ایبٹ آباد: ڈی ایچ کیو ہسپتال کے ڈاکٹرز سمیت عملے کے 28 ارکان میں کورونا کی تصدیق
ڈسٹرکٹ ہیڈکوارٹرز (ڈی ایچ کیو) ہسپتال ایبٹ آباد کے 6 ڈاکٹروں سمیت طبی عملے کے 28 ارکان میں کورونا وائرس کی تصدیق ہوئی ہے۔
سرکاری دستاویزات کے مطابق ڈی ایچ کیو ہسپتال، جو عام طور پر بینظیر بھٹو شہید ہسپتال کے نام سے بھی پہچانا جاتا ہے، کے کورونا کے شکار طبی عملے میں ڈاکٹروں کے علاوہ 6 نرسیں، 4 لیڈی ہیلتھ وزیٹرز اور دیگر الائیڈ اسٹاف کے ارکان شامل ہیں۔
ہسپتال میں کورونا وائرس سے متعلق فوکل پرسن ڈاکٹر جواد مجید نے کہا کہ طبی عملے کے یہ ارکان 14 سے 23 مئی کے دوران وائرس کا شکار ہوئے۔
کورونا وائرس کا ٹیسٹ مثبت آنے کے بعد 6 ڈاکٹروں کو قرنطینہ منتقل کردیا گیا ہے۔
یہ بھی پڑھیں: کورونا وائرس: ایک ہفتے میں طبی عملے کے متاثرین میں 75 فیصد تک اضافہ
یہ بات بھی سامنے آئی کہ ہسپتال کی ایمرجنسی اور انتہائی نگہداشت یونٹ (آئی سی یو) میں ڈاکٹروں سمیت عملے کے کسی رکن کے پاس وائرس سے ذاتی حفاظت کا سامان (پی پی ایز) موجود نہیں تھا۔
دوسری جانب ایوب ٹیچنگ ہسپتال کے 2 ڈاکٹروں سمیت کورونا کے 13 نئے کیسز سامنے آئے، جس کے بعد ایبٹ آباد میں کورونا سے متاثرہ افراد کی تعداد 237 ہوگئی ہے۔
محکمہ صحت خیبر پختونخوا کی روزانہ کی صورتحال کی رپورٹ میں ضلع میں وبا سے 12 اموات اور 83 افراد کے صحتیاب ہونے کی بھی تصدیق کی گئی۔
واضح رہے کہ ملک میں کورونا وائرس سے صرف عام لوگ ہی نہیں بلکہ اس وائرس سے فرنٹ لائن پر لڑنے والے ڈاکٹرز، پیرا میڈیکس، طبی عملے کے دیگر لوگ، سیکیورٹی اہلکار بھی متاثر اور جان کی جازی ہار چکے ہیں۔
18 مئی کو پاکستان انسٹی ٹیوٹ آف میڈیکل سائنسز (پمز) میں کووڈ 19 سے طبی عملے کے پہلے فرد کی موت سامنے آئی تھی۔
مزید پڑھیں: اسلام آباد: پمز میں کورونا وائرس سے طبی عملے کے پہلے فرد کی موت
30 اپریل کو نیشنل ایمرجنسی آپریشن سینٹر کے اعداد و شمار سے یہ بات سامنے آئی تھی کہ ملک میں ایک ہفتے میں صحت کی دیکھ بھال کرنے والے مزید 191 افراد اور میڈیکل ورکرز کورونا سے متاثر ہوگئے جس کے بعد یہ تعداد 444 ہوگئی۔
اس سے قبل 23 اپریل کو سامنے آنے والی رپورٹ میں بتایا گیا تھا کہ ملک میں کم از کم 253 طبی عملے کے لوگ کورونا وائرس سے متاثر ہیں۔
اپریل کے آخر میں وزیر اعظم کے معاون خصوصی برائے صحت ڈاکٹر طفر مرزا نے کہا تھا کہ حکومت میڈیکل ورکرز کے حوالے سے پریشان ہے اور جلد ہی کورونا وائرس کے خلاف صف اول پر موجود طبی عملے کے تحفظ کا پروگرام متعارف کروائیں گے۔