• KHI: Maghrib 5:43pm Isha 7:02pm
  • LHR: Maghrib 5:00pm Isha 6:25pm
  • ISB: Maghrib 5:01pm Isha 6:28pm
  • KHI: Maghrib 5:43pm Isha 7:02pm
  • LHR: Maghrib 5:00pm Isha 6:25pm
  • ISB: Maghrib 5:01pm Isha 6:28pm

کورونا وبا: ملک میں کیسز 2 لاکھ 20 ہزار سے زائد، اموات 4500 سے بڑھ گئیں

شائع July 2, 2020 اپ ڈیٹ July 3, 2020
پاکستان میں کیسز کی تعداد میں کمی دیکھی گئی یے—فائل فوٹو: اے پی
پاکستان میں کیسز کی تعداد میں کمی دیکھی گئی یے—فائل فوٹو: اے پی

دنیا بھر میں ایک کروڑ سے زائد لوگوں کو متاثر اور 5 لاکھ سے زائد اموات کا سبب بننے والے مہلک کورونا وائرس کے پاکستان میں بھی کیسز سامنے آنے کا سلسلہ جاری ہے اور اب تک مجموعی طور پر 2 لاکھ 20 ہزار 529 ہوگئی جبکہ 4 ہزار 515 لوگ انتقال کرچکے ہیں۔

آج (2 جولائی) کو ملک میں مزید 4432 نئے کیسز اور 69 اموات کا اضافہ ہوا جبکہ 3892 لوگ شفایاب ہوگئے۔

ملک میں کورونا وائرس کے کیسز کی تعداد اگرچہ گزشتہ چند دنوں میں کچھ حد تک کم ہوئی ہے تاہم اب بھی یومیہ ہزاروں کی تعداد میں لوگ متاثر ہورہے ہیں جبکہ اموات بھی درجنوں میں ہورہی ہیں۔

خیال رہے کہ ملک میں کورونا وائرس کا پہلا کیس 26 فروری 2020 کو کراچی میں سامنے آیا تھا اور اس وقت ملک کا سب سے زیادہ متاثر حصہ شہر قائد ہی ہے۔

مجموعی صورتحال کی بات کی جائے تو 4 ماہ سے زائد عرصے کے دوران کیسز کی تعداد میں بتدریج اضافہ ہوا اور مارچ اور اپریل کے مقابلے میں مئی اور جون میں کیسز کی تعداد کافی زیادہ رہی۔

پہلے کیس سے لے کر مارچ کے آخر تک ملک میں کیسز لگ بھگ 2 ہزار اور اموات 26 تھیں جو اپریل میں بڑھ کر 385 ہوگئیں جبکہ کیسز ساڑھے 16 ہزار سے بڑھ گئے۔

تاہم مئی میں صورتحال کافی تبدیل ہوئی اور کیسز بڑھ کر 71 ہزار اور اموات 1500 سے بڑھ گئیں، جس کے بعد جون میں کیسز میں ریکارڈ اضافہ ہوا اور تعداد 2 لاکھ 12 ہزار اور اموات 4300 سے تجاوز کرگئیں۔

آج (2 جولائی) کو پاکستان میں مزید کیسز اور اموات کا اضافہ دیکھنے میں آیا۔

سندھ

سندھ میں کورونا وائرس کے مزید 2430 نئے کیسز اور 31 اموات رپورٹ ہوئیں۔

وزیراعلیٰ سندھ مراد علی شاہ نے بتایا کہ صوبے میں گزشتہ 24 گھنٹوں کے دوران 9 ہزار 436 ٹیسٹ کیے گئے جس میں سے 2 ہزار 430 کے نتائج مثبت آئے، اس طرح مجموعی کیسز کی تعداد 89 ہزار 225 ہوگئی۔

انہوں نے بتایا کہ صوبے میں مزید 31 افراد کا انتقال بھی ہوا، جس سے یہ تعداد 1437 تک پہنچ گئی۔

پنجاب

ملک کے سب سے بڑے صوبے پنجاب میں کورونا وائرس نے مزید ایک ہزار 478 افراد کو اپنا شکار کیا جبکہ 22 افراد لقمہ اجل بنے۔

سرکاری اعداد و شمار کے لیے قائم پورٹل کے مطابق گزشتہ 24 گھنٹوں میں صوبے میں ایک ہزار 478 افراد متاثر ہوئے جس سے مجموعی تعداد 77 ہزار 740 ہوگئی۔

اس کے علاوہ مزید 22 افراد زندگی کی بازی ہار گئے جس سے یہ تعداد 1684 تک پہنچ گئی۔

اسلام آباد

وفاقی دارالحکومت اسلام آباد میں کورونا وائرس نے مزید 170 افراد کو متاثر کیا جبکہ ایک فرد وہاں انتقال کرگیا۔

اعداد و شمار کے مطابق اسلام آباد میں مزید 170 افراد کے متاثر ہونے سے کیسز کی مجموعی تعداد 13 ہزار 82 تک پہنچ گئی۔

