• KHI: Asr 4:07pm Maghrib 5:42pm
  • LHR: Asr 3:23pm Maghrib 5:00pm
  • ISB: Asr 3:23pm Maghrib 5:00pm
  • KHI: Asr 4:07pm Maghrib 5:42pm
  • LHR: Asr 3:23pm Maghrib 5:00pm
  • ISB: Asr 3:23pm Maghrib 5:00pm

کراچی کی بہتری کیلئے اتنی سنجیدگی پہلے کبھی نہیں دیکھی، گورنر سندھ

شائع September 1, 2020
گورنر سندھ عمران اسمٰعیل—فوٹو: ڈان نیوز
گورنر سندھ عمران اسمٰعیل—فوٹو: ڈان نیوز

گورنر سندھ عمران اسمٰعیل نے کہا ہے کہ وفاق صوبہ سندھ کی مدد کرنا چاہتا ہے اور سیاسی اختلافات کو ایک طرف رکھ کر اس کے لیے سنجیدگی سے کوششیں ہورہی ہیں جو اس سے پہلے کبھی سندھ کے لیے نہیں ہوئیں۔

کراچی میں گورنر سندھ عمران اسمٰعیل اور گورنر پنجاب چوہدری محمد سرور نے مشترکہ پریس کانفرنس کی۔

اس موقع پر گورنر سندھ نے کہا کہ بارش اور اس کے بعد سیلابی صورتحال سے جو تباہی ہوئی وہ پورے سندھ میں یکساں ہیں، خاص طور پر اندرون سندھ میں کراچی سے زیادہ تباہی ہوئی ہے لیکن ہماری میڈیا کا مرکز کراچی اس لیے ہے کیونکہ یہ بڑا شہر ہے، ملک کا معاشی حب ہے اور معیشت میں ریڑھ کی ہڈی کی حیثیت رکھتا ہے اور کراچی بڑھتا ہے تو پاکستان بڑھتا ہے۔

مزید پڑھیں: ہمارے پاس پیسے ہوتے تو بھی سندھ حکومت کو نہیں دیتے، شبلی فراز

انہوں نے کہا کہ کراچی میں نالوں پر قبضے ہوگئے ہیں ظاہر سی بات ہے کسی نے یہ قبضے کرائے ہوں گے، نالوں کے اوپر زمینیں الاٹ ہوئی ظاہر ہے وہ بھی کسی نے الاٹ کی ہوں گی، نالوں کی صفائی نہیں ہوتی اس کا بھی کوئی ذمہ دار ہوگا، اس کے علاوہ وہاں سالڈ ویسٹ پھینکا جاتا ہے جس کا ذمہ دار بھی کوئی ہوگا۔

گورنر سندھ نے کہا کہ اب اس ذمہ داری کا تعین کیا جارہا ہے، ہم کوئی نئی چیز نہیں کر رہے، ہمیں معلوم ہے کہ یہ صوبائی حکومت کی ذمہ داری ہے، سب اختیارات ان کے پاس ہیں وہ اچھے اور برے کے ذمہ دار ہیں۔

تاہم انہوں نے کہا کہ اس وقت معاملات یہ ہیں کہ وفاق صوبہ سندھ کی مدد کرنا چاہتا ہے، چاہے یہاں پیسہ لگایا جائے یا کوئی نیا نظام متعارف کروایا جائے مل کر کام کیا جائے اور سیاسی اختلافات کو ایک طرف رکھا جائے اور اس سلسلے میں بہت سنجیدگی سے کوششیں ہورہی ہیں جو اس سے پہلے کبھی سندھ کے لیے نہیں ہوئیں۔

انہوں نے کہا کہ میں نے کراچی کے لیے اتنی سنجیدہ کوششیں شاید پہلے کبھی نہیں دیکھیں، وزیراعظم نے گزشتہ روز جو اجلاس بلایا تھا وہ انتہائی اہمیت کا حامل تھا جس میں کراچی 'ٹرانسفارمیشن پلان' بنایا گیا ہے اور اس میں بہت زبردست منصوبے کے ساتھ تمام اسٹیک ہولڈرز کے ساتھ شیئر کیا ہے، جس پر جب تمام اسٹیک ہولڈرز اعتماد میں آجائیں گے تو وزیراعظم خود ایک 2 روز میں کراچی آکر خود یہ پلان سامنے لائیں گے جس سے اندازہ ہوگا کہ واقعی کراچی کو اس پلان کی ضرورت تھی۔

