• KHI: Zuhr 12:18pm Asr 4:07pm
  • LHR: Zuhr 11:49am Asr 3:24pm
  • ISB: Zuhr 11:54am Asr 3:24pm
  • KHI: Zuhr 12:18pm Asr 4:07pm
  • LHR: Zuhr 11:49am Asr 3:24pm
  • ISB: Zuhr 11:54am Asr 3:24pm

بوسنیا ہرزیگووینا پریذیڈنسی کے چیئرمین شفیق جعفرووچ کیلئے نشان پاکستان کا اعزاز

شائع November 5, 2020
صدر مملکت ڈاکٹر عارف علوی سے بوسنیا ہرزیگووینا کی پریذیڈنسی کے چیئرمین نے ایوان صدر میں ملاقات کی — فوٹو: پی آئی ڈی
صدر مملکت ڈاکٹر عارف علوی سے بوسنیا ہرزیگووینا کی پریذیڈنسی کے چیئرمین نے ایوان صدر میں ملاقات کی — فوٹو: پی آئی ڈی

صدر مملکت ڈاکٹر عارف علوی نے بوسنیا ہرزیگووینا کی پریذیڈنسی کے چیئرمین شفیق جعفرووچ کو پاکستان کے اعلیٰ ترین سول ایوارڈ ’نشان پاکستان‘ عطا کردیا۔

سرکاری خبر رساں ایجنسی ’اے پی پی‘ کے مطابق صدر مملکت ڈاکٹر عارف علوی سے بوسنیا ہرزیگووینا کی پریذیڈنسی کے چیئرمین شفیق جعفرووچ نے ایوان صدر میں ملاقات کی۔

ایوان صدر سے جاری اعلامیہ کے مطابق دونوں رہنماؤں نے ایک دوسرے کے بنیادی قومی مفاد کے معاملات پر باہمی حمایت جاری رکھنے کے عزم کا اعادہ کیا اور سیاست، معیشت، ثقافت، دفاع اور عوامی سطح پر رابطوں سمیت مختلف شعبوں میں دوطرفہ تعلقات کو مزید مضبوط بنانے کی ضرورت پر زور دیا۔

صدر مملکت نے بوسنیا کی پریذیڈنسی کے چیئرمین کا پرتپاک خیرمقدم کیا اور دونوں ممالک کے دیرینہ اور برادرانہ تعلقات پر اطمینان کا اظہار کیا۔

یہ بھی پڑھیں: پاکستان، بوسنیا کے درمیان غیر قانونی مہاجرین سے متعلق معاہدے پر دستخط

انہوں نے کہا کہ دونوں ممالک کے درمیان خیر سگالی کو ٹھوس تعاون میں تبدیل کرنے کی ضرورت ہے۔

— فوٹو: پی آئی ڈی
— فوٹو: پی آئی ڈی

ان کا کہنا تھا کہ بوسنیا کی پریذیڈنسی کے چیئرمین کے دورہ سے دونوں ممالک کے برادرانہ تعلقات مزید مضبوط ہوں گے۔

ڈاکٹر عارف علوی نے بوسنیا کی پریذیڈنسی کے چیئرمین کو مقبوضہ جموں و کشمیر میں انسانی حقوق کی سنگین اور منظم خلاف ورزیوں کے ساتھ ساتھ 5 اگست 2019 کے بھارت کے غیر قانونی اور یکطرفہ اقدامات کے بارے میں بھی آگاہ کیا جو کہ اقوام متحدہ کی سلامتی کونسل کی قراردادوں، بین الاقوامی قانون اور چوتھے جنیوا کنونشن کی خلاف ورزی ہیں۔

انہوں نے کہا کہ بھارت کا جارحانہ رویہ علاقائی امن و سلامتی کے لیے خطرہ ہے۔

دونوں رہنماؤں نے ایک دوسرے کے بنیادی قومی مفاد کے معاملات پر باہمی حمایت جاری رکھنے کے عزم کا اعادہ کیا اور اس امر پر بھی اتفاق کیا کہ پاکستان اور بوسنیا ہرزگووینا کو باہمی مفاد کے شعبوں میں مل کر کام جاری رکھنا چاہیے۔

مزید پڑھیں: آزادی اظہار رائے کی آڑ میں مسلمانوں کی توہین نہیں ہونی چاہیے، وزیر اعظم

بعد ازاں ایک خصوصی پروقار تقریب میں صدر مملکت نے بوسنیا کی پریذیڈنسی کے چیئرمین کی خدمات کے اعتراف میں انہیں نشان پاکستان کا ایوارڈ عطا کیا۔

یہ ایوارڈ انہیں پاکستان اور بوسنیا کے درمیان تعلقات کو مضبوط بنانے کے اعتراف میں دیا گیا۔

ڈاکٹر عارف علوی نے بوسنیا کی پریذیڈنسی کے چیئرمین اور ان کے وفد کے اعزاز میں ضیافت بھی دی۔

واضح رہے کہ بوسنیا کی پریذیڈنسی کے چیئرمین پاکستان پہنچے تھے اور وزیر اعظم عمران خان کے ساتھ ون آن ون ملاقات کے علاوہ مشترکہ پریس کانفرنس بھی کی تھی۔

کارٹون

کارٹون : 23 نومبر 2024
کارٹون : 22 نومبر 2024