• KHI: Zuhr 12:18pm Asr 4:07pm
  • LHR: Zuhr 11:49am Asr 3:24pm
  • ISB: Zuhr 11:54am Asr 3:24pm
  • KHI: Zuhr 12:18pm Asr 4:07pm
  • LHR: Zuhr 11:49am Asr 3:24pm
  • ISB: Zuhr 11:54am Asr 3:24pm

پاکستان میں کورونا سے مزید 43 اموات، متاثرین 32 ہزار 917 ہوگئے

شائع May 12, 2020 اپ ڈیٹ May 13, 2020
آزاد کشمیر میں پہلی موت کی تصدیق ہوئی—فائل فوٹو: رائٹرز
آزاد کشمیر میں پہلی موت کی تصدیق ہوئی—فائل فوٹو: رائٹرز

دنیا بھر کے 185 سے زیادہ ملکوں کو متاثر کرنے والے مہلک کورونا وائرس کا پاکستان میں پھیلاؤ بھی ہر گزرتے دن کے ساتھ تیز ہورہا ہے، جس کے باعث اب تک ملک میں اس وبا سے 32 ہزار 917 لوگ متاثر جبکہ 734 جان کی بازی ہارچکے ہیں۔

سرکاری سطح پر فراہم کردہ اعداد و شمار کے مطابق آج ابھی تک 1189 نئے کیسز کی تصدیق کی گئی۔

ملک میں 26 فروری 2020 کو پہلا کیس سامنے آنے کے بعد سے اب تک اس ڈھائی ماہ سے زائد کے عرصے میں کورونا وائرس کی وبا رواں ماہ یعنی مئی کے مہینے میں سب سے تیزی سے پھیلتی دکھائی دے رہی ہے۔

اگر فروری کے ابتدائی 4 دن کی بات کریں تو اس میں صرف پاکستان میں 4 کیسز تھے جو بعد ازاں مارچ کے مہینے کے آخر تک 2007 تک پہنچ گئے جبکہ 18 مارچ کو ملک میں پہلی موت کی تصدیق بھی ہوئی اور 31 مارچ تک یہ تعداد 26 تک رہی۔

اپریل کے مہینے کا آغاز ہوا تو کیسز میں آہستہ آہستہ اضافہ بڑھتا گیا اور اس ایک ماہ کے دوران یعنی 30 اپریل تک ملک میں کورونا کے کیسز کی تعداد ساڑھے 16 ہزار سے زائد ہوگئی جبکہ اسی عرصے میں اموات 26 سے بڑھ کر 385 ہوگئیں۔

تاہم مئی کا آغاز اس وائرس کے پھیلاؤ میں ایک نئی لہر کے ساتھ ہوا اور رواں ماہ کے ابتدائی 11 روز یعنی (11 مئی تک) پاکستان میں کورونا کیسز کی تعداد ساڑھے 31 ہزار سے تجاوز کرگئی جبکہ اسی دوران اموات 385 سے بڑھ کر 691 تک پہنچ گئیں۔

آج (12 مئی) کو بھی پاکستان میں کورونا وائرس کے مزید کیسز، اموات اور صحتیاب ہونے والوں کی تصدیق کی گئی۔

سندھ

سندھ میں کورونا وائرس کے مزید 593 کیسز اور 18 اموات سامنے آگئیں۔

وزیراعلیٰ سندھ مراد علی شاہ نے بتایا کہ صوبے میں گزشتہ 24 گھنٹوں میں 4 ہزار 64 ٹیسٹ کیے گئے جس میں سے 593 کے نتائج مثبت آئے۔

انہوں نے بتایا کہ صوبے میں مجموعی طور پر متاثرین کی تعداد 12 ہزار 610 تک پہنچ گئی ہے۔

مراد علی شاہ کے مطابق 24 گھنٹوں میں مزید 80 لوگ صحتیاب ہوئے جس سے یہ تعداد 2 ہزار 229 ہوگئی۔

تاہم ان کا کہنا تھا کہ گزشتہ 24 گھنٹوں میں 18 اموات ہوئی ہیں جو اب تک صوبے میں ایک روز میں سب سے زیادہ اموات ہیں، جس کے بعد مجموعی طور پر وائرس سے جاں بحق افراد کی تعداد 218 ہوگئی ہے۔

پنجاب

پنجاب میں کورونا وائرس کے مزید 301 کیسز اور 14 اموات ریکارڈ کی گئیں۔

ترجمان پرائمری اینڈ سیکنڈری ہیلتھ کیئر کے مطابق صوبے میں ان نئے کیسز کے بعد متاثرین کی تعداد 11 ہزار 869 ہوگئی۔

انہوں نے بتایا کہ صوبے میں 24 گھنٹوں میں مزید 14 افراد زندگی کی بازی ہار گئے جس سے مجموعی اموات 211 تک پہنچ گئیں۔

اسلام آباد

وفاقی دارالحکومت اسلام آباد میں کورونا وائرس کے مزید 37 نئے کیسز کا اضافہ ہوا۔

سرکاری سطح پر قائم ویب سائٹ کے فراہم کردہ اعداد و شمار کے مطابق اسلام آباد میں مزید 37 لوگ وائرس سے متاثر ہوئے، جس کے بعد مجموعی کیسز کی تعداد 679 سے بڑھ کر 716 ہوگئی۔

گلگت بلتستان

اسی طرح گلگت بلتستان میں بھی کورونا وائرس کے کیسز میں اضافہ ہوا۔

اعداد و شمار کے مطابق گلگت بلتستان میں کورونا وائرس نے مزید 15 افراد کو متاثر کیا۔

