• KHI: Zuhr 12:18pm Asr 4:07pm
  • LHR: Zuhr 11:49am Asr 3:24pm
  • ISB: Zuhr 11:54am Asr 3:24pm
  • KHI: Zuhr 12:18pm Asr 4:07pm
  • LHR: Zuhr 11:49am Asr 3:24pm
  • ISB: Zuhr 11:54am Asr 3:24pm

ویمن ورلڈ کپ میں پاکستان کو جنوبی افریقہ کے ہاتھوں شکست

شائع March 1, 2020
ولوارڈ نے نے صرف 36 گیندوں پر 53رنز کی ناقابل شکست اننگز کھیلی— فوٹو: اے ایف پی
ولوارڈ نے نے صرف 36 گیندوں پر 53رنز کی ناقابل شکست اننگز کھیلی— فوٹو: اے ایف پی

جنوبی افریقہ نے ویمن ٹی20 ورلڈ کپ کے اہم میچ میں لورا ولوارڈ کی جارحانہ نصف سنچری کی بدولت پاکستان کو 17رنز سے شکست دے کر سیمی فائنل میں جگہ بنا لی۔

آسٹریلیا میں جاری ویمن ورلڈ کپ میں سڈنی میں کھیلے گئے میچ میں جنوبی افریقہ نے ٹاس جیت کر پہلے بیٹنگ کا فیصلہ کیا۔

ڈیانا بیگ کی عمدہ باؤلنگ کی بدولت پاکستان نے ابتدا میں ہی دو کامیابیاں حاصل کرلیں اور جنوبی افریقی ٹیم 17رنز پر دونوں اوپنرز گنوا بیٹھی تھی۔

اس مرحلے پر میریزین کاپ اور مگنون دو پریز نے بیٹنگ لائن کو سنبھالا دیتے ہوئے تیسری وکٹ کے لیے 37رنز کی شراکت قائم کر کے اسکور کw 54تک پہنچا دیا۔

اس سے قبل کہ یہ شراکت خطرناک ثابت ہوتی، ندا ڈار نے پریز کی وکٹیں بکھیر دیں جبکہ 64 کے مجموعی اسکور پر کاپ 31رنز بنا کر واپس لوٹیں تو جنوبی افریقی ٹیم 4وکٹیں گنوا چکی تھی۔

تین وکٹیں گرنے کے بعد جنوبی افریقہ کا رن ریٹ انتہائی کم تھا لیکن ولوارڈ کی جارحانہ بیٹنگ نے میچ کا نقشہ ہی بدل دیا اور جنوبی افریقہ کی ٹیم ایک اچھا مجموعی اسکور بورڈ پر سجانے میں کامیاب رہی۔

مزید پڑھیں: ٹی20 ورلڈ کپ میں پاکستانی ویمن ٹیم کا فاتحانہ انداز میں آغاز

انہوں نے صرف 36 گیندوں پر 53رنز کی ناقابل شکست اننگز کھیلی جس میں 6 چوکے شامل تھے اسی کی بدولت جنوبی افریقہ کی ٹیم مقررہ اوورز میں 6وکٹوں کے نقصان پر 136رنز بنانے میں کامیاب رہی۔

پاکستان کی جانب سے ڈیانا بیگ 2 وکٹیں لے کر سب سے کامیاب باؤلر رہیں جبکہ انعم امین، ندا ڈار، ایمن انور اور عروبہ شاہ نے ایک، ایک وکٹ لی۔

ایمن انور کے اوور انتہائی مہنگے ثابت ہوئے جنہوں نے 4 اوورز میں 43 رنز دیے اور یہی رنز، میچ میں اصل فرق ثابت ہوئے۔

پاکستان کی اوپنرز نے ٹیم کو 18رنز کا آغاز فراہم کیا لیکن اس کے بعد یکے بعد دیگرے 3 وکٹیں گرنے کے سبب قومی ٹیم 26رنز پر تین کھلاڑیوں کی خدمات سے محروم ہو چکی تھی۔

اس موقع پر کپتان جویریہ خان کا ساتھ دینے عالیہ ریاض آئیں اور دونوں نے 29رنز کی شراکت قائم کرتے ہوئے اسکور کو 55تک پہنچا دیا، جویریہ 31رنز بنانے کے بعد رن آؤٹ ہوئیں۔

اس دوران درکار رن ریٹ تیزی سے چڑھتا گیا اور پاکستانی ویمن ٹیم نے حالات کی نزاکت کو نہ سمجھتے ہوئے کسی بھی موقع پر جارحانہ بیٹنگ کی کوشش نہ کی جس کے نتیجے میں وہ مقررہ اوورز میں 5وکٹیں گنوانے کے باوجود صرف 119رنز ہی بنا سکیں، عالیہ ریاض 39رنز بنا کر ناقابل شکست رہیں۔

یہ بھی پڑھیں: ویمن ٹی20 ورلڈ کپ میں انگلینڈ نے پاکستان کو شکست دے دی

جنوبی افریقہ نے میچ میں 17رنز سے کامیابی حاصل کر کے ویمن ٹی20 ورلڈ کپ کے سیمی فائنل میں جگہ بنالی ہے جبکہ اس شکست کے بعد پاکستان کی سیمی فائنل تک رسائی کے امکانات کم ہوگئے ہیں۔

لورا ولوارڈ کو شاندار نصف سنچری پر میچ کی بہترین کھلاڑی قرار دیا گیا۔

کارٹون

کارٹون : 23 نومبر 2024
کارٹون : 22 نومبر 2024