• KHI: Fajr 5:34am Sunrise 6:54am
  • LHR: Fajr 5:12am Sunrise 6:37am
  • ISB: Fajr 5:20am Sunrise 6:47am
  • KHI: Fajr 5:34am Sunrise 6:54am
  • LHR: Fajr 5:12am Sunrise 6:37am
  • ISB: Fajr 5:20am Sunrise 6:47am

کورونا وائرس: وزیر اعظم کی عیدالاضحیٰ پر خصوصی اقدامات کی ہدایت

شائع July 4, 2020
پاکستان کی برآمدات جولائی 2019 سے مئی 2020 کے دوران خطے کے دیگر ممالک سے بہت بہتر رہیں، بریفنگ — فوٹو: پی آئی ڈی
پاکستان کی برآمدات جولائی 2019 سے مئی 2020 کے دوران خطے کے دیگر ممالک سے بہت بہتر رہیں، بریفنگ — فوٹو: پی آئی ڈی

وزیر اعظم عمران خان نے عیدالاضحیٰ کے موقع پر کورونا وائرس کے حوالے سے ایس او پیز پر سختی سے عملدرآمد کو یقینی بنانے اور وبا کا پھیلاؤ روکنے کے لیے خصوصی اقدامات کی ہدایت کردی۔

وزیر اعظم کے دفتر سے جاری بیان کے مطابق وزیراعظم عمران خان نے نیشنل کمانڈ اینڈ آپریشن سینٹر (این سی او سی) کے قیام کے 100 دن مکمل ہونے کے موقع پر سینٹر کا دورہ کیا۔

وفاقی وزرا، چیف آف آرمی اسٹاف جنرل قمر جاوید باجوہ اور دیگر اعلیٰ حکام بھی اس موقع پر موجود تھے، جبکہ صوبوں کے نمائندے ویڈیو لنک کے ذریعے اجلاس میں شریک ہوئے۔

اجلاس میں وزیراعظم کو ملک میں کورونا وائرس کی موجودہ صورتحال اور اس کے پھیلاؤ کے بارے میں بریفنگ دی گئی۔

وزیراعظم کو پاکستان کی اسمارٹ لاک ڈاﺅن کی حکمت عملی کے تحت صحت اور معاش کے درمیان توازن، ملکی معیشت کو رواں رکھنے اور کورونا کی وبا کی روک تھام کی کوششوں میں غریب اور محنت کش طبقے کے مسائل کے حل جیسے اقدامات کے نتائج سے آگاہ کیا گیا۔

یہ بھی پڑھیں: حکومت کا عیدالاضحیٰ پر انفرادی قربانی کو محدود کرنے پر غور

بریفنگ میں بتایا گیا کہ بین الاقوامی مالیاتی فنڈ (آئی ایم ایف) کے عالمی اقتصادی جائزے کے مطابق 30 ممالک کے گروپ میں سے پاکستان ممکنہ ڈاﺅن ٹرن کو منفی 0.4 سے 1.1 پر واپس لے آیا ہے، جبکہ پاکستان کی برآمدات جولائی 2019 سے مئی 2020 کے دوران خطے کے دیگر ممالک سے بہت بہتر رہیں۔

وزیر اعظم نے کورونا کی وبا کے خلاف موثر ردعمل اور ملک بھر میں مربوط اقدامات یقینی بنانے کے لیے این سی او سی ٹیم کی کوششوں کو سراہا اور کہا کہ سینٹر نے کورونا کے خلاف صورتحال کی روزانہ کی بنیاد پر مانیٹرنگ، صحت کے نظام کی استعداد بڑھانے، قابل اعتبار ڈیٹابیس کی تیاری اور مناسب ایس او پیز کی تشکیل میں قائدانہ کردار ادا کیا ہے۔

انہوں نے کورونا کی صورتحال میں ایس او پیز کی پیروی کرنے اور وبا کا چیلنج کے طور پر مل کرمقابلہ کرنے پر پوری قوم کو سراہا۔

عمران خان نے وبا کے خلاف فرنٹ لائن پر برسر پیکار ڈاکٹروں، پیرامیڈیکل اسٹاف اور ہنگامی صورتحال میں کام کرنے والے ورکرز کی خدمات کو شاندار خراج تحسین پیش کیا۔

مزید پڑھیں: کورونا کے باعث لوگ عیدالاضحیٰ پر اجتماعی قربانی کریں، صدر عارف علوی

انہوں نے کورونا کے حوالے سے ایس او پیز پر سختی سے عمل درآمد یقینی بنانے، اسمارٹ لاک ڈاﺅن کی حکمت عملی کے نفاذ کے لیے ضروری انتظامی اقدامات اٹھانے اور عوامی آگاہی کی مہم جاری رکھنے کی ہدایت کی۔

ان کا کہنا تھا کہ عیدالاضحیٰ کے موقع پر وبا کو مزید پھیلنے سے روکنے کے لیے خصوصی اقدامات کیے جائیں۔

وزیراعظم نے تمام صوبوں بشمول آزاد جموں و کشمیر اور گلگت بلتستان کے ڈاکٹروں، پیرا میڈیکل اسٹاف، ایمرجنسی ورکرز اور انتظامی ٹیموں کے کردار اور خدمات کا بھی اعتراف کرتے ہوئے انہیں سراہا۔

واضح رہے کہ پاکستان میں کورونا وائرس کے کیسز کی تعداد اگرچہ کم ہوئی ہے تاہم اب بھی مزید نئے کیسز سامنے آنے سے مجموعی متاثرین 2 لاکھ 26 ہزار 868 تک پہنچ چکے ہیں جبکہ اموات 4 ہزار 661 ہیں۔

یہ بھی پڑھیں: عیدالاضحیٰ کی نماز کیلئے عیدالفطر والے ایس او پیز ہوں گے، وزیر داخلہ

ملک میں کورونا وائرس کے کیسز کے مقابلے میں صحتیاب افراد کی تعداد تیزی سے بڑھی ہے اور اس وقت فعال کیسز سے زیادہ صحتیاب افراد ہیں۔

پاکستان میں کورونا وائرس کا پہلا کیس 26 فروری کو سامنے آیا تھا جس کے بعد اس وائرس کو یہاں 4 ماہ سے زائد کا عرصہ گزر چکا ہے۔

کارٹون

کارٹون : 22 نومبر 2024
کارٹون : 21 نومبر 2024