• KHI: Maghrib 5:43pm Isha 7:02pm
  • LHR: Maghrib 5:01pm Isha 6:26pm
  • ISB: Maghrib 5:01pm Isha 6:28pm
  • KHI: Maghrib 5:43pm Isha 7:02pm
  • LHR: Maghrib 5:01pm Isha 6:26pm
  • ISB: Maghrib 5:01pm Isha 6:28pm

’فوربز‘ کی انڈر 30 شمالی امریکی فہرست میں تین پاکستانی شامل

شائع December 5, 2020
فہرست میں مجموعی طور پر 600 افراد کو شامل کیا گیا ہے—فوٹو: فوربز
فہرست میں مجموعی طور پر 600 افراد کو شامل کیا گیا ہے—فوٹو: فوربز

معروف اقتصادی جریدے ’فوربز‘ کی جانب سے ہر سال کی طرح اس سال بھی ’30انڈر 30‘ فہرست جاری کرنے کا سلسلہ شروع کردیا گیا اور ابتدائی طور پر شمالی امریکا خطے کی فہرست جاری کردی گئی۔

’فوربز‘ کی جانب سے تمام خطوں کی الگ فہرست جاری کی جاتی ہے، جن میں ایشیائی، شمالی امریکی، افریقی و یورپی فہرست کافی شہرت رکھتی ہیں۔

اس سال ’فوربز‘ کی جانب سے شمالی امریکا کی جاری کی جانے والی ’انڈر 30‘ فہرست میں 600 افراد کو شامل کیا گیا ہے، جس میں 40 فیصد خواتین ہیں۔

اس فہرست پر ’30 انڈر 30‘ کا نام اس لیے رکھا گیا ہے، کیوں کہ اس فہرست میں عام طور پر ہر کیٹیگری کے لیے 30 ایسے افراد کو منتخب کیا جاتا ہے، جن کی عمر 30 سال سے کم ہو۔

اس سال شمالی امریکا کی جاری کی جانے والی فہرست میں پہلی بار امریکی ممالک میں رہنے والے مہاجرین کی تعداد زیادہ رکھی گئی ہے۔

اس سال فہرست میں مجموعی طور پر 26 فیصد ایسے افراد شامل ہیں جن کا نسلی تعلق امریکی ممالک سے نہیں ہے بلکہ وہ دنیا کے دیگر خطوں سے تعلیم و کاروبار کے سلسلے میں امریکا میں مقیم ہیں۔

مہاجرین کی فہرست میں پاکستان، بھارت، متحدہ عرب امارات، سوڈان اور دیگر کئی یورپی و ایشیائی ممالک کے مہاجرین بھی شامل ہیں۔

مذکورہ فہرست میں 600 افراد میں تین پاکستانی نوجوان بھی شامل ہیں جو کہ کاروبار کے سلسلے میں امریکا میں مقیم ہیں۔

فہرست میں شامل تینوں پاکستانیوں کو مختلف کیٹیگریز میں شامل کیا گیا ہے، جن میں سے فیضان بھٹی کو مارکیٹنگ اینڈ ایڈورٹائزنگ کیٹیگری میں شامل کیا گیا ہے۔

فیضان بھٹی کو 2019 میں کنان صالح کے ساتھ مل کر آن لائن ٹیکسی سروس ہالو کار شروع کرنے پر اس فہرست کا حصہ بنایا گیا۔

اسی طرح پاکستانی نوجوان دانش دھمانی کو افریقی و بھارتی دوست کے ساتھ اورائی نامی تعلیمی تنظیم شروع کرنے پر تعلیم کی کیٹیگری میں شامل کیا گیا ہے۔

فہرست میں تیسرے نوجوان اسد ملک کو امیگرینٹس کی فہرست میں رکھا گیا ہے، وہ امریکا میں آرٹ پرفارمنگ کمپنی جادو اے آر کے چیف ایگزیکٹو افسر(سی ای او) ہیں۔

فوربز کی فہرست میں شامل تینوں نوجوان مرد ہیں، تاہم بھارت سے ایک خاتون سمیت دیگر ممالک کی بھی خواتین مہاجرین کو فہرست کا حصہ بنایا گیا ہے۔

’فوربز‘ شمالی امریکا کی ’30 انڈر 30‘ فہرست گزشتہ 10 سال سے جاری کرتا آ رہا ہے اور اس بار اس سلسلے کی دسویں فہرست جاری کی گئی۔

کارٹون

کارٹون : 22 نومبر 2024
کارٹون : 21 نومبر 2024