• KHI: Zuhr 12:18pm Asr 4:07pm
  • LHR: Zuhr 11:49am Asr 3:24pm
  • ISB: Zuhr 11:54am Asr 3:24pm
  • KHI: Zuhr 12:18pm Asr 4:07pm
  • LHR: Zuhr 11:49am Asr 3:24pm
  • ISB: Zuhr 11:54am Asr 3:24pm

پاکستان کی مالی شعبے میں مدد کیلئے ایشیائی ترقیاتی بینک کی 30 کروڑ ڈالر کی منظوری

شائع September 28, 2020
اس پروگرام کے تحت مجوزہ اصلاحات سے مالی مصالحت کی لاگت میں کمی آئے گی، سینئر پروجیکٹ افسر — فائل فوٹو / اے ایف پی
اس پروگرام کے تحت مجوزہ اصلاحات سے مالی مصالحت کی لاگت میں کمی آئے گی، سینئر پروجیکٹ افسر — فائل فوٹو / اے ایف پی

ایشیائی ترقیاتی بینک (اے ڈی بی) کے پاکستان کے جدوجہد کرتے مالیاتی شعبے کو مضبوط بنانے میں مدد کے لیے 30 کروڑ ڈالر قرض کی منظوی دے دی۔

ترک نیوز ایجنسی 'انادولو' کی رپورٹ کے مطابق بینک کی عہدیدار نے کہا کہ یہ قرض، پاکستان میں نجی شعبے کی سرمایہ کاری کی حوصلہ افزائی اور مسابقتی کیپیٹل مارکیٹس کے قیام کے لیے اٹھائے گئے اقدامات میں مدد کے لیے استعمال کیا جائے گا۔

ایشیائی ترقیاتی بینک کی سینئر پروجیکٹ افسر ثنا مسعود نے کہا کہ 'اس پروگرام کے تحت مجوزہ اصلاحات سے مالی مصالحت کی لاگت میں کمی آئے گی اور نجی شعبے کے سرمائے کے ذریعے پائیدار ترقی اور روزگار کے مواقع پیدا کرنے میں مدد ملے گی۔'

اپنے بیان میں انہوں نے کہا کہ 'اس قرض سے کیپیٹل مارکیٹ میں عدم استحکام کے معیشت پر پڑنے والے منفی اثرات میں کمی آئے گی اور پاکستان کے مالیاتی نظام میں تنوع میں مدد ملے گی۔'

یہ بھی پڑھیں: ایشیائی ترقیاتی بینک نے پاکستان کیلئے 30 کروڑ ڈالر کے امدادی قرض کی منظوری دے دی

اس وقت پاکستان کی کیپیٹل مارکیٹس مالی مصالحت اور وسائل کو متحرک کرنے میں محدود کردار ادا کرتی ہیں۔

ثنا مسعود نے کہا کہ پاکستان اسٹاک ایکسچینج میں سرمایہ کاروں اور سرمایہ بڑھانے والی کمپنیوں کی تعداد کم ہے۔

انہوں نے کہا کہ پاکستان اسٹاک مارکیٹ میں ڈھائی لاکھ سے بھی کم انفرادی سرمایہ کاروں یا آبادی کا صفر اعشاریہ 1 فیصد حصے کا اکاؤنٹ ہے اور مجموعی قومی پیداوار کے حساب سے پی ایس ایکس مارکیٹ کیپٹلائزیشن میں خطے کی بیشتر حصص مارکیٹوں سے پیچھے ہے۔

واضح رہے کہ ایشیائی ترقیاتی بینک نے گزشتہ دو دہائیوں کے دوران تین پالیسی بیسڈ قرضوں کے ذریعے پاکستان کی مالیاتی مارکیٹوں کی ترقی کے لیے مدد فراہم کی ہے۔

پاکستانی حکومت اور بینک نے طویل المدتی قومی کیپیٹل مارکیٹ کے ماسٹر پلان کے قیام کے لیے ایک پروگرام تشکیل دینے پر اتفاق کیا تھا تاکہ مضبوط حکومتی ملکیت اور ایجنسیوں کے درمیان روابط قائم ہوسکے۔

مزید پڑھیں: ایشیائی ترقیاتی بینک کا ترقی پذیر ممالک کیلئے 20 ارب ڈالر کے پیکج کا اعلان

پروگرام کے تحت اہم اصلاحات پر عملدرآمد میں مدد کے لیے بینک 8 لاکھ ڈالر کی تکنیکی معاونت بھی فراہم کرے گا۔

جون میں ایشیائی ترقیاتی بینک اور عالمی بینک دونوں نے کورونا وائرس کی پابندیوں کے باعث مشکلات سے دوچار پاکستانی معیشت کو سہارا دینے کے لیے 50، 50 کروڑ ڈالر قرض فراہم کیے تھے۔

19 مئی کو بھی اے ڈی بی نے پاکستان کے صحت کے شعبے اور معاشرے کے نادار طبقے کی ضرورتوں کو پورا کرنے کے لیے بھی 30 کروڑ ڈالر قرض کی منظوری دی تھی۔

کارٹون

کارٹون : 23 نومبر 2024
کارٹون : 22 نومبر 2024