• KHI: Zuhr 12:18pm Asr 4:07pm
  • LHR: Zuhr 11:49am Asr 3:24pm
  • ISB: Zuhr 11:54am Asr 3:24pm
  • KHI: Zuhr 12:18pm Asr 4:07pm
  • LHR: Zuhr 11:49am Asr 3:24pm
  • ISB: Zuhr 11:54am Asr 3:24pm

سپریم کورٹ: سنتھیا رچی کیس میں ہائیکورٹ کے فیصلے کے خلاف رحمٰن ملک کی اپیل مسترد

شائع October 1, 2020
میڈیا نمائندوں سے گفتگو کرتے ہوئے سنتھیا رچی نے کہا کہ عدالت عظمیٰ نے اپنے حکم میں انصاف کیا ہے —فائل فوٹو: ڈان نیوز
میڈیا نمائندوں سے گفتگو کرتے ہوئے سنتھیا رچی نے کہا کہ عدالت عظمیٰ نے اپنے حکم میں انصاف کیا ہے —فائل فوٹو: ڈان نیوز

اسلام آباد: سپریم کورٹ نے سنتھیا رچی سے متعلق کیس میں پاکستان پیپلز پارٹی (پی پی پی) کے رہنما رحمٰن ملک کی اپیل کو مسترد کرتے ہوئے اسلام آباد ہائی کورٹ کا فیصلہ برقرا رکھا۔

ڈان اخبار کی رپورٹ کے مطابق یکم ستمبر کو اسلام آباد ہائی کورٹ نے سنتھیا رچی کی جانب سے مبینہ ریپ پر رحمٰن ملک کے خلاف اندراج مقدمہ کی درخواست پر ایڈیشنل ڈسٹرک اینڈ سیشن جج ناصر جاوید رانا کے فیصلے کو مسترد کرتے ہوئے کیس پر نظر ثانی کا حکم دیا تھا۔

جسٹس مشیر عالم کی سربراہی میں سپریم کورٹ کے 3 رکنی بینچ نے ایڈووکیٹ جنرل اسلام آباد نیاز اللہ خان کی جانب سے اسلام آباد ہائی کورٹ کے فیصلے کی حمایت پر معاملہ دوبارہ جسٹس آف پیس کو بھجوانے کا فیصلہ کیا۔

یہ بھی پڑھیں: سنتھیا رچی کیس میں رحمٰن ملک کی اپیل پر سپریم کورٹ نے نوٹسز جاری کردیے

فیصلہ سننے کے بعد میڈیا نمائندوں سے گفتگو کرتے ہوئے سنتھیا رچی نے کہا کہ عدالت عظمیٰ نے اپنے حکم میں انصاف کیا ہے اس کا فیصلہ ان افراد کے لیے واضح پیغام ہے جو عورت کی آواز دبانے کی کوشش کرتے ہیں۔

خیال رہے کہ 28 ستمبر کو ہونے والی سماعت میں سپریم کورٹ نے فریقین کو نوٹسز جاری کرتے ہوئے ایڈووکیٹ جنرل اسلام آباد کو طلب کیا تھا جبکہ ایڈووکیٹ سیف الملوک نے سنتھیا رچی کی نمائندگی کی۔

اس سے قبل ایڈیشنل اینڈ سیشن جج نے'اپنے جسٹس آف پیس کے دائرہ اختیار میں' کوڈ آف کرمنل پروسیجر 1898 (سی آر پی سی) کی دفعہ 22-اے، 22-بی کے تحت سنتھیا رچی کی درخواست مسترد کردی تھی جس میں پولیس کو رحمٰن ملک کے خلاف مقدمہ درج کرنے کا حکم دینے کی استدعا کی گئی تھی۔

تاہم یکم ستمبر کو عدالت عالیہ نے ریپ الزام پر ایف آئی آر درج کرنے کا معاملہ نظرِ ثانی کے لیے دوبارہ جسٹس آف پیس بھجوادیا تھا۔

مزید پڑھیں: سنتھیا رچی کو بیان حلفی جمع کرانے کا حکم، ملک بدری سے روکنے کے حکم میں توسیع

رحمٰن ملک کی نمائندگی کرنے والے سینئر وکیل سردار لطیف کھوسہ نے دلیل دیتے ہوئے کہا کہ جسٹس آف پیس کو اس کے فیصلے پر نظرِ ثانی کی ہدایات، الزامات لگا کر انگلیاں اٹھانے کے رجحان کی حوصلہ افزائی کرے گا پھر چاہے وہ وزیراعظم ہو، چیف جسٹس یا کوئی بھی اہم شخصیت ہو۔

درخواست میں کہا گیا تھا کہ ہائی کورٹ اس بات کی تعریف کرنے میں ناکام رہی کہ واقعے سے متعلق کوئی میڈیکو لیگ رپورٹ، کیمیائی تجزیے، ڈی این اے یا کوئی گواہ موجود نہیں، درخواست گزار نے کہا کہ جسٹس آف پیس اندراج مقدمہ کی درخواست کو مسترد کرنے پر حق بجانب تھے۔

سنتھیا رچی تنازع

خیال رہے کہ امریکی بلاگر سنتھیا رچی کافی عرصے سے پاکستان میں مقیم ہیں لیکن چند ماہ قبل سابق وزیراعظم بینظیر بھٹو کے حوالے سے ایک ’نامناسب‘ ٹوئٹ کے بعد ان کے پیپلز پارٹی سے اختلافات کھل کر سامنے آئے تھے۔

پی پی پی رہنماؤں کی جانب سے ان کے خلاف مقدمہ درج کروانے کے لیے عدالت سے رجوع کیا گیا جہاں سے حکام کو امریکی بلاگر کے خلاف قانون کے مطابق کارروائی کا حکم جاری ہوا، انہوں نے اس کارروائی کو روکنے کے لیے اسلام آباد ہائی کورٹ میں درخواست دائر کی تاہم وہ مسترد ہوگئی۔

یہ بھی پڑھیں: سنتھیا رچی کے خلاف درخواست پر سماعت، 'بزنس ویزے پر سیاسی بیانات غیر قانونی'

دوسرا اور سب سے اہم معاملہ سنتھیا رچی کی جانب سے سابق وزیر داخلہ رحمٰن ملک پر ریپ اور پی پی پی کے دو دیگر رہنماؤں پر دست درازی کرنے کا الزام عائد کیا جانا تھا۔

مذکورہ الزامات پر سابق وزیراعظم یوسف رضا گیلانی اور رحمٰن ملک کی جانب سے امریکی بلاگر کو ہتک عزت کے نوٹسز بھجوائے گئے تھے۔

کارٹون

کارٹون : 23 نومبر 2024
کارٹون : 22 نومبر 2024