• KHI: Asr 4:07pm Maghrib 5:43pm
  • LHR: Asr 3:24pm Maghrib 5:00pm
  • ISB: Asr 3:24pm Maghrib 5:01pm
  • KHI: Asr 4:07pm Maghrib 5:43pm
  • LHR: Asr 3:24pm Maghrib 5:00pm
  • ISB: Asr 3:24pm Maghrib 5:01pm

سابق حکمران فوج کو پنجاب پولیس بنانا چاہتے تھے، عمران خان

شائع October 9, 2020 اپ ڈیٹ October 10, 2020
—فوٹو:ڈان نیوز
—فوٹو:ڈان نیوز

وزیراعظم عمران خان نے سابق وزیراعظم نواز شریف پر تنقید کرتے ہوئے کہا کہ اس وقت بھارت کا ایجنڈا لے کر چلنے والے لوگ یہ ہیں، آئی ایس آئی کو ان کی چوری کا پتہ ہوتا ہے اس لیے ہر آرمی چیف سے ان کو مسئلہ ہے کیونکہ یہ فوج کو پنجاب پولیس بنانا چاہتے تھے۔

اسلام آباد میں آل پاکستان انصاف لائرز فورم کے زیر اہتمام سیمینار سے خطاب کرتے ہوئے وزیر اعظم عمران خان نے کہا کہ حضرت علیؓ کا قول ہے کہ کفر کا نظام چل سکتا ہے لیکن ناانصافی اور ظلم کا نظام نہیں چل سکتا۔

عمران خان نے کہا کہ میں انتخابات سے پہلے مدینے کی ریاست کا ذکر اس لیے نہیں کرتا تھا کیونکہ یہ نہ سمجھا جائے کہ میں جیت کے لیے یہ بات کر رہا ہوں لیکن حکومت میں آنے کے بعد بار بار اس کا ذکر کرتا ہوں۔

ان کا کہنا تھا کہ وکلا کے اوپر بڑی ذمہ داری ہے کیونکہ مدینہ کی ریاست کی بنیاد قانون پر قائم تھی اور کوئی قانون سے اوپر نہیں تھا اور یہ معاشرے کی بنیاد ہے۔

انہوں نے کہا کہ کوئی بھی معاشرہ اس وقت تک دوسروں کا مقابلہ نہیں کرسکتا جب تک قانون کی بالادستی یا قانون کی حکمرانی نہیں ہوتی۔

'بے روزگار سیاست دان خود کو قانون سے بالاتر سمجھتے ہیں'

وزیراعظم نے کہا کہ پاکستان کے لیے یہ وقت بڑا فیصلہ کن ہے، یہ جو بے روزگار سیاست دان اکٹھے ہوئے ہیں، کیونکہ یہ قانون کی بالادستی نہیں مانتے، اصل میں کہتے ہیں کہ ہم قانون سے بالاتر ہیں اور جواب دہ نہیں ہیں، ہمیں کوئی ہاتھ نہ لگائے اور اگر کسی نے ہاتھ لگایا تو وہ انتقامی کارروائی ہوگی۔

عمران خان نے کہا کہ جے آئی ٹی کے پورے دو سال بعد عدالت فیصلہ کرتی ہے اور اگلا کہتا ہے مجھے کیوں نکالا اور پاکستان کے سپریم کورٹ کا فیصلہ نہیں مانتا، کہتا ہے کہ مجھے کیوں نکالا اور اس فیصلے کو نہیں مانتے اور اس کا خاندان بھی نہیں مانتا کیونکہ وہ سمجھتے ہیں کہ پاکستان کا قانون ہمارے لیے نہیں ہے۔

یہ بھی پڑھیں:نیب کی نواز شریف کا پاسپورٹ، شناختی کارڈ بلاک کرنے کی درخواست

ان کا کہنا تھا کہ یہ دیکھیں کہ 30 سال پہلے ان کے پاس کیا تھا اور آج کیا ہے، اگر یہ کلاس سمجھتی ہے کہ سڑکوں پر نکل کر عمران خان کو بلیک میل کریں گے تو یہ سارے مل کر دو سال بھی جلسے کریں گے تو ہمارا ایک جلسہ ان سے زیادہ تھا۔

