• KHI: Zuhr 12:19pm Asr 4:07pm
  • LHR: Zuhr 11:50am Asr 3:23pm
  • ISB: Zuhr 11:55am Asr 3:23pm
  • KHI: Zuhr 12:19pm Asr 4:07pm
  • LHR: Zuhr 11:50am Asr 3:23pm
  • ISB: Zuhr 11:55am Asr 3:23pm

اسپیکر کا اپوزیشن سے رابطہ، کورونا وائرس سے متعلق پارلیمانی کمیٹی کی تشکیل پر اتفاق

شائع March 20, 2020 اپ ڈیٹ March 21, 2020
اسد قیصر نے خواجہ آصف اور اسد محمود سے بھی تبادلہ خیال کیا—فائل/فوٹو: گورنمنٹ آف پاکستان ٹوئٹر
اسد قیصر نے خواجہ آصف اور اسد محمود سے بھی تبادلہ خیال کیا—فائل/فوٹو: گورنمنٹ آف پاکستان ٹوئٹر

قومی اسمبلی کے اسپیکر اسد قیصر نے کورونا وائرس کے حوالے سے پارلیمانی کمیٹی کی تشکیل کے لیے چیئرمین پاکستان پیپلز پارٹی (پی پی پی) بلاول بھٹو، پاکستان مسلم لیگ (ن) اور جمعیت علمائے اسلام (ف) کے رہنماؤں سے تبادلہ خیال کیا۔

اسپیکر کی جانب سے جاری بیان کے مطابق کورونا وائرس کے چیلنج سے نمٹنے کے لیے مشترکہ حکمت عملی بنانے کے لیے اپوزیشن رہنماؤں سے ٹیلی فون پر رابطے کیے اور اپوزیشن نے مکمل تعاون کا یقین دلایا۔

مزید پڑھیں:بلاول بھٹو نے کورونا وائرس سے نمٹنے کیلئے وفاق سے مدد مانگ لی

اسد قیصر نے پی پی پی چیئرمین بلاول بھٹو زرداری، جمعیت علمائے اسلام (ف) کے رہنما مولانا اسعد محمود، پاکستان مسلم لیگ (ن) کے رہنما خواجہ آصف اور رانا تنویر حسین سے بات کی اور 'کورونا وائرس سے نمٹنے کے لیے حکومتی کوششوں کی نگرانی کے لیے پارلیمانی کمیٹی کی تشکیل کے حوالے سے تبادلہ خیال کیا'۔

بیان کے مطابق 'بلاول بھٹو سے گفتگو کے دوران اسپیکر نے کہا کہ اس وبا سے ہم مل کر لڑیں اور پوری قوم کو ایک پیغام دیں کہ ملک کی سیاسی قیادت اور قوم مشکل وقت میں متحد ہے'۔

بلاول بھٹو زرداری نے اسپیکر سے اتفاق کرتے ہوئے کہا کہ 'وبا اور اس کے اثرات سے مل کر قوم کی حیثیت سے لڑنے کی ضرورت ہے، انہوں نے اپنی اور اپنی جماعت کی جانب سے قومی مقصد کے لیے حمایت کا اعادہ کیا'۔

مسلم لیگ (ن) کے رہنماؤں سے گفتگو میں اسد قیصر نے کہا کہ 'کورونا وائرس جہاں لوگوں کی صحت پر اثر انداز ہو رہا ہے وہی ملک کی معیشت پر بھی منفی اثر ڈالے گا'۔

ان کا کہنا تھا کہ 'ملک کو آنے والے دنوں میں کئی چیلنجز کا سامنا کرنا پڑسکتا ہے جس پر انہوں نے چیلنج سے نمٹنے کے لیے اتحاد پر اتفاق کیا اور پارٹی قیادت سے مشاورت کے بعد نمائندگی کے لیے نام دینے کا یقین دلایا'۔

یہ بھی پڑھیں:کورونا وائرس: سندھ، پنجاب اور بلوچستان میں مزید کیسز سے ملک میں 495 افراد متاثر

بیان کے مطابق اسپیکر اسد قیصر کو پوری سیاسی قیادت کو کورونا کے خلاف متحرک کرنے کی ذمہ داری سونپ دی گئی تھی اور اسی سلسلے میں گزشتہ روز وزیراعظم عمران خان سے ایک ملاقات بھی کی تھی جہاں دونوں رہنماؤں نے کورونا وائرس سے بچنے اور حکومتی اقدامات کی نگرانی کے لیے پارلیمانی کمیٹی بنانے پر اتفاق کیا تھا۔

حکومت نے جانب سے کمیٹی سے متعلق تجویز دی گئی تھی کہ 'کمیٹی کورونا وائرس کے حوالے سے حکومتی اقدامات کا جائزہ لے گی'۔

پارلیمانی کمیٹی کا باقاعدہ نوٹی فکیشن سیاسی جماعتوں کی جانب سے اراکین کے لیے نام موصول ہونے کے بعد قومی اسمبلی سیکریٹریٹ سے جلد ہی جاری ہوگا۔

خیال رہے کہ چیئرمین پی پی پی بلاول بھٹو نے گزشتہ روز کراچی میں پریس کانفرنس میں وفاقی حکومت کو کورونا وائرس کے خلاف متحد ہونے کی تجویز دیتے ہوئے کہا تھا کہ ’وفاق اور صوبوں کے درمیان تعاون بہت زیادہ ضروری ہے، ہم سیاست بعد میں کرلیں گے، یہ وقت الزامات لگانے کا نہیں ہے‘۔

بلاول بھٹو نے کہا کہ ’وفاقی حکومت کو اپنی حکمت عملی میں تبدیلی لانا ہوگی، ہم بحیثیت قوم اس مشکل وقت سے نکل سکتے ہیں‘۔

انہوں نے بتایا کہ ’سندھ حکومت نے کراچی ایکسپو سینٹر میں ایک بڑا فیلڈ ہسپتال بنانے کی تیاری شروع کردی ہے اور پاک فوج اور مخیر حضرات کے تعاون سے اس کام کا آغاز ہوا ہے‘.

انہوں نے کراچی سمیت پورے ملک کو لاک ڈاؤن کرنے کی بھی تجویز دی اور کہا تھا کہ ’عوام خود کو 15 روز کے لیے گھروں میں محدود رکھیں، ہمیں اپنے آپ کو لاک ڈاؤن کرنا ہوگا‘۔

کارٹون

کارٹون : 26 نومبر 2024
کارٹون : 25 نومبر 2024