• KHI: Fajr 5:34am Sunrise 6:54am
  • LHR: Fajr 5:12am Sunrise 6:37am
  • ISB: Fajr 5:20am Sunrise 6:47am
  • KHI: Fajr 5:34am Sunrise 6:54am
  • LHR: Fajr 5:12am Sunrise 6:37am
  • ISB: Fajr 5:20am Sunrise 6:47am

اسلام آباد: عوامی مقامات پر ماسک نہ پہننے پر جرمانہ ہوگا

شائع May 31, 2020
وفاقی حکومت نے اعلان کیا  تھا کہ عوامی مقامات پر ماسک پہننا لازم قرار دیا گیا ہے—فوٹو:ڈان
وفاقی حکومت نے اعلان کیا تھا کہ عوامی مقامات پر ماسک پہننا لازم قرار دیا گیا ہے—فوٹو:ڈان

ڈپٹی کمشنر اسلام آباد حمزہ شفقات نے اعلان کیا ہے کہ عوامی مقامات پر ماسک نہ پہننے والے شہریوں پر جرمانہ ہوگا اور جیل بھی ہوسکتی ہے۔

سماجی رابطے کی ویب سائٹ ٹوئٹر پر اپنے بیان میں ڈپٹی کمشنر اسلام آباد نے کہا کہ 'اسلام آباد میں تمام عوامی مقامات پر ماسک پہننا، منہ ڈھانپنا اب لازم قراردے دیاگیا ہے'۔

انہوں نے کہا کہ 'مارکیٹوں، عوامی مقامات مساجد، پبلک ٹرانسپورٹ، لاری اڈہ، گلیوں، سڑکوں اور دفاتر میں چیکنگ ہوگی'۔

مزید پڑھیں:مساجد، بازاروں، دوران سفر ماسک پہننا لازمی قرار

ڈپٹی کمشنر حمزہ شفقات نے خلاف ورزی کرنے والوں کو سزا سے متعلق کہا کہ 'مجسٹریٹ 3 ہزار روپے تک جرمانہ اور دفعہ 188 تعزیرات پاکستان کے تحت جیل بھی بھیجا جا سکتا ہے'۔

قبل ازیں وزیراعظم کے معاون خصوصی ڈاکٹر ظفر مرزا نے بھی ٹوئٹر پرگزشتہ روز پریس کانفرنس میں کیے گئے اعلان کو دہرایا تھا۔

ڈاکٹر ظفر مرزا کہا تھا کہ 'پرہجوم مقامات جیسے مساجد، بازار، شاپنگ مالز، پبلک ٹرانسپورٹ، ریل، ہوائی جہاز میں سفر کے دوران ماسک پہننا اب لازمی قرار دیا گیا ہے'۔

ان کا کہنا تھا کہ ہم نے ماسک پہننے سے متعلق اپنی گائیڈ لائنز کا جائزہ لیا اور اس کو پہننا لازمی کردیا ہے۔

ڈاکٹر ظفر مرزا نے گزشتہ روز پریس کانفرنس میں کہا تھا کہ 'جیسے کیسز اور اموات بڑھ رہی ہیں تو جو احتیاطی تدابیر دی گئی ہیں ان پر سختی سے عمل کرنے کی ضرورت ہے اور خاص کر ماسک کے استعمال کو لازمی قرار دے رہے ہیں'۔

ان کا کہنا تھا کہ 'آپ دفتر یا باہر کہیں بھی ہوں اور سمجھتے ہوں کہ سماجی فاصلہ رکھنا ہے تو وہاں ماسک پہننا لازمی ہے، پرہجوم جگہوں پر ماسک پہننا ہم نے لازمی قرار دیا ہے'۔

یہ بھی پڑھیں:پمز کا ملازمین میں کورونا پھیلنے کی وجوہات جاننے کیلئے تحقیق کا فیصلہ

معاون خصوصی نے کہا تھا کہ 'مساجد، بازاروں، شاپنگ مالز، ذرائع آمد و رفت چاہے جہاز، ریل، بس یا ویگن ہو یہاں ماسک پہننا لازم ہے'۔

ڈاکٹر ظفرمرزا نے کہا تھا کہ سوشل میڈیا میں بعض اوقات بڑے ذمہ دار افراد بھی غلط معلومات دیتے ہیں یا ان کے مقصد کی سمت صحیح نہیں ہوتی، 'کل ایک بڑے عالم کے حوالے سے پیغام آیا کہ وہ منع کررہے تھے کہ اگر آپ کا کورونا کا ٹیسٹ مثبت ہے تو ہسپتال نہ جائیں یا ہسپتال میں صحیح سلوک نہیں ہوگا، اس طرح کے پیغامات مناسب نہیں ہے'۔

ان کا کہنا تھا کہ 'میں تمام افراد سے درخواست کرتا ہوں کہ وہ قوم اور لوگوں کو صحیح معلومات پہنچائیں، صحیح رہنمائی کریں اور درست معلومات فراہم کریں'۔

کارٹون

کارٹون : 23 نومبر 2024
کارٹون : 22 نومبر 2024