اسی طرح ایک فرد کے انتقال کرنے سے مجموعی اموات 129 تک پہنچ گئیں۔

خیبر پختونخوا

محکمہ صحت خیبر پختونخوا نے کورونا کے 232 نئے کیسز کی تصدیق کی جس کے بعد یہاں متاثرین کی تعداد 27 ہزار 170 ہوگئی۔

صوبے میں مزید 10 مریض زندگی کی بازی ہار گئے جس کے بعد خیبر پختونخوا میں اموات کی تعداد 983 ہوگئی ہے۔

بلوچستان

محکمہ صحت بلوچستان کی یومیہ صورتحال کی رپورٹ میں کورونا کے مزید 58 کیسز کی تصدیق کی گئی جس کے بعد صوبے میں متاثرہ افراد کی تعداد 10 ہزار 666 ہوگئی۔

صوبے میں مزید وائرس کا شکار ایک اور مریض جاں بحق ہوگیا جس کے بعد یہاں اموات کی تعداد 122 ہوگئی ہے۔

گلگت بلتستان

ادھر گلگت بلتستان میں کورونا وائرس کے 22 نئے مریض اور 2 اموات سامنے آئیں۔

سرکاری اعداد و شمار کے مطابق علاقے میں سامنے آنے والے نئے کیسز کے بعد مجموعی تعداد 1511 ہوگئی، مزید برآں 2 افراد کے انتقال کرنے سے مجموعی اموات 28 تک جا پہنچی۔

آزاد کشمیر

آزاد کشمیر میں کورونا وائرس کے مزید 42 نئے کیسز اور 2 اموات کا اضافہ دیکھا گیا۔

گزشتہ 24 گھنٹوں میں آزاد کشمیر میں سامنے آنے والے کیسز کے بعد مجموعی تعداد 1135 تک پہنچ گئی۔

اس کے علاوہ 2 اموات کے اضافے نے آزاد کشمیر میں وائرس سے انتقال کرنے والوں کی تعداد کو 32 تک پہنچا دیا۔

صحتیاب افراد

ایک طرف جہاں ملک میں نئے کیسز سامنے آرہے ہیں وہیں صحتیاب ہونے والوں کی تعداد بھی بڑھ رہی ہے۔

اعداد و شمار کے مطابق ملک میں گزشتہ 24 گھنٹوں کے دوران 3 ہزار 892 افراد شفایاب ہوئے جس کے بعد اب تک ملک میں مجموع طور پر صحتیاب ہونے والوں کی تعداد ایک لاکھ 4 ہزار 694 ہوگئی۔

مجموعی صورتحال

ملک میں عالمی وبا کے کیسز، اموات اور صحتیاب افراد کی تعداد میں اضافے کے بعد اگر مجموعی صورتحال پر نظر ڈالیں تو وہ کچھ اس طرح ہے:

مصدقہ کیسز: 220529

اموات: 4515

صحتیاب: 104694

فعال کیسز: 111320

ملک میں اس وائرس سے سب سے زیادہ متاثر صوبے سندھ اور پنجاب ہیں، صوبہ سندھ میں کیسز 89 ہزار 225 ہیں تو وہیں پنجاب میں 77 ہزار 740 تک کیسز پہنچ چکے ہیں۔

صوبہ خیبرپختونخوا میں کورونا وائرس سے 27 ہزار 170 افراد متاثر ہوچکے ہیں جبکہ صوبہ بلوچستان میں وبا میں مبتلا ہونے والوں کی تعداد 10 ہزار 666 ہے۔

علاوہ ازیں وفاقی دارالحکومت اسلام آباد میں 13 ہزار 82، گلگت بلتستان میں 1511 اور آزاد کشمیر 1135 افراد عالمی وبا کا شکار ہوچکے ہیں۔

ملک میں اموات کی صورتحال کچھ یوں ہے:

پنجاب: 1784

سندھ: 1437

خیبرپختونخوا: 983

بلوچستان: 122

اسلام آباد: 129

آزاد کشمیر: 32

گلگت بلتستان: 28


پاکستان میں کورونا وائرس کیسز اور اموات

خیال رہے کہ ملک میں کورونا وائرس کا پہلا کیس 26 فروری 2020 کو کراچی میں سامنے آیا تھا اور 25 مارچ تک کیسز کی تعداد ایک ہزار تک پہنچ چکی تھی۔

تاہم اس کے بعد مذکورہ وائرس نے پاکستان میں اپنے پنجے گاڑنا شروع کردیے اور اب تک 2 لاکھ سے زائد افراد کورونا وائرس سے متاثر ہوچکے ہیں، جبکہ اموات ساڑھے 4 ہزار سے زائد ہیں۔

ملک میں کورونا وائرس کے پہلے کیس سے لے کر اب تک کیا صورتحال رہی اور کس روز کتنے کیسز اور اموات سامنے آئیں؟ مکمل تفصیل جاننے کے لیے یہاں کلک کریں۔

کارٹون

کارٹون : 23 نومبر 2024
کارٹون : 22 نومبر 2024