انہوں نے کہا کہ لوگ کسی مقصد اور نظریے، ظلم کا مقابلہ کرنے کے لیے نکلتے ہیں، لوگ کسی کی چوری بچانے کے لیے نہیں نکلتے، خود لندن میں بیٹھا ہوا ہے اور کارکنوں کو کہہ رہا ہے کہ سڑکوں پر نکلیں لیکن ان کو قیمے کے نان بھی کھلائیں تب بھی نہیں نکلیں گے، مجھے معلوم ہے کہ وہ پیسہ بھی چلانے کی کوشش کریں گے لیکن میں ان کے کارکنوں سے کہتا ہوں کہ پیسے لو، قیمے کے نان بھی کھائیں اور آرام سے گھر بیٹھیں۔

پاکستان مسلم لیگ (ن) کے رہنما محمد زبیر کے حوالے سے ان کا کہنا تھا کہ 'ہمارے وزیر کے ایک بھائی ہیں انہوں نے ٹی وی پروگرام میں نواز شریف کو آیت اللہ خمینی سے ملادیا، کہتا ہے کہ آیت اللہ خمینی بھی ملک سے باہر گیا تھا لیکن میں سوچتا ہوں کہ اس طرح کیا لوگوں کو بے وقوف بنایا جاسکتا ہے کہ خمینی باہر گیا تھا، آیت اللہ خمینی کو زبردستی بندوق کی نوک پر باہر بھیجا گیا تھا جبکہ یہاں منتیں کرکے باہر چلے گئے'۔

'نواز شریف کی بیماریوں کے ذکر پر شیریں مزاری کی آنکھوں میں آنسو آگئے'

ان کا کہنا تھا کہ 'ہماری کابینہ کا اجلاس ہو رہا تھا، ہمیں ایک عدالت نے کہا کہ نواز شریف کو کچھ ہوگیا تو حکومت ذمہ دار ہوگی، اب عدالت کا بھی احترام کرتے ہیں، کابینہ کا 6 گھنٹے اجلاس ہوا جہاں ڈاکٹر بیٹھے ہوئے ہیں اور بیماریاں بتارہے ہیں، ہم سب پریشان ہیں ایک آدمی کو اتنی ساری بیماریاں کیسے ہوسکتی ہیں'۔

عمران خان کا کہنا تھا کہ 'جب ان کی ساری بیماری بتائی گئیں تو ہماری انسانی حقوق کی وزیر شیریں مزاری کی آنکھوں میں آنسو آگئے، اگر شیریں مزاری کی آنکھوں میں آنسو آئے تو سوچیں کس طرح کی بیماریاں ہمیں بتائی گئی ہوں گی، ہمیں خوف آگیا کہ یہ جہاز کی سیڑھیوں پر بھی چڑھ سکے گا یا نہیں'۔

وزیراعظم نے کہا کہ 'جیسے ہی لندن کی ہوا لگی ہے ایک اور نواز شریف نکلا ہے اور زبیر اس کا مقابلہ آیت اللہ خمینی سے کر رہے ہیں'۔

ان کا کہنا تھا کہ تین دفعہ کا وزیراعظم اپنی جائیداد سے متعلق ایک مصدقہ دستاویز نہیں دکھا سکا کہ یہ اربوں روپے باہر کیسے گئے، اگر میں ایک کرکٹر ہوکر 40 سال پہلے کا معاہدہ عدالت کو دکھا سکتا ہوں لیکن وہ ایک دستاویز نہیں دکھا سکا۔

انہوں نے کہا کہ ان کے لوگوں کو شرم نہیں آتی کہ ایک غریب ملک سے پیسہ باہر لے کر گیا، میں نے سوچا کہ کوئی اتنا بڑا بیوقوف ہوگا اور وہ سمجھے گا کہ واقعی وہ ایمان دار ہے لیکن پھر چند دن پہلے میں نے دیکھا کہ ان کا ایک سینئر عہدیدار رات کے 3 بجے ایک خاتون کے گھر تنظیم سازی کرنے چلا گیا۔

مزید پڑھیں: توشہ خانہ ریفرنس: آصف زرداری پر فرد جرم عائد، نواز شریف اشتہاری قرار

وزیراعظم عمران خان نے کہا کہ ‘حیران ہوا کہ اس خاتون کے بھائیوں نے اس کو کیوں مارا تو پھر میں نے سوچا کہ ان کی پارٹی میں واقعی ایسے لوگ ہوں گے جو سمجھتے ہیں کہ ایمان داری سے پیسہ باہر لے کر گیا’۔

ان کا کہنا تھا کہ جب کسی ملک کا حکمران کرپشن کرنے لگتا ہے تو وہ ملک ترقی نہیں کرتا اور مسائل پیدا ہوتے ہیں۔

