• KHI: Fajr 5:36am Sunrise 6:56am
  • LHR: Fajr 5:14am Sunrise 6:39am
  • ISB: Fajr 5:22am Sunrise 6:49am
  • KHI: Fajr 5:36am Sunrise 6:56am
  • LHR: Fajr 5:14am Sunrise 6:39am
  • ISB: Fajr 5:22am Sunrise 6:49am

پاکستان میں 4 لاکھ 95 ہزار کورونا متاثرین میں سے ساڑھے 4 لاکھ صحتیاب

شائع January 7, 2021
ملک میں 91 فیصد مریض صحتیاب ہوگئے—فائل فوٹو: فضل خالق
ملک میں 91 فیصد مریض صحتیاب ہوگئے—فائل فوٹو: فضل خالق

دنیا بھر کی طرح پاکستان میں بھی کورونا وائرس کی دوسری لہر جاری ہے اور یومیہ کیسز اور اموات کی تعداد میں کچھ حد تک اضافہ دیکھا جارہا ہے۔

سرکاری پورٹل کے فراہم کردہ اعداد و شمار کے مطابق ملک بھر میں گزشتہ 24 گھنٹوں میں مزید 2 ہزار 482 افراد میں وائرس کی تصدیق ہوئی جبکہ مزید 50 افراد لقمہ اجل بنے تاہم گزشتہ 24 گھنٹوں میں صحتیاب ہونے والے افراد کی تعداد 2 ہزار 122 رہی۔

یوں اب تک ملک میں کورونا وائرس سے متاثرہ افراد کی تعداد 4 لاکھ 95 ہزار 75 ہوگئی جس میں سے 91 فیصد یعنی 4 لاکھ 50 ہزار 515 مریض صحتیاب ہوگئے جبکہ اموات کی تعداد 10 ہزار 511 تک پہنچ گئی، اس طرح ملک میں فعال کیسز کی تعداد 34 ہزار 49 رہ گئی۔

خیال رہے کہ ملک میں اس عالمی وبا کا پہلا کیس 26 فروری 2020 کو رپورٹ ہوا تھا اور جون میں اس کا پھیلاؤ عروج پر جا پہنچا تھا تاہم جولائی سے کیسز میں کمی آتی گئی اور ستمبر تک بہتری کا یہ سلسلہ جاری رہا۔

اکتوبر اور خاص طور پر نومبر میں وبا کی شدت میں دوبارہ تیزی آگئی اور حکومت کی جانب سے دوبارہ تعلیمی اداروں کی بندش کے علاوہ متعدد پابندیاں عائد کردی گئیں جبکہ دسمبر میں بھی صورتحال پریشان کن ہے۔

آج 7 جنوری 2021 کو ملک میں کورونا وائرس کی صورتحال کچھ اس طرح ہے:

سندھ

پاکستان میں اس وبا سے سب سے زیادہ متاثر ہونے والا صوبہ سندھ ہے، جہاں گزشتہ 24 گھنٹوں میں مزید ایک ہزار 233 کیسز کا اضافہ ہوا اور متاثرہ افراد کی مجموعی تعداد 2 لاکھ 21 ہزار 734 تک پہنچ گئی۔

سرکاری اعداد و شمار کے مطابق سندھ میں اس عالمی وبا کے باعث مزید 19 مریضوں کے انتقال کرنے سے اموات کی مجموعی تعداد 3 ہزار 653 تک پہنچ گئی ہے۔

پنجاب

صوبہ پنجاب میں گزشتہ 24 گھنٹوں کے دوران کورونا کے 777 نئے کیسز سامنے آئے جس کے بعد یہاں متاثرین کی تعداد ایک لاکھ 42 ہزار 835 ہوگئی۔

تاہم صوبے میں وبا کی وجہ سے مزید 19 مریض لقمہ اجل بنے اور اس طرح پنجاب میں وائرس کے سبب اموات کی مجموعی تعداد 4 ہزار 203 ہوگئی۔

خیبرپختونخوا

صوبہ خیبرپختونخوا میں مزید 274 افراد کو کورونا وائرس نے متاثر کیا، یوں وائرس کے مجموعی متاثرین کی تعداد 60 ہزار 229 ہوگئی۔

