• KHI: Fajr 5:42am Sunrise 7:03am
  • LHR: Fajr 5:21am Sunrise 6:47am
  • ISB: Fajr 5:29am Sunrise 6:58am
  • KHI: Fajr 5:42am Sunrise 7:03am
  • LHR: Fajr 5:21am Sunrise 6:47am
  • ISB: Fajr 5:29am Sunrise 6:58am

شاہد آفریدی کی تمام برانڈز کے ساتھ مفت کام کرنے کی مشروط پیشکش

شائع April 13, 2020 اپ ڈیٹ April 21, 2020
شاہد آفریدی نے برانڈز کے لیے کام کرنے کے بدلے ان سے راشن کی فراہمی کی درخواست کی— فائل فوٹو: اےایف پی
شاہد آفریدی نے برانڈز کے لیے کام کرنے کے بدلے ان سے راشن کی فراہمی کی درخواست کی— فائل فوٹو: اےایف پی

قومی ٹیم کے کپتان شاہد آفریدی نے تمام برانڈز کو مشروط پیش کرتے ہوئے کہا ہے کہ اگر انہیں راشن اور فنڈز دیے جائیں تو وہ تمام برانڈز کے ساتھ مفت کام کرنے کے لیے تیار ہیں۔

سماجی رابطوں کی ویب سائٹ ٹوئٹر پر اپنے پیغام میں شاہد آفریدی نے کہا کہ میں نے بڑے بڑے برانڈز کے ساتھ ان کی اشتہاری مہم کے لیے کام کیا ہے لیکن اب میں چاہتا ہوں کہ وہ کورونا وائرس سے متاثر ہونے والے افراد کی مدد کے لیے میری معاونت کریں۔

یہ بھی پڑھیں: کورونا وائرس: شاہد آفریدی فاؤنڈیشن کی مدد پر بھارتی شائقین یوراج اور ہربھجن پر برہم

انہوں نے کہا کہ یہ پیغام ان برانڈز کے لیے ہے جن کے ساتھ میں نے اپنے فائدے کے لیے کام کیا اور اس کے بدلے انہوں نے بھی مجھے مارکیٹنگ کے لیے استعمال کیا۔

قومی ٹیم کے سابق کپتان نے کہا کہ اب میں ان برانڈز سے درخواست کرتے ہوئے اپنا آپ انہیں پیش کر رہا ہوں۔

انہوں نے کہا کہ ہماری کورونا وائرس سے متاثرہ افراد کی مدد کے لیے خوراک کی فراہمی کی مہم چل رہی ہے اور کوشش ہے کہ اس کو مزید بڑے پیمانے پر انجام دیا جائے کیونکہ پاکستان بہت بڑا ملک ہے اور کافی لوگ کھانے پینے کی اشیا کے اب بھی منتظر ہیں۔

بوم بوم آفریدی نے تمام برانڈز کو کہا کہ مجھے آپ سے کچھ نہیں چاہیے اور میں آپ کو سوشل میڈیا اور ٹی وی سمیت ہر پلیٹ فارم پر تشہیر کے لیے دستیاب ہوں اور مجھے اس کے عوض پیسے نہیں چاہئیں۔

ان کا کہنا تھا کہ مجھے اس کے عوض آپ راشن تیار کر کے دیں تاکہ میں پاکستان کے ان لوگوں تک پہنچا سکوں۔

شاہد آفریدی کے اس پیغام کو عوام نے بہت سراہا ہے اور ان کی ہر ممکن مدد کرنے کا بھی اعلان کیا ہے۔

قومی ٹیم کے کرکٹرز حسن علی، وہاب ریاض، شعیب ملک، جویریہ خان سمیت دیگر نے بھی سابق کپتان کے اس اقدام پر انہیں خراج تحسین پیش کرتے ہوئے اپنی ہر ممکن مدد کی یقین دہانی کرائی ہے۔

یاد رہے کہ گزشتہ دنوں سابق بھارتی کرکٹرز یوراج سنگھ اور ہربھجن سنگھ نے بھی کورونا وائرس کے متاثرین کی مدد کرنے والی شاہد آفریدی فاؤنڈیشن کے لیے فنڈز دینے کا اعلان کیا تھا۔

کورونا وائرس کی وجہ سے ملک کے بھر میں لاک ڈاؤن کے سبب غریب و نادار طبقہ بری طرح متاثر ہوا ہے اور شاہد آفریدی فاؤنڈیشن کی جانب سے ملک کے کونے کونے میں ایسے غریب اور مستحق افراد میں راشن کی تقسیم کا سلسلہ جاری ہے۔

یہ بھی پڑھیں: بھارتی میڈیا کا پاکستان پر کورونا پھیلانے کا الزام بیوقوفانہ ہے، شاہد آفریدی

یاد رہے کہ دنیا بھر کی طرح پاکستان بھی کورونا وائرس سے بری طرح متاثر ہوا ہے اور ملک بھر میں تقریباً تین ہفتے سے جزوی اور مکمل لاک ڈاؤن ہے۔

پاکستان میں بھی ہر گزرتے دن کے ساتھ وائرس سے متاثرہ افراد کی تعداد بڑھتی جا رہی ہے اور اب تک کم از کم 95 افراد ہلاک اور ساڑھے 5 ہزار سے زائد متاثر ہو چکے ہیں۔

کارٹون

کارٹون : 4 دسمبر 2024
کارٹون : 3 دسمبر 2024