• KHI: Fajr 5:34am Sunrise 6:53am
  • LHR: Fajr 5:12am Sunrise 6:37am
  • ISB: Fajr 5:19am Sunrise 6:46am
  • KHI: Fajr 5:34am Sunrise 6:53am
  • LHR: Fajr 5:12am Sunrise 6:37am
  • ISB: Fajr 5:19am Sunrise 6:46am

افغانستان میں سیلاب سے ہلاکتوں کی تعداد 160 تک پہنچ گئی

شائع August 29, 2020
سیلاب نے بڑی تعداد میں گھروں کو نقصان پہنچایا ہے—فوٹو: اے پی
سیلاب نے بڑی تعداد میں گھروں کو نقصان پہنچایا ہے—فوٹو: اے پی

افغانستان میں حالیہ بارشوں اور سیلاب کے دوران ہونے والی ہلاکتوں کی تعداد 160 تک پہنچ گئی۔

برطانوی خبررساں ادارے رائٹرز کی رپورٹ میں حکام نے بتایا کہ ملک بھر میں رواں ہفتے سیلاب سے 160 لوگ ہلاک ہوئے جبکہ متعدد لوگ بہہ گئے جنہیں ریسکیو ورکز تلاش کررہے ہیں۔

وزارت ڈیزاسٹر منیجمنٹ کے مطابق ملک کے زیادہ تر شمالی حصوں سمیت مجموعی طور پر 13 صوبے سیلاب سے متاثر ہوئے ہیں۔

مزید پڑھیں: افغانستان کا مستقبل، امریکی عزائم اور پاکستان کے لیے امکانات

رپورٹ کے مطابق قومی اور مقامی حکام کا کہنا تھا کہ دارالحکومت کابل کے شمال میں صوبہ پروان میں 116 افراد ہلاک ہوگئے جبکہ 120 سے زائد زخمی ہیں اور 15 تاحال لاپتا ہیں۔

پروان کے گورنر کے ترجمان واحدہ شاہکار کا کہنا تھا کہ ریسکیو ٹیمیں اب بھی علاقے میں موجود ہیں اور لاپتا لاشوں کی تلاش کر رہی ہیں۔

بدھ کو آنے والا سیلاب عمارتوں اور گھروں کو بہا لے گیا تھا، اس بارے میں مقامی پولیس کے ترجمان سلیم نوری کا کہنا تھا کہ بدترین متاثرہ علاقوں میں زیادہ تر کسان اور غیر رسمی کارکنان ہیں جو پہلے ہی معاشی مسائل سے دوچار ہیں جبکہ ساتھ ہی انہوں نے مختلف زخمیوں کے لیے خون کی عطیات کی بھی اپیل کی۔

ادھر وزارت دفاع کا کہنا تھا کہ افغان سیکیورٹی فورسز بحالی کے کاموں اور امداد کی فراہمی میں تعاون کررہی ہیں، مزید یہ کہ فورسز طالبان کی جانب سے بڑھتی مزاحمت سے بھی نمٹنے کی کوششوں میں مصروف ہیں کیونکہ دوحہ میں امن مذاکرات کے آغاز میں تاخیر کا سامنا ہے۔

علاوہ ازیں نیٹو کی جانب سے کہا گیا کہ اس کی فورسز افغان فوج کی مدد کر رہی ہیں اور متاثرہ علاقوں میں خوراک، پانی اور گمبل بھی فراہم کیے گئے ہیں۔

ادھر افغان خبررساں ادارے طلوع نیوز نے وزارت قومی ڈیزاسٹر منیجمنٹ کے بیان کے حوالے سے بتایا کہ اب تک ملک کے متاثرہ صوبوں میں سیلابی صورتحال سے 3 ہزار خاندان متاثر ہوئے ہیں۔

وزارت کے ترجمان تمیم عظیمی کا کہنا تھا کہ متاثرہ خاندانوں کی مدد کے لیے کوششیں جاری ہیں جبکہ پروان صوبے میں کم از کم ایک ہزار خاندانوں کو فوری مدد کی ضرورت ہے۔

رپورٹ میں بتایا گیا کہ گزشتہ ہفتے کے سیلاب میں سب سے زیادہ اموات کابل کے مختلف اضلاع اور ملک کے دیگر حصوں میں ہوئیں جبکہ کابل میں سیلاب متاثرین کے لیے فنڈ جمع کرنے کی مہم کا بھی آغاز کردیا گیا۔

یہ بھی پڑھیں: افغانستان: میٹرنٹی ہوم اور جنازے میں حملوں سے 37 افراد ہلاک

خیال رہے کہ خطے میں افغانستان کے پڑوسی ملک پاکستان میں بھی حالیہ بارشوں و سیلابی صورتحال نے سندھ، پنجاب اور خیبرپختونخوا کے مختلف اضلاع کو بری طرح متاثر کیا تھا۔

گزشتہ دنوں خیبرپختونخوا کے مختلف اضلاع سوات، کوہستان، شانگلہ و دیگر حصوں میں بارشوں و سیلابی صورتحال کے باعث کم از کم 20 افراد کی موت واقع ہوئی تھی۔

اس کے علاوہ سندھ کے مختلف اضلاع میں حالیہ مون سون سیزن اور سیلابی صورتحال کے دوران 80 لوگ جان کی بازی ہار گئے تھے۔

کارٹون

کارٹون : 21 نومبر 2024
کارٹون : 20 نومبر 2024