سرکاری اعداد و شمار کے مطابق وبا کے باعث صوبے میں مزید 7 مریضوں کا انتقال ہوا جس کے بعد اب تک وائرس سے مرنے والوں کی تعداد ایک ہزار 702 پر جا پہنچی۔

بلوچستان

رقبے کے لحاظ سے پاکستان کے سب سے بڑے صوبے میں گزشتہ 24 گھنٹوں کے دوران 20 کیسز رپورٹ ہونے کے بعد مجموعی کیسز 18 ہزار 300 ہوگئے۔

بلوچستان میں کورونا وائرس سے مرنے والوں کی تعداد میں کوئی اضافہ نہیں ہوا اور اس طرح اموات کی مجموعی تعداد 186 پر برقرار رہی۔

اسلام آباد

سرکاری اعداد و شمار کے مطابق وفاقی دارالحکومت اسلام آباد میں وبا کے مزید 156 کیسز کی تصدیق ہوئی جس کے بعد یہاں متاثرہ افراد کی تعداد 38 ہزار 687 تک جا پہنچی۔

وفاقی دارالحکومت میں کورونا سے مزید 2 مریض جاں بحق ہوئے جس کے بعد یہاں اموات 434 تک پہنچ گئیں۔

آزاد کشمیر

کورونا سے متعلق سرکاری ویب سائٹ کے مطابق آزاد کشمیر میں کورونا وبا نے مزید 20 افراد کو اپنا شکار بنایا جس کے بعد وادی میں متاثرین کی تعداد 8 ہزار 416 ہوگئی۔

آزاد کشمیر میں وائرس سے مزید 3 مریض کے انتقال کی تصدیق ہوئی، جس کے بعد اموات کی مجموعی تعداد 232 تک جا پہنچی۔

گلگت بلتستان

گلگت بلتستان میں وبا کا صرف ایک نیا کیس رپورٹ ہوا جس کے بعد یہاں متاثرہ افراد کی تعداد 4 ہزار 874 ہوگئی۔

تاہم گزشتہ 24 گھنٹوں کے دوران مزید کوئی ہلاکت رپورٹ نہیں ہوئی اور وبا سے مرنے والوں کی مجموعی تعداد 101 پر برقرار ہے۔

صحتیاب افراد

پاکستان میں کورونا وائرس سے متاثرہ مریضوں کے صحتیاب ہونے کا سلسلہ بھی جاری ہے اور گزشتہ 24 گھنٹوں میں مزید 2 ہزار 122 افراد شفایاب ہوئے۔

سرکاری اعداد و شمار کے مطابق ان مریضوں کے شفایاب ہونے کے بعد مجموعی طور پر یہ تعداد 4 لاکھ 50 ہزار 515 ہوگئی۔

مجموعی صورتحال

ملک میں عالمی وبا کے کیسز، اموات اور صحتیاب افراد کی تعداد میں اضافے کے بعد اگر مجموعی صورتحال پر نظر ڈالیں تو وہ کچھ اس طرح ہے:

مصدقہ کیسز: 495075

صحتیاب: 450515

اموات: 10511

فعال کیسز: 34049

ملک میں اس وائرس سے سب سے زیادہ متاثر صوبے سندھ اور پنجاب ہیں، صوبہ سندھ میں متاثرین کی مجموعی تعداد 2 لاکھ 21 ہزار 734 ہے جبکہ پنجاب میں یہ تعداد ایک لاکھ 42 ہزار 835 تک پہنچ چکی ہے۔

صوبہ خیبر پختونخوا میں کورونا وائرس سے 60 ہزار 229 افراد متاثر ہوچکے ہیں جبکہ صوبہ بلوچستان میں وبا میں مبتلا ہونے والوں کی تعداد 18 ہزار 300 ہے۔

علاوہ ازیں وفاقی دارالحکومت اسلام آباد میں 38 ہزار 687، آزاد کشمیر میں 8 ہزار 416 اور گلگت بلتستان میں 4 ہزار 874 افراد عالمی وبا کا شکار ہوچکے ہیں۔

ملک میں کورونا سے اموات کی تعداد:

سندھ: 3653

پنجاب: 4203

خیبرپختونخوا: 1702

بلوچستان: 186

اسلام آباد: 434

آزاد کشمیر: 232

گلگت بلتستان: 101

کارٹون

کارٹون : 25 نومبر 2024
کارٹون : 24 نومبر 2024