• KHI: Fajr 5:42am Sunrise 7:03am
  • LHR: Fajr 5:21am Sunrise 6:47am
  • ISB: Fajr 5:29am Sunrise 6:58am
  • KHI: Fajr 5:42am Sunrise 7:03am
  • LHR: Fajr 5:21am Sunrise 6:47am
  • ISB: Fajr 5:29am Sunrise 6:58am

دورہ انگلینڈ کیلئے پاکستان کے 29 رکنی اسکواڈ کا اعلان، فواد اور حیدر شامل

شائع June 12, 2020 اپ ڈیٹ June 24, 2020
سابق کپتان سرفراز احمد کی دورہ انگلینڈ کے لیے پاکستانی اسکواڈ میں واپسی ہوئی ہے— فائل فوٹو: اے ایف پی
سابق کپتان سرفراز احمد کی دورہ انگلینڈ کے لیے پاکستانی اسکواڈ میں واپسی ہوئی ہے— فائل فوٹو: اے ایف پی

پاکستان نے دورہ انگلینڈ کے لیے 29 رکنی بڑے اسکواڈ کا اعلان کردیا ہے جس میں فواد عالم اور سرفراز احمد کے ساتھ ساتھ نوجوان حیدر علی کو بھی شامل کر لیا گیا ہے۔

قومی انڈر 19 کرکٹ ٹیم کے بیٹسمین اور ابھرتے ہوئے نوجوان کرکٹر حیدر علی کو بھی قومی اسکواڈ میں شامل کرلیا گیا ہے۔

مزید پڑھیں: عامر اور حارث سہیل کی ذاتی وجوہات کے سبب دورہ انگلینڈ سے معذرت

پاکستان اور انگلینڈ کے درمیان 3 ٹیسٹ اور 3 ٹی20 میچوں پر مشتمل سیریز اگست اور ستمبر میں انگلینڈ میں کھیلی جائے گی۔

دورہ انگلینڈ کے لیے طویل اور محدود دونوں طرز کی کرکٹ کے لیے نمایاں کھلاڑیوں پر مشتمل ایک وسیع اسکواڈ کا انتخاب کیا گیا ہے جس کی وجہ کورونا وائرس سے نمٹنے کے لیے تیار کردہ ایس او پیز کے مطابق تمام کھلاڑیوں کی ایک ساتھ انگلینڈ روانگی اور پھر واپسی ہے۔

حیدر علی نے سیزن 20-2019 میں شاندار کارکردگی کی بدولت سیزن 21-2020 کے سینٹرل کنٹریکٹ کی ایمرجنگ کٹیگری میں جگہ حاصل کی تھی۔

یہ بھی پڑھیں: یونس خان دورہ انگلینڈ کیلئے قومی ٹیم کے بیٹنگ کوچ مقرر

حیدر علی کے علاوہ اسکواڈ میں شامل اسپنر کاشف بھٹی بھی اپنے ڈیبیو کے منتظر ہیں، وہ آسٹریلیا اور سری لنکا کے خلاف اعلان کردہ اسکواڈ کا حصہ تھے مگر فائنل الیون میں جگہ نہ بناسکے تھے۔

دورے کے لیے اعلان کردہ اسکواڈ میں سب سے حیران کن شمولیت فاسٹ باؤلرر سہیل خان کی ہے جنہوں نے اپنا آخری ٹیسٹ میچ چار سال قبل میلبرن میں کھیلا تھا۔

سہیل خان نے گذشتہ سیزن کے دوران قائد اعظم ٹرافی کے 9 میچز میں 22 وکٹیں حاصل کی تھیں اور پاکستان سپر لیگ (پی ایس ایل) میں کوئٹہ گلیڈی ایٹرز کی نمائندگی کرتے ہوئے 7 وکٹیں لینے میں کامیاب رہے تھے۔

مزید پڑھیں: کرکٹ میں تھوک سے گیند چمکانے پر پابندی، متبادل کھلاڑی بھی متعارف

حیدر علی، کاشف بھٹی اور سہیل خان کے ساتھ ساتھ حارث سہیل کے علاوہ سینٹرل کنٹریکٹ میں شامل تمام کھلاڑیوں کو اسکواڈ میں شامل کیا گیا ہے جبکہ سینٹرل کنٹریکٹ حاصل نہ کرنے والے شعیب ملک، محمد حفیظ، وہاب ریاض، خوشدل شاہ، فہیم اشرف، عمران خان اور فواد عالم بھی اسکواڈ کا حصہ ہیں۔

