• KHI: Zuhr 12:18pm Asr 4:07pm
  • LHR: Zuhr 11:49am Asr 3:24pm
  • ISB: Zuhr 11:54am Asr 3:24pm
  • KHI: Zuhr 12:18pm Asr 4:07pm
  • LHR: Zuhr 11:49am Asr 3:24pm
  • ISB: Zuhr 11:54am Asr 3:24pm

پاکستان میں کورونا وائرس کے 3 ہزار 138 نئے کیسز، مزید 2 ہزار 30 صحتیاب

شائع December 10, 2020
پاکستان میں کیسز کی تعداد پھر بڑھ رہی ہے—فائل فوٹو: ڈان
پاکستان میں کیسز کی تعداد پھر بڑھ رہی ہے—فائل فوٹو: ڈان

پاکستان میں کورونا وائرس کی وبا ایک مرتبہ پھر تیزی سے پھیل رہی ہے اور دوسری وبا کے دوران کیسز اور اموات میں اضافہ ہوا ہے۔

ملک میں اس وائرس سے متاثرہ افراد کی مجموعی تعداد 4 لاکھ 29 ہزار 290 ہے جس میں سے 3 لاکھ 74 ہزار 301 صحتیاب ہوئے ہیں جو 87 فیصد سے زائد ہے جبکہ اموات کی تعداد 8 ہزار 603 تک پہنچ چکی ہے۔

کورونا وائرس کے اعداد و شمار سے متعلق سرکاری پورٹل کے مطابق ملک میں گزشتہ 24 گھنٹوں کے دوران کورونا کے 40 ہزار 502 ٹیسٹ کیے گئے جس میں سے 3 ہزار 138 میں وائرس کی تشخیص ہوئی جو 7.74 فیصد کی مثبت شرح ہے، اس کے علاوہ مزید 56 افراد زندگی کی بازی ہار گئے جبکہ 2 ہزار 30 افراد ایسے تھے جو شفایاب ہوئے، جس کے بعد مجموعی طور پر فعال کیسز 46 ہزار 376 ہوگئے۔

ملک میں اس عالمی وبا کا پہلا کیس 26 فروری 2020 کو رپورٹ ہوا تھا جو جون میں عروج پر پہنچ گئی تھی تاہم جولائی سے کیسز میں کمی آتی گئی اور ستمبر تک بہتری کا یہ سلسلہ جاری رہا۔

اکتوبر اور خاص طور پر نومبر میں وبا کی شدت میں دوبارہ تیزی آگئی ہے اور حکومت کی جانب سے تعلیمی اداروں کی بندش کے علاوہ متعدد پابندیاں عائد کردی گئی ہیں۔

تاہم کورونا وائرس سے متعلق احتیاطی تدابیر پر سخت عملدرآمد نہ ہونے سے دسمبر کے آغاز سے ہی اموات اور کیسز مزید تیزی سے بڑھ رہے ہیں۔

آج 10 دسمبر کو ملک میں کورونا وائرس کی صورتحال کچھ اس طرح رہی۔

سندھ

صوبہ سندھ، جو اس وائرس سے سب سے زیادہ متاثر ہے، وہاں 24 گھنٹوں میں مزید 2 ہزار 3 کیسز کا اضافہ ہوا اور مجموعی تعداد ایک لاکھ 89 ہزار 687 تک پہنچ گئی۔

سرکاری اعداد و شمار کے مطابق گزشتہ 24 گھنٹوں میں صوبے میں 18 افراد زندگی کی بازی ہار گئے اور یوں صوبے میں اموات کی مجموعی تعداد 3 ہزار 99 تک پہنچ گئی۔

پنجاب

صوبہ پنجاب میں گزشتہ 24 گھنٹے کے دوران کورونا کے 446 نئے کیسز سامنے آئے جس کے بعد یہاں متاثرین کی تعداد ایک لاکھ 25 ہزار 250 ہوگئی۔

صوبے میں وبا کی وجہ سے مزید 23 مریض لقمہ اجل بنے اور اس طرح پنجاب میں وائرس کے سبب اموات کی تعداد 3 ہزار 265 ہوگئی۔

خیبرپختونخوا

صوبہ خیبرپختونخوا میں گزشتہ 24 گھنٹوں کے دوران مزید 256 افراد کو وبا نے متاثر کیا جس کے بعد مجموعی متاثرین کی تعداد 50 ہزار 762 ہوگئی۔

