انگلینڈ کے خلاف ٹیسٹ سیریز کیلئے پاکستان کے 20 رکنی حتمی اسکواڈ کا اعلان
پاکستان نے انگلینڈ کے خلاف تین ٹیسٹ میچوں کی سیریز کے لیے 20 رکنی حتمی اسکواڈ کا اعلان کردیا ہے جس میں سرفراز احمد اور فواد عالم کے ساتھ ساتھ وہاب ریاض شامل ہیں۔
پاکستان کرکٹ بورڈ نے انگلینڈ کے خلاف ٹیسٹ اور ٹی 20 میچوں کی سیریز اور طویل دورے کے پیش نظر 29 رکنی اسکواڈ کا اعلان کیا تھا۔
مزید پڑھیں: پی سی بی نے انگلینڈ میں قومی ٹیم کا سامان ضبط کرنے کی دھمکی مسترد کردی
قومی ٹیم مینجمنٹ نے انگلینڈ کے خلاف 5 اگست سے شروع ہونے والی سیریز کے لیے 20رکنی اسکواڈ کا اعلان کردیا ہے جس میں افتخار احمد کو شامل نہیں کیا گیا۔
امید کی جا رہی تھی کہ دورے سے دستبردار ہونے والے مڈل آرڈر بلے باز حارث سہیل کی جگہ افتخار احمد کو فائنل الیون میں شامل کیا جائے گا لیکن ٹیم مینجمنٹ کی جانب سے انہیں نظرانداز کیے جانے کے بعد فواد عالم کی پہلے ٹیسٹ میچ میں شمولیت کے امکانات بڑھ گئے ہیں۔
گزشتہ سال قیادت سے برطرفی کے بعد ٹیم سے بھی باہر کیے گئے وکٹ کیپر بلے باز سرفراز احمد بھی مذکورہ اسکواڈ کا حصہ ہیں لیکن ان کی ٹیم میں شمولیت کا امکان کم نظر آتا ہے کیونکہ محمد رضوان اولین ترجیح ہیں اور ٹیسٹ میچ میں دو وکٹ کیپرز کے ساتھ میدان میں اترنا بعیدازقیاس نظر آتا ہے۔
یہ بھی پڑھیں: آئی سی سی کا 30 جولائی سے کرکٹ ورلڈ کپ سپر لیگ کا اعلان
20 رکنی ٹیم میں یاسر شاہ اور شاداب خان کے ساتھ ساتھ کاشف بھٹی بھی موجود ہیں لیکن ان دونوں پر بائیں ہاتھ کے اسپنرز کو ترجیح دیے جانے کا کوئی امکان نہیں۔
ایسی صورت میں یاسر شاہ کے ہمراہ فواد عالم بطور اسپن باؤلنگ آپشن مفید ثابت ہو سکتے ہیں۔
انگلینڈ کے خلاف تین ٹیسٹ میچوں کے لیے اعلان کردہ قومی اسکواڈ ان کھلاڑیوں پر مشتمل ہے۔
مزید پڑھیں: متعدد کھلاڑیوں کے کورونا ٹیسٹ مثبت آنے پر شدید دباؤ کا شکار تھے، وسیم خان
اظہر علی(کپتان)، بابر اعظم، عابد علی، اسد شفیق، شان مسعود، امام الحق، محمد رضوان، سرفراز احمد، فواد عالم، شاداب خان، یاسر شاہ، کاشف بھٹی، فہیم اشرف، عمران خان سینئر، شاہین شاہ آفریدی، نسیم شاہ، محمد عباس، سہیل خان، عثمان شنواری اور وہاب ریاض۔