• KHI: Zuhr 12:19pm Asr 4:07pm
  • LHR: Zuhr 11:50am Asr 3:23pm
  • ISB: Zuhr 11:55am Asr 3:23pm
  • KHI: Zuhr 12:19pm Asr 4:07pm
  • LHR: Zuhr 11:50am Asr 3:23pm
  • ISB: Zuhr 11:55am Asr 3:23pm

پاکستان کے خلاف دہشت گردی کیلئے افغان سرزمین کے استعمال کی مذمت

شائع January 7, 2021
افغانستان سے فائرنگ کے نتیجے میں ایک سپاہی شہید ہوگیا تھا—فائل فوٹو: اے ایف پی
افغانستان سے فائرنگ کے نتیجے میں ایک سپاہی شہید ہوگیا تھا—فائل فوٹو: اے ایف پی

ترجمان دفتر خارجہ زاہد حفیظ چوہدری نے کہا ہے کہ پاکستان، دہشتگردوں کی جانب سے اس کی زمین کے خلاف کارروائیوں کے لیے افغان سرزمین کے استعمال کی شدید مذمت کرتا ہے۔

ایک جاری بیان میں ترجمان دفتر خارجہ زاہد حفیظ چوہدری نے کہا کہ افغانستان میں موجود دہشت گردوں نے بین الاقوامی سرحد پار سے ضلع مہمند میں عسکری پوسٹ پر حملہ کیا۔

انہوں نے کہا کہ جس پر پاک فوج نے مؤثر جواب دیا اور فائرنگ کے تبادلے میں ایف سی کا سپاہی فضل واحد شہید ہوگیا۔

مزید پڑھیں: افغانستان سے دہشت گردوں کی چیک پوسٹ پر فائرنگ، ایف سی اہلکار شہید

ترجمان نے بتایا کہ 25 سالہ سپاہی فضل واحد شانگلہ سوات کا رہائشی تھا۔

دفتر خارجہ کے ترجمان کا کہنا تھا کہ پاکستان دہشتگردوں کی جانب سے پاکستان کے خلاف کارروائیوں کے لیے افغان سرزمین کے استعمال کی شدید مذمت کرتا ہے۔

انہوں نے کہا کہ پاکستان، افغان حکومت سے مطالبہ کرتا ہے کہ وہ دہشت گردوں اور پاکستانی سیکیورٹی فورسز کو ہدف بنانے کے لیے افغانستان میں پناہ گاہیں تلاش کرنے والے دہشت گرد گروہوں کے خلاف فوری کارروائی کرے۔

خیال رہے کہ گزشتہ روز افغانستان سے دہشت گردوں کی جانب سے خیبر پختونخوا کے قبائلی ضلع مہمند میں فوجی چیک پوسٹ پر فائرنگ سے فرنٹیئر کور (ایف سی) کا ایک اہلکار شہید ہوگیا تھا۔

پاک فوج کے شعبہ تعلقات عامہ آئی ایس پی آر نے بتایا تھا کہ افغانستان کے اندر سے دہشت گردوں نے ضلع مہمند میں فوجی چیک پوسٹ پر فائرنگ کی، جس پر پاک فوج کے جوانوں نے دہشت گردوں کی فائرنگ کا مؤثر و فوری جواب دیا۔

واضح رہے کہ پاک افغان بارڈر پر سرحد پار فائرنگ کے واقعات میں تیزی دیکھنے میں آئی ہے اور اس سے قبل بھی متعدد ایسے واقعات رونما ہوچکے ہیں جس میں پاکستانی شہریوں اور پاک فوج کے جوانوں کو نشانہ بنایا گیا۔

یہ بھی پڑھیں: باجوڑ: سرحد پار سے دہشت گردوں کی چیک پوسٹ پر فائرنگ، پاک فوج کا جوان شہید

گزشتہ سال 14 اکتوبر کو قبائلی علاقے باجوڑ میں پاک افغان سرحد پر سیکیورٹی فورسز کی چیک پوسٹ پر سرحد پار سے دہشت گردوں کی فائرنگ کے نتیجے میں پاک فوج کا ایک جوان شہید جبکہ دوسرا زخمی ہوگیا تھا۔

قبل ازیں 22 ستمبر کو پاک افغان سرحد پر سیکیورٹی فورسز کی چیک پوسٹ پر سرحد پار سے کی گئی فائرنگ کے نتیجے میں پاک فوج کا جوان شہید ہوگیا تھا۔

اس سے قبل 5 اگست کو سرحد پار سے دہشت گردوں اور افغان بارڈر پولیس کی جانب سے سیکیورٹی فورسز کی چوکیوں پر حملوں کے مختلف واقعات میں فرنٹیئر کور کا ایک جوان شہید اور دو زخمی ہوگئے تھے۔

کارٹون

کارٹون : 25 نومبر 2024
کارٹون : 24 نومبر 2024