: اے پی
جیسن روئے نے نصف سنچری اسکور کی — فوٹو: اے ایف پی
جیسن روئے نے نصف سنچری اسکور کی — فوٹو: اے ایف پی
لیوک رونکی کو نسیم شاہ نے باؤلڈ آؤٹ کیا — فوٹو: پی ایس ایل ٹوئٹر
لیوک رونکی کو نسیم شاہ نے باؤلڈ آؤٹ کیا — فوٹو: پی ایس ایل ٹوئٹر

پاکستان سپر لیگ میں کوئٹہ گلیڈی ایٹرز نے سنسنی خیز مقابلے کے بعد اسلام آباد یونائیٹڈ کو 5 وکٹوں سے شکست دے دی۔

کوئٹہ گلیڈٰ ایٹرز نے اننگز کا آغاز کیا تو اوپنرز جیسن روئے اور شین واٹسن نے ٹیم کو 41 رنز کا آغاز فراہم کیا، واٹسن 8رنز بنانے کے بعد پویلین لوٹ گئے۔

جیسن روئے نے دوسرا اینڈ سنبھالے رکھا لیکن احمد شہزاد نے دو چھکے مارنے کے بعد تیسرے چھکے کی کوشش میں انہی کی گیند پر اسٹمپ ہو گئے۔

گزشتہ میچ کے مین آف دی میچ اعظم خان اس مرتبہ ناکامی سے دوچار ہوئے اور احمد صفی عبداللہ کی گیند پر وکٹیں محفوظ نہ رکھ سکے۔

جیسن روئے نے نصف سنچری اسکور کی لیکن اس کے بعد فوراً بعد وہ چھکا مارنے کی کوشش میں باؤنڈری پر کیچ ہو گئے۔

کپتان سرفراز احمد کی اننگز کا بھی 133 رنز کے مجموعے پر خاتمہ ہوگیا اور وہ 33 رنز بنا کر پویلین لوٹ گئے۔

اس کے بعد تجربہ کار بین کٹنگ نے موقع کی مناسبت سے جارحانہ بلے بازی کی اور آخری اوور کی چوتھی گیند پر کوئٹہ کی کشتی پار لگادی۔

وہ محض 17 گیندوں میں 42 رنز کی شاندار اننگز کھیل کر جبکہ محمد نواز 25 رنز بنا کر ناٹ آؤٹ رہے۔

یوں کوئٹہ نے 188 رنز کا ہدف آخری اوور میں 5 وکٹوں کے نقصان پر پورا کر لیا۔

اسلام آباد کے فہیم اشرف اور احمد سفی عبداللہ کے حصے میں 2، 2 وکٹیں آئیں جبکہ شاداب خان نے ایک کھلاڑی کو آؤٹ کیا۔

شاندار پرفارمنس پر بین کٹنگ کو میچ کا بہترین کھلاڑی قرار دیا گیا۔

قبل ازیں اسلام آباد یونائیٹڈ نے کوئٹہ گلیڈی ایٹرز کی دعوت پر بیٹنگ کا آغاز کیا تو پہلی دو گیندوں پر لیوک رونکی نے چوکا اور چھکا لگا کر خطرناک عزائم ظاہر کیے لیکن اگلے اوور میں نسیم شاہ نے ان کی وکٹیں بکھیر دیں۔

ڈیوڈ ملان نے 10رنز ہی بنائے تھے کہ نسیم شاہ نے ان کو بھی باؤلڈ کر کے پویلین واپسی پر مجبور کردیا۔

کولن منرو ایک مرتبہ پھر خطرناک فارم میں نظر آئے لیکن محمد حسنین کو چھکا مارنے کے بعد دوبارہ اسی کوشش میں وہ باؤنڈری پر کیچ ہو گئے، انہوں نے 3 چھکوں اور دو چوکوں کی مدد سے 31 رنز بنائے۔

تین وکٹیں گرنے کے بعد کولن انگرام اور کپتان شاداب خان نے ٹیم کے اسکور کو آگے بڑھایا اور کوئٹہ کو بڑا ہدف دینے میں اہم کردار ادا کیا۔

دونوں کھلاڑیوں نے 76 رنز کی عمدہ شراکت قائم کی جس کے بعد شاداب خان 39 رنز بنا کر 132 کے مجموعے پر کیچ آؤٹ ہوگئے۔

دوسری جانب کولن انگرام نے اپنی جارحانہ بیٹنگ جاری رکھی اور وقفے وقفے سے وکٹیں گرنے کے باوجود مقررہ اوورز میں ٹیم کا مجموعہ 187 رنز تک پہنچانے میں اہم کردار ادا کیا۔

اسلام آباد نے یہ مجموعہ 7 وکٹوں کے نقصان پر بنایا اور اس کے دیگر آؤٹ ہونے والے کھلاڑیوں میں آصف علی، عماد بٹ اور فہیم اشرف شامل تھے جنہوں نے بالترتیب 15، 6 اور 4 رنز بنائے۔

انگرام نے 6 چوکوں اور 2 چھکوں کی مدد سے 63 رنز ناٹ آؤٹ کی شاندار اننگز کھیلی۔

کوئٹہ کی جانب سے نسیم شاہ اور ٹائمل ملز نے 2، 2 جبکہ محمد حسنین اور بین کٹنگ نے ایک، ایک وکٹ حاصل کی۔

اس سے قبل راولپنڈی کرکٹ اسٹیڈیم میں کھیلے گئے پاکستان سپر لیگ کے دوسرے مرحلے کے میچ میں کوئٹہ گلیڈی ایٹرز کے کپتان سرفراز احمد نے ٹاس کا سکہ اپنے حق میں پلٹتے دیکھ کر پہلے باؤلنگ کا فیصلہ کیا۔

سرفراز احمد نے کہا کہ وکٹ پر تھوڑا گھاس ہے اور ہمارے پاس اچھے باؤلرز بھی ہیں لہٰذا ہم ان سے فائدہ اٹھانے کی پوری کوشش کریں گے۔

اسلام آباد یونائیٹڈ کے کپتان شاداب خان نے کہا کہ یہ ایک تازہ وکٹ ہے جس پر زیادہ سے زیادہ رنز کرنے کی کوشش کریں گے۔

کوئٹہ گلیڈی ایٹرز نے اپنی ٹیم میں ایک تبدیلی کرتے ہوئے انور علی کی جگہ بین کٹنگ کو فائنل الیون کا حصہ بنایا ہے جبکہ اسلام آباد یونائیٹڈ نے بھی ایک تبدیلی کرتے ہوئے رومان رئیس کو ٹیم میں شامل کیا ہے۔

میچ کے لیے دونوں ٹیمیں ان کھلاڑیوں پر مشتمل تھیں۔

اسلام آباد یونائیٹڈ: شاداب خان(کپتان)، لیوک رونکی، کولن منرو، کولن انگرام، ڈیوڈ ملان، آصف علی، فہیم اشرف، عماد بٹ، رومان رئیس، محمد موسیٰ اور احمد صفی عبداللہ

کوئٹہ گلیڈی ایٹرز: سرفراز احمد(کپتان)، جیسن روئے، احمد شہزاد، شین واٹسن، اعظم خان، محمد نواز، ٹائمل ملز، بین کٹنگ، محمد حسنین، سہیل خان اور نسیم شاہ

تبصرے (1) بند ہیں

anwer hussain Feb 28, 2020 10:24am
good Quetta team.

کارٹون

کارٹون : 4 دسمبر 2024
کارٹون : 3 دسمبر 2024