دورے کے لیے ریزرو کھلاڑیوں میں بلال آصف، محمد نواز، موسیٰ خان اور عمران بٹ کو رکھا گیا ہے اور کسی بھی کھلاڑی کا کورونا ٹیسٹ مثبت آنے کی صورت میں ریزرو میں شامل کھلاڑیوں کو ضرورت کے حساب سے اسکواڈ کا حصہ بنایا جائے گا۔

طول دورے کے پیش نظر دو وکٹ کیپرز کو اسکواڈ کا حصہ بنایا گیا ہے اور محمد رضوان کے ساتھ ساتھ سرفراز احمد بھی دستے میں شامل ہیں۔

دورہ انگلینڈ کے لیے کھلاڑیوں کے کورونا ٹیسٹ 20 اور 25 جون کو ہوں گے۔

فاسٹ باؤلرز حسن علی، محمد عامر اور مڈل آرڈر بیٹسمین حارث سہیل دورہ انگلینڈ کی سلیکشن کے لیے دستیاب نہیں تھے کیونکہ حسن علی کمر کی انجری کا شکار ہیں اور محمد عامر دوسرے بچے کی پیدائش کے باعث دستیاب نہیں تھے۔

اس کے علاوہ حارث سہیل نے کورونا وائرس کی وبا کے پیش نظر دورہ انگلینڈ کے لیے اپنی دستیابی ظاہر نہیں کی تھی۔

دورے کے لیے اسکواڈ میں شامل کھلاڑیوں کی فہرست کچھ ایسے ہے۔

  • اوپنرز: عابد علی، فخر زمان، شان مسعود اور امام الحق

  • بلے باز: اظہر علی(کپتان ٹیسٹ ٹیم)، بابر اعظم(نائب کپتان ٹیسٹ ٹیم اور کپتان قومی ٹی20 کرکٹ ٹیم)، اسد شفیق، فواد عالم، حیدر علی، افتخار احمد، خوشدل شاہ، محمد حفیظ اور شعیب ملک

  • وکٹ کیپرز: محمد رضوان اور سرفراز احمد

  • فاسٹ باؤلرز: فہیم اشرف، حارث رؤف ، عمران خان، محمد عباس، محمد حسنین، نسیم شاہ، شاہین شاہ آفریدی، سہیل خان، عثمان شنواری اور وہاب ریاض

  • اسپنرز: یاسر شاہ، عماد وسیم، کاشف بھٹی اور شاداب خان

قومی ٹیم کے چیف سلیکٹر اور ہیڈ کوچ مصباح الحق کا کہنا ہے کہ سلیکٹرز نے ایک ایسے اسکواڈ کا انتخاب کیا ہے جس سے انگلینڈ میں طویل اور محدود دونوں طرز کی کرکٹ میں بہتر کارکردگی کی توقع ہے۔

انہوں نے کہا کہ کافی عرصے سے کھلاڑیوں کی میدان سے دوری ایک چیلنج ہے تاہم پرامید ہیں کہ انگلینڈ میں ایک ماہ کے دوران بھرپور ٹریننگ کی بدولت مثبت نتائج سامنے آئیں گے۔

مصباح الحق نے واضح کیا ہے کہ اسکواڈ کے انتخاب کے دوران سلیکٹرز کی ترجیح طویل طرز کی کرکٹ رہی کیونکہ پاکستان کو آئندہ 9 ماہ ٹیسٹ کرکٹ کھیلنی ہے۔

چیف سلیکٹر کا کہنا تھا کہ ہمارے کھلاڑیوں نے مارچ سے کسی قسم کی مسابقتی کرکٹ میں حصہ نہیں لیا جبکہ میزبان ٹیم پاکستان سے پہلے ویسٹ انڈیز سے مقابلہ کرے گی، لہٰذا انگلینڈ کے خلاف یہ سیریز آسان نہیں ہوگی۔

مصباح الحق نے کہا کہ کھلاڑیوں کا انتخاب مستقبل کو پیش نظر رکھ کر کیا گیا ہے اور خواہش ہے کہ نوجوان کرکٹرز، یونس خان اور مشتاق احمد کے وسیع تجربے سے مستفید ہوں۔

ہیڈ کوچ نے کہا کہ تجربہ کار سہیل خان کی واپسی قومی کرکٹ ٹیم کے فاسٹ باؤلنگ ڈیپارٹمنٹ کو مزید تقویت بخشے گی۔

کارٹون

کارٹون : 4 دسمبر 2024
کارٹون : 3 دسمبر 2024