آئسولیشن، قرنطینہ مراکز کو اپ گریڈ کیا جارہا ہے، ناصر حسین شاہ
سندھ کے صوبائی وزیر بلدیات ناصر حسین شاہ نے کہا ہے کہ مختلف ہسپتالوں میں پی سی آر مشینیں فعال کی جارہی ہیں اور آئسولیشن مراکز کو بھی اپ گریڈ کیا جارہا ہے۔
اپنے ایک ویڈیو بیان میں ناصر حسین شاہ نے کہا کہ 'آج عباسی شہید ہسپتال کا دورہ کیا جہاں تنخواہوں کا مسئلہ تھا جو حل ہوگیا اور اسی ہفتے تنخواہیں ملنا شروع ہوجائیں گی'۔
ان کا کہنا تھا کہ 'دوسرا حفاظتی کٹس کا معاملہ تھا وہ بھی کچھ فراہم کردی گئی ہیں اور جس چیز کی ان کو ضرورت ہوگی وہ فراہم کردی جائے گی'۔
مزید پڑھیں:سندھ میں کیسز کی مجموعی تعداد 2537، اموات 56 تک پہنچ گئیں، مراد علی شاہ
صوبائی وزیر نے کہا کہ 'مقامی حکومت کے مختلف ہسپتالوں میں پی سی آر مشینیں ہیں، ان کو بھی فعال کیا جارہا ہے تاکہ وہاں بھی ٹیسٹ ہوسکیں'۔
انہوں نے کہا کہ 'مختلف جگہوں پر آئسولیشن مراکز بھی بنائے گئے ہیں، جیسے لوکل گورنمنٹ اور کے ایم سی زیر انتظام لانڈھی میں ہر طرح کی سہولت سے مزین ایک مرکز بنایا گیا ہے'۔
ناصر حسین شاہ کا کہنا تھا کہ 'اسی طرح دیگر جگہوں پر آئسولیشن سینٹر، قرنطینہ مراکز اور ہسپتالوں کو اپ گریڈ کیا جارہا ہے'۔
قبل ازیں صوبائی وزیر کی ہدایت پر سیکریٹری بلدیات روشن شیخ نے فیلڈ میں موجود عہدیداروں کو فرائض کی انجام دہی کے دوران تمام حفاظتی اقدامات اختیار کرنے کی ہدایت کردی۔
محکمہ بلدیات کی جانب سے جاری بیان کے مطابق سیکریٹری بلدیات نے مختلف علاقوں کا دورہ کیا اور صفائی ستھرائی کے ساتھ ساتھ کچرے کو ٹھکانے لگانے کے حوالے سے مجموعی صورت حال کا جائزہ لیا۔
انہوں نے کہا کہ 'ہم سب غیرمعمولی حالات میں صفائی کو برقرار رکھنے اور شہریوں کو شفاف ماحول فراہم کرنے کے لیے مل کر کام کررہے ہیں لیکن ہمیں خود کو اور دوسروں کو بھی کسی بداحتیاطی سے بچانا ہے'۔
یہ بھی پڑھیں:سندھ: کورونا وائرس متاثرین کیلئے 'صرف 144' وینٹی لیٹرز کی موجودگی کا انکشاف
سیکریٹری بلدیات نے کہا کہ 'حکومت سندھ شہریوں کی زندگی اور صفائی کے معاملے پر کوئی خطرہ مول نہیں لے سکتی اور اس حوالے وزیر بلدیات کی بھرپور توجہ عوام کو جلد از جلد اس بحران سے نکالنے پر مرکوز ہے'۔
خیال رہے کہ وزیراعلیٰ سندھ مراد علی شاہ نے وائرس سے متعلق یومیہ ویڈیو پیغام میں کہا تھا کہ 182 کیسز مثبت آنے کے بعد مجموعی تعداد 2 ہزار 537 ہوگئی۔
ان کا کہنا تھا کہ گزشتہ 24 گھنٹوں میں 8 ہلاکتیں ہوئی ہیں، جس کے بعد مجموعی تعداد 56 ہوگئی ہے۔
وزیرا علیٰ سندھ نے کہا کہ گزشتہ 24 گھنٹے کے دوران 1520 طبی ٹیسٹ ہوئے ہیں، اس طرح مجموعی ٹیسٹ کی تعداد 24 ہزار سے تجاوز کر چکی ہے۔
سید مراد علی شاہ نے بتایا کہ گزشتہ 24 گھنٹوں کے دوران مزید 33 مریض صحتیاب ہوچکے ہیں اس طرح ان کی مجموعی تعداد 600 سے زائد ہوگئی۔
انہوں نے بتایا کہ ہمارے آئسولیشن وارڈز میں ایک ہزار 857 افراد زیر علاج ہیں۔