• KHI: Fajr 5:34am Sunrise 6:54am
  • LHR: Fajr 5:12am Sunrise 6:37am
  • ISB: Fajr 5:20am Sunrise 6:47am
  • KHI: Fajr 5:34am Sunrise 6:54am
  • LHR: Fajr 5:12am Sunrise 6:37am
  • ISB: Fajr 5:20am Sunrise 6:47am

میران شاہ میں دہشت گردوں کے خلاف کارروائی، پاک فوج کے 4 جوان شہید

شائع July 12, 2020
—فوٹو:آئی ایس پی آر
—فوٹو:آئی ایس پی آر

شمالی وزیرستان کے علاقے میرانشاہ میں دہشت گردوں کے خلاف کارروائی کے دوران پاک فوج کے 4 جوان شہید ہوگئے جبکہ 4 دہشت گردوں کو بھی ہلاک کردیا گیا۔

پاک فوج کے شعبہ تعلقات عامہ (آئی ایس پی آر) کی جانب سے جاری بیان کے مطابق 'ضلع شمالی وزیرستان میں میرانشاہ کے علاقے بویا سے 8 کلومیٹر دور ویزدا میں دہشت گردوں کے ٹھکانوں کے خلاف پاک فوج نے کارروائی کی'۔

مزید پڑھیں:شمالی وزیرستان: چیک پوسٹ پر حملے میں پاک فوج کے 2 جوان شہید

آئی ایس پی آر کے مطابق 'جوانوں نے علاقے کو گھیرے میں لیا تھا کہ دہشت گردوں نے فائرنگ شروع کردی تاہم سیکیورٹی فورسز نے تمام دہشت گردوں کا خاتمہ کردیا'۔

پاک فوج نے اپنے بیان میں کہا کہ 'فائرنگ کے تبادلے کے دوران 4 جوان بھی شہید ہوگئے، بعد ازاں علاقے کو صاف کردیا گیا'۔

آئی ایس پی آر کے مطابق شہید جوانوں کی شناخت سپاہی محمد اسمٰعیل خان، سپاہی محمد شہباز خان یاسین، سپاہی راجا وحید احمد اور سپاہی رضوان خان کے نام سے ہوئی ہے۔

یاد رہے کہ 8 مئی کو میرانشاہ کے علاقے میں ہی ایک سیکیورٹی چیک پوسٹ پر راکٹ حملے میں پاک فوج کے 2 اہلکار شہید ہوگئے تھے۔

یہ بھی پڑھیں:شمالی وزیرستان میں دہشت گردوں کے خلاف کارروائی، پاک فوج کے 2 جوان شہید

قبل ازیں اپریل میں ضلع شمالی وزیرستان میں عسکریت پسندوں کے حملوں میں 10 سیکیورٹی اہلکار شہید اور 6 زخمی ہوئے تھے۔

26 اپریل کو شمالی وزیرستان میں سیکیورٹی فورسز کی جانب سے دہشت گردوں کے خلاف کی گئی کارروائی کے دوران پاک فوج کے دو جوان شہید ہوگئے تھے جبکہ 9 دہشت گردوں کو بھی ہلاک کیا گیا تھا۔

اس سے قبل 14 اپریل کو شمالی وزیرستان میں سیکیورٹی فورسز کے آپریشن کے دوران دہشت گردوں کی فائرنگ سے ایک فوجی اہلکار شہید ہوگیا تھا۔

11 اپریل کو شمالی وزیرستان میں تحصیل میر علی کے قریب فائرنگ کے تبادلے میں 2 سیکیورٹی اہلکار شہید جبکہ 7 عسکریت پسند ہلاک ہوگئے تھے۔

قبل ازیں 8 اپریل کو سیکیورٹی فورسز نے خیبر پختونخوا کے قبائلی اضلاع شمالی وزیرستان اور مہمند میں کارروائی کرکے 7 دہشت گردوں کو ہلاک کردیا تھا۔

سیکیورٹی فورسز نے 19 مارچ کو شمالی وزیرستان میں دہشت گردوں کے خلاف کارروائی کی تھی اور اس دوران فائرنگ کے تبادلے میں پاک فوج کے ایک افسر سمیت 4 جوان شہید ہوگئے تھے جبکہ 7 دہشت گردوں کو بھی مار دیا گیا تھا۔

مزید پڑھیں:شمالی وزیرستان: دہشت گردوں کی فائرنگ سے پاک فوج کے 4 جوان شہید

آئی ایس پی آر کی جانب سے جاری اعلامیے میں کہا گیا تھا کہ ‘ضلع شمالی وزیرستان کے علاقے دتہ خیل کے قریب دہشت گردوں کی موجودگی کی مصدقہ خفیہ اطلاع پر سیکیورٹی فورسز نے ماما زیارت میں کارروائی کی ’۔

اعلامیے میں کہا گیا تھا کہ ‘دتہ خیل کے جنوب مغرب میں 7 کلو میٹر دور ماما زیارت کے علاقے کو سیکیورٹی فورسز نے گھیرے میں لیا تو دہشت گردوں نے ٹھکانوں سے فرار ہونے کے لیے فائر کھول دیا تاہم کارروائی کے دوران 7 دہشت گردوں کو ہلاک کردیا گیا’۔

آئی ایس پی آر کا کہنا تھا کہ ‘فائرنگ کے شدید تبادلے کے نتیجے میں ایک افسر سمیت 4 سیکیورٹی اہلکار شہید ہوگئے اور ایک زخمی ہوگیا’۔

کارٹون

کارٹون : 22 نومبر 2024
کارٹون : 21 نومبر 2024