جس کے بعد وہاں اب تک کورونا وبا سے متاثر ہونے والے افراد کی تعداد 442 سے بڑھ کر 457 ہوگئی۔

خیبر پختونخوا

محکمہ صحت خیبر پختونخوا نے کورونا کے مزید 146 کیسز کی تصدیق کی جس کے بعد صوبے میں متاثرہ افراد کی تعداد 5021 ہوگئی۔

صوبے میں کورونا سے مزید 10 افراد کے جاں بحق ہونے کی بھی تصدیق کی گئی جس کے بعد یہاں اموات کی تعداد 267 ہوگئی ہے۔

جاں بحق ہونے والے نئے مریضوں میں سے 5 کی پشاور، 3 کی مردان جبکہ صوابی اور مالاکنڈ میں ایک، ایک کی موت واقع ہوئی۔

آزاد کشمیر

ادھر آزاد کشمیر میں اس عالمی وبا سے پہلی موت بھی سامنے آگئی۔

اگرچہ آزاد کشمیر اس وائرس سے اب تک سب سے کم متاثر ہوا ہے اور وہاں کوئی موت بھی نہیں ہوئی تھی تاہم نئے اعداد و شمار میں وہاں پہلی موت کی تصدیق کی گئی۔

علاوہ ازیں آزاد کشمیر میں گزشتہ 24 گھنٹوں کے دوران کوئی نیا کیس رپورٹ نہیں ہوا اور مصدقہ کیسز کی تعداد 86 پر ہی موجود رہی۔

بلوچستان

محکمہ صحت بلوچستان نے کورونا وائرس کے 97 نئے کیسز کی تصدیق کی جس کے بعد صوبے میں متاثرین کی تعداد 2158 ہوگئی۔

بیان میں کہا گیا کہ صوبے میں فعال کیسز کی تعداد 1875 ہے جبکہ 256 افراد صحتیاب ہوچکے ہیں۔

صحتیاب افراد

تاہم ملک میں نئے کیسز اور اموات کے باوجود صحتیاب افراد کی تعداد میں بھی اضافہ دیکھا گیا۔

صحتیاب افراد کی تعداد میں اس تیزی سے اضافہ ان لوگوں کے لیے امید کا باعث ہے جو اس وائرس سے متاثر ہوئے ہیں۔

سرکاری اعداد و شمار کے مطابق پاکستان میں مزید 343 افراد اس وائرس سے صحتیاب ہوئے۔

جس کے بعد ملک میں اب تک صحتیاب افراد کی تعداد 8212 سے بڑھ کر 8555 تک پہنچ گئی۔

مجموعی صورتحال

ان تمام کیسز کے بعد اگر ملک کی مجموعی صورتحال دیکھیں تو اب تک 32674 افراد متاثر ہیں جس میں سے 724 کا انتقال ہوگیا جبکہ 8555 صحتیاب ہوگئے تو اس طرح ملک میں ابھی 23 ہزار 395 فعال کیسز موجود ہیں۔

صوبہ سندھ کے کیسز کی تعداد اس وقت سب سے زیادہ 12 ہزار 17 ہے جس کے بعد پنجاب کے کیسز ہیں اور وہاں 11 ہزار 869 لوگ متاثر ہیں۔

خیبرپختونخوا میں متاثرین کی تعداد 5 ہزار 21 ہے تو وہیں بلوچستان میں 2 ہزار 158 لوگ وبا کا شکار ہوئے ہیں۔

اسلام آباد میں 716 لوگوں کو وائرس متاثر کرچکا ہے جبکہ گلگت بلتستان میں 457 اور آزاد کشمیر میں 86 افراد متاثر ہوچکے ہیں۔

اموات کی صورتحال کچھ اس طرح ہے

  • خیبرپختونخوا: 267

  • سندھ: 218

  • پنجاب: 211

  • بلوچستان: 27

  • اسلام آباد: 06

  • گلگت بلتستان: 04

  • آزاد کشمیر: 01


پاکستان میں کورونا وائرس

خیال رہے کہ ملک میں کورونا وائرس کا پہلا کیس 26 فروری 2020 کو کراچی میں سامنے آیا اور 25 مارچ تک کیسز کی تعداد ایک ہزار تک پہنچ چکی تھی۔

تاہم اس کے بعد مذکورہ وائرس نے پاکستان میں اپنے پنجے گاڑنا شروع کردیے اور اب تک 31 ہزار سے زائد افراد وائرس سے متاثر ہوچکے ہیں۔

ملک میں کورونا وائرس کے پہلے کیس سے لے کر اب تک کیا صورتحال رہی اور کس روز کتنے کیسز سامنے آئے؟ مکمل تفصیل جاننے کے لیے یہاں کلک کریں۔


پاکستان میں اموات

ملک میں 18 مارچ کو کورونا وائرس سے پہلی موت خیبرپختونخوا میں ہوئی جس کے بعد 31 مارچ تک مجموعی اموات 26 تک پہنچیں۔

تاہم یکم اپریل سے لے کر 30 اپریل تک مزید 359 اموات ریکارڈ کی گئیں، بعد ازاں مئی کے آغاز میں ہی ملک میں اموات کی تعداد 600 سے تجاوز کرگئی جو کورونا وائرس سے متعلق تشویشناک صورتحال کو ظاہر کرتی ہے۔

ملک میں ہونے والی پہلی موت سے لے کر اب تک کس روز کتنی اموات ہوئیں؟ مکمل تفصیل جاننے کے لیے یہاں کلک کریں۔

کارٹون

کارٹون : 23 نومبر 2024
کارٹون : 22 نومبر 2024