• KHI: Maghrib 5:43pm Isha 7:02pm
  • LHR: Maghrib 5:01pm Isha 6:26pm
  • ISB: Maghrib 5:01pm Isha 6:28pm
  • KHI: Maghrib 5:43pm Isha 7:02pm
  • LHR: Maghrib 5:01pm Isha 6:26pm
  • ISB: Maghrib 5:01pm Isha 6:28pm

حارث! اگلی دفعہ مجھے گیند آرام سے کرنا، شاہد آفریدی

شائع November 16, 2020
—فوٹو: اے ایف پی
—فوٹو: اے ایف پی

قومی ٹیم کے سابق کپتان شاہد آفریدی نے پاکستان سپر لیگ (پی ایس ایل) کے دوسرے ایلیمنیٹر میچ میں لاہور قلندرز کے باؤلر حارث رؤف کی شان دار یارکر کا نشانہ بننے کے بعد ان کی باؤلنگ کو بہترین قرار دے دیا۔

سماجی رابطے کی ویب سائٹ ٹوئٹر پر شاہد آفریدی نے کہا کہ ‘حارث نے بہت اچھی باؤلنگ کی، یہ ایک شان دار اور غیر معمولی یارکر تھی’۔

انہوں نے مزاحیہ انداز میں کہا کہ ‘برائے مہربانی اگلی دفعہ مجھے آرام سے گیند کرائیں’۔

شاہد آفریدی نے پی ایس ایل میں پہلی مرتبہ فائنل میں جگہ بنانے والی ٹیم لاہور قلندرز کو مبارک باد دیتے ہوئے کہا کہ ‘لاہور قلندرز کو مبارک ہو، کل ایک پرجوش میچ کی توقع ہے’۔

انہوں نے پورے سیزن میں حمایت کرنے پر اپنی ٹیم ملتان سلطانز کے مداحوں کا شکریہ بھی ادا کیا۔

خیال رہے کہ گزشتہ شب نیشنل اسٹیڈیم کراچی میں کھیلے گئے میچ میں لاہور قلندرز کے حارث رؤف نے ایک اہم موقع پر ملتان سلطانز کے شاہد آفریدی کو صفر پر آؤٹ کرنے کے بعد روایتی انداز میں جشن منانے سے گریز کیا تھا اور آفریدی کے سامنے ہاتھ جوڑے تھے۔

حارث رؤف کے اس انداز کو سوشل میڈیا میں خوب سراہا گیا تھا اور خود شاہد آفریدی نے بھی ان کی اس گیند کی تعریف کی۔

حارث رؤف نے اس سے قبل کرک انفو کو اپنے ویڈیو انٹرویو میں آفریدی کو آؤٹ کرنے کے بعد اپنائے گئے انداز سے متعلق وضاحت کی۔

ان کا کہنا تھا کہ ‘وکٹ لینے کے بعد میرا انداز بہت جارحانہ ہوتا ہے لیکن کل جب شاہد بھائی کو آؤٹ کیا تو ان کے احترام کے لیے یہ ضروری تھا کہ وکٹ لینے کے بعد میں ان کا احترام کروں، کیونکہ وہ پاکستان کے سپر اسٹار ہیں اور انہوں نے پاکستان کے لیے کئی میچز جتوائے ہیں’۔

یہ بھی پڑھیں: لاہور قلندرز پی ایس ایل 2020 کے فائنل میں، سلطانز کو 25 رنز سے شکست

حارث رؤف نے کہا کہ ‘معافی تو نہیں مانگی تھی لیکن ان کا احترام کرنا تھا اور ان کے احترام میں یہ میرا ایک انداز تھا، جس طرح انہوں نے میچز جتوائے ہیں، اس کے لیے یہ انداز تھا’۔

—فوٹو: اے ایف پی
—فوٹو: اے ایف پی

لاہور قلندرز کے آل راؤنڈر نے کہا کہ ‘ان کے لیے میرے دل میں عزت ہے اور میں کوشش کر رہا تھا کہ اس طرح اظہار کروں’۔

یاد رہے کہ گزشتہ روز لاہور قلندرز نے فائنل میں کراچی کنگز سے مقابلے کے لیے ملتان سلطانز کو باآسانی 25 رنز سے شکست دی تھی اور حارث رؤف نے 3 اہم وکٹیں حاصل کی تھیں۔

ملتان سلطانز شکست کے بعد ٹورنامنٹ سے باہر ہوگئی جبکہ لاہور قلندرز اور کراچی کنگز کے درمیان 17 نومبر کو پی ایس ایل 2020 کا فائنل کھیلا جائے گا، جہاں دونوں ٹیمیں پہلی مرتبہ چمپیئن بننے کی کوشش کریں گی۔

لاہور قلندرز اور کراچی کنگز اس سے قبل فائنل تک پہنچنے میں ناکام رہی تھیں اور ان کا لیگ کی کمزور ترین ٹیموں میں شمار ہوتا تھا، تاہم رواں برس انہوں نے اچھی کارکردگی دکھائی اور سابق چمپیئن ٹیموں کو شکست سے دوچار کرکے فائنل تک رسائی کی ہے۔

کارٹون

کارٹون : 22 نومبر 2024
کارٹون : 21 نومبر 2024