• KHI: Maghrib 5:43pm Isha 7:02pm
  • LHR: Maghrib 5:01pm Isha 6:26pm
  • ISB: Maghrib 5:01pm Isha 6:28pm
  • KHI: Maghrib 5:43pm Isha 7:02pm
  • LHR: Maghrib 5:01pm Isha 6:26pm
  • ISB: Maghrib 5:01pm Isha 6:28pm

پی ایس ایل ٹکٹوں کی رقم واپسی کا شیڈول جاری

شائع July 11, 2020 اپ ڈیٹ July 20, 2020
پاکستان سپر لیگ کے ٹکٹوں کے رقم کی واپسی دو مرحلوں میں کی جائے گی— فائل فوٹو: اے ایف پی
پاکستان سپر لیگ کے ٹکٹوں کے رقم کی واپسی دو مرحلوں میں کی جائے گی— فائل فوٹو: اے ایف پی

پاکستان کرکٹ بورڈ (پی سی بی) نے پاکستان سپر لیگ (پی ایس ایل) کے 10میچوں کی ٹکٹوں کی واپسی کے لیے شیڈول جاری کردیا ہے۔

پی سی بی کی جانب ان میچوں کے ٹکٹوں کی رقم واپس کی جائے گی جو بارش کی نذر ہوئے، یا بند دروازوں میں کھیلے گئے یا پھر کووڈ-19 کے باعث ان کا شیڈول تبدیل کردیا گیا۔

مزید پڑھیں: تماشائیوں کی عدم موجودگی میں کھلاڑی ایک دوسرے کی حوصلہ افزائی کریں، مشتاق احمد

ٹکٹوں کی ری فنڈنگ کا عمل پیر سے شروع ہوگا اور پہلا مرحلہ 13 جولائی سے 5 اگست تک جاری رہے گا جس میں کورونا وائرس کے سبب بند دروازوں میں کھیلے گئے پانچ گروپ میچز اور جس میں 29 فروری کو بارش کی نذر ہونے والے میچ کی ٹکٹیں ری فنڈ کی جائیں گی۔

ٹکٹ کی ری فنڈنگ کا دوسرا مرحلہ 6 سے 29 اگست تک جاری رہے گا جہاں لیگ کے ابتدائی شیڈول میں شامل کوالیفائر، دو ایلیمنیٹر اور فائنل میچ کی ٹکٹیں ری فنڈ کی جائیں گی۔

یہ عمل چھ ہفتوں تک جاری رہے گا اور یہ ٹکٹوں کی رقم کی واپسی کا واحد موقع ہے اور اس مدت کے بعد کسی بھی قسم کا دعویٰ ناقابل قبول ہو گا۔

یہ بھی پڑھیں: پی سی بی کی سلیم ملک، دانش کنیریا کو ریلیف دینے سے معذرت

ٹکٹوں کی واپسی کا یہ عمل ملک بھر کے 27 مختلف شہروں کے مخصوص ٹی سی ایس مراکز پر پیر سے ہفتہ تک صبح 10 سے سہ پہر 4 بجے تک جاری رہے گا۔

جن شہروں میں ٹکٹ واپس کیے جائیں گے ان میں اسلام آباد، لاہور، کراچی، کوئٹہ، پشاور اور ملتان کے ساتھ ساتھ چکوال، حیدر آباد، وہاڑی، گوجرانوالہ، بھکر، ڈیرہ غازی خان، سکھر، لودھراں اور وہاڑی بھی شامل ہیں۔

صارفین کو ٹکٹ کی رقم کی واپسی کے لیے ایونٹ کے لیے خریدی گئی ٹکٹ مخصوص ٹی سی ایس مراکز میں جمع کرانا ہو گی تاہم صارفین کو ہدایت کی گئی ہے کہ وہ چہرے پر ماسک پہن کر سماجی فاصلے کو برقرار رکھیں۔

واضح رہے کہ پاکستان سپر لیگ کے چند میچز خراب موسم کی نذر ہو گئے تھے جبکہ کورونا وائرس کے سبب لیگ کے کچھ میچز ملتوی بھی کردیے گئے تھے۔

کارٹون

کارٹون : 22 نومبر 2024
کارٹون : 21 نومبر 2024