• KHI: Fajr 5:34am Sunrise 6:54am
  • LHR: Fajr 5:12am Sunrise 6:37am
  • ISB: Fajr 5:20am Sunrise 6:47am
  • KHI: Fajr 5:34am Sunrise 6:54am
  • LHR: Fajr 5:12am Sunrise 6:37am
  • ISB: Fajr 5:20am Sunrise 6:47am

کورونا وبا: سندھ میں متاثرین 15 ہزار سے زائد، ملک میں مجموعی کیسز 39 ہزار 729 ہوگئے

شائع May 16, 2020 اپ ڈیٹ May 17, 2020
ملک میں وبا کا پھیلاؤ تیزی سے جاری ہے—فائل فوٹو: انادولو ایجنسی
ملک میں وبا کا پھیلاؤ تیزی سے جاری ہے—فائل فوٹو: انادولو ایجنسی

پاکستان میں عالمی وبا کورونا وائرس کے پھیلاؤ میں کمی نہ آسکی اور اب تک اس وائرس سے متاثر ہونے والے افراد کی تعداد 39 ہزار 729 ہوگئی ہے جبکہ 866 افراد ایسے بھی ہیں جو انتقال کرچکے ہیں۔

دنیا بھر کو اپنی لپیٹ میں لینے والے مہلک کورونا وائرس کا آغاز گزشتہ سال کے آخری ماہ میں چین کے صوبے ہوبے کے شہر ووہان کی ایک سی فوڈ مارکیٹ سے ہوا تھا۔

چین سے شروع ہونے والا یہ وائرس اب تقریباً پوری دنیا میں ہی پھیل چکا ہے اور اس سے اب تک دنیا بھر میں 45 لاکھ سے زائد لوگ متاثر جبکہ 3 لاکھ سے زیادہ لقمہ اجل بن چکے ہیں۔

پاکستان میں بھی یہ وائرس اگرچہ خطے کے دیگر ممالک کی نسبت دیر سے آیا تاہم اس وائرس کو ملک میں ڈھائی ماہ سے زیادہ کا عرصہ گزر چکا ہے۔

26 فروری 2020 ملک میں کورونا وائرس کا پہلا کیس تجارتی حب کراچی میں سامنے آیا۔

جس کے بعد وقت گزرنے کے ساتھ ساتھ اس کے کیسز بڑھتے رہے اور اپریل کے آخر تک ساڑھے 16 ہزار سے زائد لوگ متاثر ہوئے جبکہ 385 جانبر نہ ہوسکے۔

تاہم ماہ مئی کا آغاز وائرس کے کیسز میں اضافے کی ایک نئی لہر کے ساتھ ہوا اور صرف نصف مئی یعنی 15 روز کے اندر کیسز کی تعداد میں 21 ہزار سے زائد نئے مریضوں کا اضافہ ہوا جبکہ 438 اموات بھی اسی دوران ہوئیں۔

آج (16 مئی) کو بھی پاکستان میں کورونا کے مصدقہ کیسز سامنے آئے جبکہ اسی دوران صحتیاب ہونے والوں کی تعداد بھی بڑھی۔

سندھ

سندھ میں کورونا وائرس کے مزید 674 نئے کیسز اور 13 اموات سامنے آگئیں۔

وزیراعلیٰ سندھ مراد علی شاہ نے بتایا کہ گزشتہ 24 گھنٹوں میں 4 ہزار 467 ٹیسٹ کیے گئے جس میں سے 674 کے نتائج مثبت آئے۔

انہوں نے بتایا کہ ان نئے کیسز کے بعد مجموعی طور پر صوبے میں متاثرین 15590 تک پہنچ گئے۔

مراد علی شاہ کے مطابق گزشتہ 24 گھنٹوں میں 13 مریضوں کا انتقال بھی ہوا، جس سے مجموعی اموات کی تعداد 268 ہوگئی۔

انہوں نے بتایا کہ ان نئے کیسز میں سے 490 کا تعلق کراچی سے ہے۔

پنجاب

ادھر پنجاب میں کورونا وائرس کے مزید 287 نئے کیسز اور 11 اموات کا اضافہ ہوا۔

ترجمان پرائمری اینڈ سیکنڈری ہیلتھ کیئر کے مطابق صوبے میں ان نئے کیسز کے بعد مجموعی طور پر متاثرین کی تعداد 14201 ہوگئی۔

انہوں نے بتایا کہ صوبے میں کورونا وائرس سے مزید 11 افراد کا انتقال ہوا جس سے مجموعی اموات 245 ہوگئیں جبکہ 4757 مریض اب تک صحتیاب ہوگئے۔

اسلام آباد

وفاقی دارالحکومت اسلام آباد جہاں پہلے کیسز کی تعداد کم تھی اب وہاں روز بروز متاثرین میں اضافہ دیکھا جارہا ہے۔

سرکاری طور پر فراہم کردہ اعداد و شمار کے مطابق وفاقی دارالحکومت میں مزید 55 نئے مریضوں کا اضافہ ہوا۔

جس کے بعد اسلام آباد میں اب تک کے کورونا کیسز کی تعداد 866 سے بڑھ کر 921 ہوگئی۔

خیبر پختونخوا

محکمہ صحت خیبر پختونخوا نے کورونا وائرس کے 169 نئے کیسز کی تصدیق کی جس کے بعد یہاں متاثرین کی تعداد 5847 ہوگئی۔