سرکاری اعداد و شمار کے مطابق وبا کے باعث صوبے میں مزید 10 مریضوں کا انتقال ہوا جس کے بعد اب تک وائرس سے مرنے والوں کی تعداد ایک ہزار 439 تک جا پہنچی۔

بلوچستان

صوبے میں گزشتہ 24 گھنٹوں میں 64 کیسز سامنے آئے اور یوں مجموعی کیسز 17 ہزار 604 ہوگئے۔

بلوچستان میں کورونا وائرس سے مرنے والوں کی تعداد میں ایک فرد کا اضافہ ہوا اور یوں اموات کی تعداد 171 تک پہنچ گئی۔

اسلام آباد

سرکاری اعداد و شمار کے مطابق دارالحکومت اسلام آباد میں وبا کے مزید 275 کیسز کی تصدیق ہوئی جس کے بعد یہاں متاثرہ افراد کی تعداد 33 ہزار 695 ہوگئی۔

دارالحکومت میں کورونا سے مزید 3 نئی اموات رپورٹ ہوئیں اور اس طرح یہ تعداد 348 تک پہنچ گئی۔

آزاد کشمیر

کورونا سے متعلق سرکاری ویب سائٹ کے مطابق آزاد کشمیر میں کورونا کے 90 نئے کیسز سامنے آنے کی تصدیق ہوئی جس کے بعد وادی میں متاثرین کی تعداد 7 ہزار 517 ہوگئی۔

آزاد کشمیر میں وائرس سے مزید ایک فرد جاں بحق ہوا اور اس طرح وہاں اموات کی مجموعی تعداد 183تک پہنچ گئی۔

گلگت بلتستان

گلگت بلتستان میں وبا کے 4 نئے کیسز رپورٹ ہوئے جس کے بعد یہاں متاثرہ افراد کی تعداد 4 ہزار 765 ہوگئی۔

اس کے علاوہ وہاں 24 گھنٹوں میں کوئی موت واقع نہیں ہوئی، جس کے بعد گلگت بلتستان میں اموات کی مجموعی تعداد 98 پر برقرار ہے۔

صحتیاب افراد

پاکستان میں کورونا وائرس سے متاثرہ مریضوں کے صحتیاب ہونے کا سلسلہ بھی جاری ہے اور گزشتہ 24 گھنٹوں میں مزید 2 ہزار 30 افراد شفایاب ہوئے۔

سرکاری اعداد و شمار کے مطابق ان مریضوں کے شفایاب ہونے کے بعد مجموعی طور پر یہ تعداد 3 لاکھ 74 ہزار 301 ہوگئی۔

مجموعی صورتحال

ملک میں عالمی وبا کے کیسز، اموات اور صحتیاب افراد کی تعداد میں اضافے کے بعد اگر مجموعی صورتحال پر نظر ڈالیں تو وہ کچھ اس طرح ہے:

مصدقہ کیسز: .429280

صحتیاب: 374301

اموات: 8603

فعال کیسز: 46376

ملک میں اس وائرس سے سب سے زیادہ متاثر صوبے سندھ اور پنجاب ہیں، صوبہ سندھ میں متاثرین کی مجموعی تعداد ایک لاکھ 89 ہزار 687 ہے جبکہ پنجاب میں یہ تعداد ایک 25 ہزار 250 تک پہنچ چکی ہے۔

صوبہ خیبر پختونخوا میں کورونا وائرس سے 50 ہزار 762 افراد متاثر ہوچکے ہیں جبکہ صوبہ بلوچستان میں وبا میں مبتلا ہونے والوں کی تعداد 17 ہزار 604 ہے۔

علاوہ ازیں وفاقی دارالحکومت اسلام آباد میں 33 ہزار 695 ، آزاد کشمیر میں 7 ہزار 517 اور گلگت بلتستان میں 4 ہزار 765 افراد عالمی وبا کا شکار ہوچکے ہیں۔

ملک میں کورونا سے اموات کی تعداد:

سندھ: 3099

پنجاب: 3265

خیبرپختونخوا: 1439

بلوچستان: 171

اسلام آباد: 348

آزاد کشمیر: 183

گلگت بلتستان:98

کارٹون

کارٹون : 23 نومبر 2024
کارٹون : 22 نومبر 2024