بلدیاتی حکومت کی مدت ختم ہونے کے بعد کراچی کے ایڈمنسٹریٹری کی تعیناتی سے متعلق گورنر سندھ کا کہنا تھا کہ ایڈمنسٹریٹر کراچی تمام اسٹیک ہولڈرز کی مشاورت کے ساتھ لگایا جائے گا، غیرجانبدار ایڈمنسٹریٹر ہوگا جو سب کو قابل قبول ہوگا اور ابھی اس طرح کے لوگ ناپید نہیں ہوئے ہیں اور انہیں کے ناموں پر غور ہورہا ہے اور بات چیت ہورہی ہے اور اتفاق رائے کے ساتھ ایڈمنسٹریٹر کو لگا کر اسے اختیارات دیے جائیں گے۔

انہوں نے کہا کہ پورا سندھ ایک طرف، سندھ سے فوکس کراچی اور پھر سی ڈیفنس اور سی بی سی کی طرف ہے کیونکہ پہلی مرتبہ پیسے والے شخص اور علاقے متاثر ہوئے اور اندازہ ہوا ہے کہ جب گھر میں پانی آتا ہے تو کیا تباہی اور بربادی ہوتی ہے۔

یہ بھی پڑھیں: وزیر اعظم کی 'کراچی ٹرانسفارمیشن پلان' کو رواں ہفتے حتمی شکل دینے کی ہدایت

ساتھ ہی انہوں نے کہا کہ ڈیفنس اور سی بی سی والوں کا احتجاج کرنے کا حق ہے کیونکہ وہاں 4 دن سے لائٹ نہیں تھی۔

تاہم ان کا کہنا تھا کہ کراچی میں جو بارش ہوئی یہ ایک انہونی چیز تھی یہ عام بارش نہیں تھی بلکہ قدرتی آفت کے طور پر نازل ہوئی تھی یہ تباہی کے حساب سے دوسرے درجے کی بارش تھی۔

انہوں نے کہا کہ دنیا کا کوئی شہر اس قدر بارش پر اپنی منصوبہ بندی نہیں کرتا کوئی شہر 400 ملی میٹر بارش کی پلاننگ نہیں ہوتی یہ ایک غیر متوقع بارش تھی۔

بات کو آگے بڑھاتے ہوئے انہوں نے کہا کہ کراچی میں اگر سب چیز ٹھیک ہوتی تب بھی بارش سے اتنی تباہی آنا تھی، شہر قائد ایک گھنٹے کی بارش میں ڈوب جاتا ہے تاہم میں یہ پیغام دینا چاہتا ہوں کہ ہم ایک بار مل کر جان، مال کے ساتھ زور لگانا چاہتے ہیں اور اس کراچی کو ٹھیک کرنا ہے۔

ایک سوال کے جواب میں گورنر سندھ کا کہنا تھا کہ وفاقی حکومت کراچی میں 3 فلائی اوورز بنائے، گرین لائنز بنائے، نشترروڈ اور منگھوپیر روڈ بنائے اور 50 فائر ٹینڈرز آئے، یہ ذمہ اگر سندھ حکومت کا ہے تو پھر مجھ سے سوال کیوں کر رہے ہیں کہ وفاق نے کیا کیا۔

بات کو جاری رکھتے ہوئے انہوں نے کہا کہ وفاق جو کچھ بھی کر رہا وہ این ایف سی ایوارڈ کے تحت کر رہا ، صوبائی حکومت کے کسی نمائندے کو حق نہیں پہنچتا کہ وہ وفاق سے پوچھے کہ آپ کیا کر رہے ہیں کیونکہ یہ کام آپ کا ہے اور آپ کو پیسے مل گئے ہیں۔