صوبے میں وبا سے مزید 14 افراد کے جاں بحق ہونے کی بھی تصدیق کی گئی جس کے بعد اموات کی تعداد 305 ہوگئی ہے۔

جاں بحق ہونے والے نئے مریضوں میں سے 7 کی پشاور، 3 کی سوات جبکہ مردان، لوئر دیر، باجوڑ اور کوہاٹ میں ایک، ایک کی موت واقع ہوئی۔

بلوچستان

محکمہ صحت بلوچستان نے کورونا کے 87 نئے کیسز کی تصدیق کی جس کے بعد صوبے میں متاثرہ افراد کی تعداد 2544 ہوگئی۔

محکمے نے مزید 5 اموات کی بھی تصدیق کی جس کے بعد یہاں وائرس سے جاں بحق مریضوں کی تعداد 36 ہوگئی ہے۔

گلگت بلتستان

ادھر گلگت بلتستان جہاں وائرس سے اب تک 4 افراد اپنی جان کی بازی ہار چکے ہیں وہی کیسز کی تعداد آئے روز بڑھ رہی ہے۔

اعداد و شمار کے مطابق گلگت بلتستان میں مزید 17 افراد وائرس سے متاثرہوئے۔

ان نئے متاثرین کے بعد وہاں مجموعی کیسز کی تعداد 501 سے بڑھ کر 518 ہوگئی۔

آزاد کشمیر

دوسری جانب پاکستان میں اس وائرس سے سب سے کم متاثر علاقے آزاد کشمیر میں کورونا وبا کے مزید 3 افراد سامنے آئے۔

ان 3 نئے متاثرین کے بعد آزاد کشمیر میں کورونا کیسز کی تعداد 105 سے بڑھ کر 108 ہوگئی۔

صحتیاب افراد

علاوہ ازیں ملک میں اس وائرس سے شفا پانے والوں کی تعداد میں اضافہ دیکھا جارہا ہے۔

سرکاری اعداد و شمار کے مطابق گزشتہ24 گھنٹوں کے 725 نئے ایسے افراد تھے جو وائرس سےمکمل صحتیاب ہوگئے۔

جس کے بعد ملک میں اب تک کورونا کو شکست دینے والوں کی تعداد 10155 سے بڑھ کر 10880 تک جاپہنچی۔

مجموعی صورتحال

مندرجہ بالا اعداد و شمار کے بعد اگر ایک نظر ڈالیں تو اس وقت ملک میں مصدقہ کیسز کی تعداد 39642 ہے جس میں سے 861 انتقال کرچکے ہیں جکہ 10880 صحتیاب ہوئے ہیں تو اس طرح ابھی موجود فعال کیسز کی تعداد 28 ہزار 301 ہے۔

سندھ میں وائرس سے متاثر افراد کی تعداد 15590 ہے جبکہ پنجاب میں یہ تعداد 14201 ہے۔

اسی طرح خیبرپختونخوا میں 5847 لوگ متاثر ہوئے ہیں تو بلوچستان میں یہ تعداد 2544 ہوچکی ہے۔

اسلام آباد میں کورونا نے 921 لوگوں کو متاثر کیا ہے جبکہ گلگت بلتستان میں 518 جبکہ آزاد کشمیر میں 108 لوگ اس کا شکار ہوئے ہیں۔

** اموات کی صورتحال کچھ اس طرح ہے۔**

  • خیبرپختونخوا: 305

  • سندھ: 268

  • پنجاب: 245

  • بلوچستان: 36

  • اسلام آباد: 07

  • گلگت بلتستان: 04

  • آزاد کشمیر: 01


پاکستان میں کورونا وائرس

خیال رہے کہ ملک میں کورونا وائرس کا پہلا کیس 26 فروری 2020 کو کراچی میں سامنے آیا اور 25 مارچ تک کیسز کی تعداد ایک ہزار تک پہنچ چکی تھی۔

تاہم اس کے بعد مذکورہ وائرس نے پاکستان میں اپنے پنجے گاڑنا شروع کردیے اور اب تک 39 ہزار سے زائد افراد وائرس سے متاثر ہوچکے ہیں۔

ملک میں کورونا وائرس کے پہلے کیس سے لے کر اب تک کیا صورتحال رہی اور کس روز کتنے کیسز سامنے آئے؟ مکمل تفصیل جاننے کے لیے یہاں کلک کریں۔

پاکستان میں اموات

ملک میں 18 مارچ کو کورونا وائرس سے پہلی موت خیبرپختونخوا میں ہوئی جس کے بعد 31 مارچ تک مجموعی اموات 26 تک پہنچیں۔

تاہم یکم اپریل سے لے کر 30 اپریل تک مزید 359 اموات ریکارڈ کی گئیں، بعد ازاں مئی میں ملک میں اموات کی تعداد 800 سے تجاوز کرگئی جو کورونا وائرس سے متعلق تشویشناک صورتحال کو ظاہر کرتی ہے۔

ملک میں ہونے والی پہلی موت سے لے کر اب تک کس روز کتنی اموات ہوئیں؟ مکمل تفصیل جاننے کے لیے یہاں کلک کریں۔

کارٹون

کارٹون : 23 نومبر 2024
کارٹون : 22 نومبر 2024