بسمہ معروف انجری کے باعث آئی سی سی ویمنز ٹی ٹوئنٹی ورلڈ کپ سے باہر
قومی خواتین کرکٹ ٹیم کی کپتان بسمہ معروف انجری کے باعث آئی سی سی ویمنز ٹی ٹوئنٹی ورلڈ کپ 2020 سے باہر ہوگئیں۔
ایونٹ کے دوران انگلینڈ کے خلاف میچ میں بسمہ معروف کے دائیں انگوٹھے میں فریکچر ہوگیا تھا۔
پی سی بی نے بسمہ معروف کی جگہ ناہیدہ خان کا نام بطور متبادل کھلاڑی تجویز کیا ہے، ان کے نام کی منظوری ایونٹ ٹیکنکل کمیٹی دے گی۔
بسمہ معروف کی عدم موجودگی میں جویریہ خان ایونٹ میں قومی خواتین کرکٹ ٹیم کی قیادت کریں گی۔
بسمہ معروف ہفتہ کو پاکستان ویمنز اسکواڈ کے ہمراہ سڈنی روانہ ہوں گی جہاں کرکٹ آسٹریلیا کے آرتھوپیڈک سرجن ان کی سرجری کریں گے۔
واضح رہے کہ پاکستان اور انگلینڈ کے درمیان میچ جمعہ کو کینبرا میں کھیلا گیا جس میں انگلینڈ نے 42 رنز سے کامیابی حاصل کی تھی۔
انگلینڈ کے خلاف میچ میں بسمہ معروف نے 4 رنز اسکور کیے تھے، پاکستان خواتین کرکٹ ٹیم 159 رنز کے تعاقب میں 116 رنز پر آؤٹ ہوگئی تھی۔
ایونٹ میں پاکستان کی ٹیم اپنا اگلا میچ اتوار کو جنوبی افریقہ کے خلاف سڈنی میں کھیلے گی۔
ایونٹ کے سیمی فائنل میں رسائی کے لیے پاکستان کو جنوبی افریقہ اور پھر 3 مارچ کو تھائی لینڈ کے خلاف میچ میں ہر صورت کامیابی حاصل کرنا ہوگی۔