انہوں نے کہا کہ پاکستان کو بڑے مشکلوں سے نکالا، شروع میں ڈیفالٹ سے بچے، کورونا سے نکلا، عالمی ادارہ صحت کہتا ہے کہ پاکستان دنیا میں ان چار ممالک میں شامل ہے جو کورونا سے نکلا۔

'اپوزیشن نے بلیک میل کرنے کی کوشش کی'

عمران خان کا کہنا تھا کہ اس سے نکلے تو ڈاکوؤں کے اتحاد نے ہمیں ایف اے ٹی ایف کے قانون میں پھنسانے کی کوشش کی، انہوں نے کہا کہ ایف اے ٹی ایف میں پھنس جاتے ہیں تو دیوالیہ ہوجائیں گے اور معیشت تباہ ہوجائے گی۔

اپوزیشن کا حوالہ دیتے ہوئے انہوں نے کہا کہ این آر او لینے کے لیے ہمیں بلیک میل کرنے کی کوشش کی اور منافقت ہے کہ کوئی این آر او نہیں مانگا، حالانکہ انہوں نے 38 میں سے 34 شقوں کو تبدیل کرنے پر حمایت کی بات کی۔

انہوں نے کہا کہ ادھر سے نکلے تو اب یہ گھبرائے ہیں کیونکہ اب پاکستان اوپر جارہا ہے، ساری دنیا میں مشکل حالات ہیں لیکن پاکستان میں پچھلے مہینے سیمنٹ کی فروخت پاکستان کی تاریخ میں سب سے زیادہ ہوئی ہے۔

یہ بھی پڑھیں:وزیراعظم عمران خان کسی کو بھی این آر او نہیں دیں گے، شبلی فراز

ان کا کہنا تھا کہ پچھلے مہینے موٹرسائیکلوں کی فروخت بھی ریکارڈ ہوئی ہے جس کا مطلب ہے کہ ملک آگے نکل رہا ہے اور ہم بحران سے نکل رہے ہیں، اس لیے انہیں حکومت تبدیل کرنے کی جلدی ہے۔

'یہ بھارت کا ایجنڈا لے کر چل رہے ہیں'

انہوں نے کہا کہ ‘انہوں نے پاکستانی فوج پر جو حملے کیے اور زبان استعمال کی ہے، اس پر ایک بات کہوں گا کہ اگر اس وقت کوئی بھارت کا ایجنڈا لے کر پھرتا ہے تو وہ یہ ہیں، پاکستانی فوج کے لیے جو زبان استعمال کر رہے ہیں یہ وہی ایجنڈا ہے جو ایف اے ٹی ایف کا ہے اور پاکستان کو بلیک لسٹ کرنے کے لیے بھارت پوری کوشش کر رہا ہے’۔

عمران خان نے کہا کہ ‘مجھے پاکستانی فوج سے کوئی مسئلہ کیوں نہیں ہے، کون سا ایسا کام ہے جس میں فوج نے ہمارے منشور پر عمل نہیں کیا’۔

وزیر اعظم نے کہا کہ ‘یہ وہی ایجنڈا ہے کہ پاکستانی فوج کمزور ہوتی ہے تو پھر خود دیکھیں کہ مسلم دنیا میں کیا ہو رہا ہے، لیبیا، شام، عراق اور افغانستان میں کیا ہوا، صومالیہ اور یمن میں کیا ہو رہا ہے، پوری مسلمان دنیا میں آگ لگی ہوئی ہے’۔

ان کا کہنا تھا کہ ‘دہشت گردی کی جو جنگ چلی اس کے باوجود آج ہم ان کی قربانیوں کی وجہ سے محفوظ ہیں اور یہ پاکستانی فوج کے اوپر جو انگلیاں اٹھا رہے ہیں ان سے سوال ہے کہ مجھے کوئی مسئلہ کیوں نہیں ہے’۔

'ہمارا کون سا منشور ہے جس میں فوج نے مدد نہیں کی'

انہوں نے کہا کہ ‘پاکستانی فوج، حکومت کے ایجنڈے پر ہر جگہ کھڑی ہے، کون سا ایسا منشور ہے جس میں ہماری فوج نے مدد نہیں کی بلکہ جہاں فوج نہیں کرتی جیسے کورونا میں وہاں بھی اس نے ہماری مدد کی’۔

