• KHI: Zuhr 12:18pm Asr 4:07pm
  • LHR: Zuhr 11:49am Asr 3:24pm
  • ISB: Zuhr 11:54am Asr 3:24pm
  • KHI: Zuhr 12:18pm Asr 4:07pm
  • LHR: Zuhr 11:49am Asr 3:24pm
  • ISB: Zuhr 11:54am Asr 3:24pm

امریکا پاکستان کو وینٹی لیٹرز فراہم کرے گا، ٹرمپ

شائع April 24, 2020
امریکی صدر کا کہنا تھا کہ ان کی دنیا کے متعدد رہنماؤں سے گفتگو ہوئی جنہیں وینٹی لیٹرز کی اشد ضرورت ہے—فائل فوٹو: رائٹرز
امریکی صدر کا کہنا تھا کہ ان کی دنیا کے متعدد رہنماؤں سے گفتگو ہوئی جنہیں وینٹی لیٹرز کی اشد ضرورت ہے—فائل فوٹو: رائٹرز

واشنگٹن: امریکی صدر ڈونلڈ ٹرمپ نے کہا ہے کہ پاکستان نے ان سے کورونا وائرس کے مریضوں کے لیے وینٹی لیٹرز بھیجنے کی درخواست کی ہے جس پر وہ رضامند ہوگئے ہیں۔

عالمی وبا کے حوالے سے وائٹ ہاؤس میں بریفنگ دیتے ہوئے امریکی صدر کا کہنا تھا کہ ان کی دنیا کے متعدد رہنماؤں سے گفتگو ہوئی ’جنہیں وینٹی لیٹرز کی اشد ضرورت ہے‘ اور میں نے انہیں یقین دہانی کروائی کہ واشنگٹن ان کی ضرورت پوری کرنے میں مدد کرے گا۔

ڈونلڈ ٹرمپ نے کہا کہ ’پاکستان سے بات ہوئی وہ کچھ وینٹی لیٹرز حاصل کرنا چاہتے ہیں، ہم انہیں کچھ وینٹی لیٹرز دینے جارہے ہیں‘۔

یہ بھی پڑھیں: عمران خان، ڈونلڈ ٹرمپ کے درمیان ٹیلی فونک رابطہ، وائرس سے متعلق امور پر تبادلہ خیال

دوران گفتگو امریکی صدر کا کہنا تھا کہ ان کی جتنے رہنماؤں سے بات ہوئی انہوں نے ’مجھ سے ایک بات کی کہ آپ وینٹی لیٹرز کا مسئلہ حل کریں کیوں کہ یہ ایک بڑا مسئلہ ہے‘۔

خیال رہے کہ 2 ماہ قبل جب کورونا وائرس کی وبا پھیلی تو امریکا کے پاس بڑھتی ہوئی طلب کے حساب سے کافی وینٹی لیٹرز نہیں تھے۔

امریکا کی 50 ریاستوں میں زیادہ تر کے گورنروں نے غیر ملکی مینوفیکچررز سے سانس لینے میں مدد فراہم کرنے والی یہ مشین خریدنے میں ایک دوسرے کو پیچھے چھوڑنے کی کوشش کی۔

امریکی صدر نے بتایا کہ ’اب ہم لاکھوں وینٹی لیٹرز بنا رہے ہیں اور 500 میکسکو، مزید 500 فرانس کو بھیج رہے ہیں ساتھ ہی ہم کچھ اسپین اور کچھ وینٹی لیٹرز اٹلی کو بھیج رہے ہیں‘۔

مزید پڑھیں: پاکستان سمیت کئی ممالک کو وینٹی لیٹر کی قلت کا سامنا

ڈونلڈ ٹرمپ نے اس کے بعد ان ممالک میں پاکستان کا بھی نام لیا کہ جو وینٹی لیٹرز حاصل کریں گے لیکن یہ نہیں بتایا کہ کب اور کتنے وینٹی لیٹرز دیے جائیں گے۔

اس کے علاوہ انہوں نے یہ بھی وضاحت نہیں کی کہ کیا یہ پاکستان کے لیے وائرس پر قابو پانے کے لیے امریکی معاونت ہوگی یا اسلام آباد وینٹی لیٹرز واشنگٹن سے خریدے گا۔


یہ خبر 24 اپریل 2020 کو ڈان اخبار میں شائع ہوئی۔

کارٹون

کارٹون : 23 نومبر 2024
کارٹون : 22 نومبر 2024