دوران گفتگو گورنر سندھ کا کہنا تھا کہ وزیراعظم جو کچھ کر رہے ہیں وہ این ایف سی ایوارڈ کے تحت کر رہے ہیں لیکن یہ ان کی ایما ہے کہ وہ کہاں کام کرنا چاہتے ہیں، تاہم ایک بات واضح کردوں کہ یہ مل کر زور لگانے کا وقت ہے جو وزیراعظم کر رہے ہیں اور ایک بہت بڑے منصوبے کے ساتھ آرہے ہیں۔

پریس کانفرنس میں گورنر سندھ نے سوالات کا جواب دیتے ہوئے کہا کہ اکراچی کے معاملے پر جو ایک کمیٹی بنی ہے جس میں وزیراعلیٰ سندھ، ناصر شاہ اور سعید غنی جبکہ اسد عمر، امین الحق اور علی زیدی شامل ہیں، اس کمیٹی میں ایڈمنسٹریٹر کراچی کے حوالے سے بات ہورہی ہے لیکن مجھ سے مشاورت نہیں ہورہی لیکن یہ مشاورت ہورہی کہ کوئی ایسا نام آجائے جس پر سب متفق ہوں تاہم ایڈمنسٹریٹر لگانے کا استحقاق حکومت سندھ کا ہے۔

سندھ کے مستحق لوگوں کو ایک لاکھ راشن فراہم کرنے کا ہدف ہے، گورنر پنجاب

گورنر پنجاب چوہدری محمد سرور—فوٹو: ڈان نیوز
گورنر پنجاب چوہدری محمد سرور—فوٹو: ڈان نیوز

قبل ازیں گورنر پنجاب چوہدری محمد سرور نے گفتگو کرتے ہوئے غیرسرکاری تنظیم اخوت کے بارے میں بتایا اور کہا کہ یہ تنظیم 10 ہزار گھروں کو بلاسود قرضے فراہم کرے گی اور بہت تیزی سے اس پر کام شروع ہوجائےگا۔

انہوں نے کہا کہ سندھ کے لوگ ہمارے بھائی ہیں، ان کی پریشانی ہماری پریشانی ہے اور میں اپنی طرف سے، پنجاب کے وزیراعلیٰ اور لوگوں خاص طور پر وزیراعلیٰ کی طرف سے یہاں اظہار یکجہتی کے لیے حاضر ہوا ہوں اور ہماری کوشش ہوگی کہ جو ممکن ہو وہ مدد کرسکیں۔

مزید پڑھیں: ڈی ایچ اے، کلفٹن میں بارش کے بعد نکاسی آب کی بدترین صورتحال پر مکین سراپا احتجاج

گورنر پنجاب کا کہنا تھا کہ ہمارا ہدف ہے کہ ہم ایک لاکھ راشن بیگ جس میں ایک مہینے کا راشن ہوگا وہ کراچی اور سندھ کے مستحق لوگوں کو پہنچائیں۔

اس موقع پر گورنر پنجاب چوہدری محمد سرور سے وزیراعلیٰ سندھ اور دیگر رہنماؤں سے ملاقات سے متعلق سوال پر کہا کہ جب سندھ میں آئے ہیں تو سب سے ملیں گے اور اظہار یکجہتی کریں گے۔

سابق وزیراعلیٰ پنجاب شہباز شریف کے دورہ کراچی سے متعلق سوال پر انہوں نے کہا کہ ہم سب پاکستانی ہیں اور ملک میں جہاں کہیں بھی آفت آتی ہے اور کوئی بھی اظہار یکجہتی کے لیے کہیں بھی جاتا ہے اس پر کوئی تنقید نہیں کرسکتا۔

انہوں نے کہا کہ جب سیلاب اور زلزلہ آیا تھا تو کراچی کے بھائیوں نے اپنی تجوریاں کھول دی تھیں اور وہ تمام لوگوں کے دکھ و درد میں شامل ہوئے تھے، ہمارے لیے ہر ملک کا حصہ اہم ہے اور اسی جذبے کے تحت ہم پنجاب سے آئے ہیں۔

کارٹون

کارٹون : 25 نومبر 2024
کارٹون : 24 نومبر 2024