عمران خان کا کہنا تھا کہ ‘فوج نے کراچی میں مدد کی اور نالوں میں کام کی وجہ سے کراچی بچ گیا’۔

ان کا کہنا تھا کہ ‘مسئلہ یہ ہے کہ اگر آج عمران خان پیسہ بنانا شروع کردے اور اگر میں یہاں سے پیسہ چوری کرکے باہر لے جاؤں تو سب سے پہلے ہماری آئی ایس آئی کو پتہ چلے گا کیونکہ آئی ایس آئی دنیا کی ٹاپ ایجنسی ہے اور لوگ اس کو مانتے ہیں’۔

انہوں نے کہا کہ ‘ان کو اس لیے مسئلہ ہے کہ باقی اداروں کو کنٹرول کرکے بیٹھ جاتے ہیں، سپریم کورٹ میں جسٹس کھوسہ نے کہا کہ تمام ادارے مفلوج کردیے گئے ہیں اور کوئی ادارہ آزادانہ کام نہیں کر رہا ہے’۔

وزیراعظم کا کہنا تھا کہ ‘آئی ایس آئی کو ان کی ساری چوری کا پتہ ہے اور ادھر لڑائی ہوتی ہے، اس لیے نواز شریف کی ہر آرمی چیف سے لڑائی ہوجاتی ہے کیونکہ وہ اس کو پنجاب پولیس بنانا چاہتا ہے’۔

مزید پڑھیں:نواز شریف کی واپسی کیلئے قانونی حکمت عملی تیار کرنے کی ہدایت

انہوں نے کہا کہ ‘کیونکہ فوج کو پتہ ہے اور جب پتہ چل جاتا ہے تو ان کو بتاتے ہیں اس لیے ڈر ہے، نواز شریف نے کہا کہ آئی ایس آئی کے جنرل ظہیرالاسلام نے استعفے کا کہا تو کیوں کہا اور تم نے چپ کر کے کیوں سنا کیونکہ ظہیرالاسلام کو پتہ تھا کہ تم نے کتنا پیسہ چوری کیا ہوا ہے’۔

اپوزیشن پر بات کرتے ہوئے انہوں نے کہا کہ ‘ان کا مسئلہ کوئی جمہوریت نہیں ہے، جمہوری تو میں ہوں، سب سے زیادہ ووٹ لے کر آیا ہوں، پاکستان کی تاریخ میں 5 حلقوں سے جیت کر آیا ہوں’۔

ان کا کہنا تھا کہ ‘2013 اور 2018 کے انتخابات کا ریکارڈ اٹھا کر دیکھ لیں، 2018 میں 90 پٹیشنز تھیں جن میں سے آدھی تحریک انصاف کی تھیں، پٹیشن بھی 50 فیصد کم اور تحریک انصاف کی زیادہ ہیں تو اگر دھاندلی ہوتی تو ہمیں اب تک اتحاد کی ضرورت نہیں ہوتی’۔

عمران خان نے کہا کہ ‘ان کا عدلیہ، فوج اور سب کو برا بھلا کہنے کا ایک مقصد ہے کہ کسی طرح ان کو این آر او ملے گا، جس دن ان کو این آر او مل گیا اس دن تباہی ہوگی اور پاکستان نیچے چلا جائے گا، قانون کی بالادستی ختم ہوجائے گی’۔

’جتنے مرضی جلسے کرلیں، قانون توڑا تو سیدھے جیل جائیں گے‘

انہوں نے کہا کہ ‘جتنے مرضی جلسے کرنا ہے کریں لیکن جہاں قانون توڑا آپ سیدھے جیل میں جائیں گے اور اب وی آئی پی جیل نہیں بلکہ جہاں غریب مجرم ہوتا ہے وہاں جائیں گے’۔

وزیر اعظم نے کہا کہ ‘آل پاکستان انصاف لائرز فورم کے سارے وکلا کو صحت کارڈ دلواؤں گا کیونکہ زیادہ تر وکیل مشکل میں ہوتے ہیں، نیا پاکستان ہاؤسنگ کے تحت بھی وکلا کی مدد کریں گے’۔

انہوں نے کہا کہ ‘معاہدوں پر جب دستخط ہوتے ہیں تو وکیل موجود ہوتے ہیں اور یہ ساری دنیا میں ہوتا ہے، اس سے وکلا کے لیے آمدنی بھی ہوتی ہے تو یہ تینوں چیزیں کریں گے’۔

کارٹون

کارٹون : 23 نومبر 2024
کارٹون : 22 نومبر 2024