• KHI: Fajr 5:34am Sunrise 6:54am
  • LHR: Fajr 5:12am Sunrise 6:37am
  • ISB: Fajr 5:20am Sunrise 6:47am
  • KHI: Fajr 5:34am Sunrise 6:54am
  • LHR: Fajr 5:12am Sunrise 6:37am
  • ISB: Fajr 5:20am Sunrise 6:47am

کراچی: 'را' سے مبینہ طور پر تربیت یافتہ دہشت گرد گرفتار

شائع January 14, 2021
حساس ادارے اور پولیس نے مل کر اتحاد ٹاؤن میں مشترکہ کارروائی کی اور ملزم منصور علی عرف انیل کو حراست میں لیا، ایس ایس پی کیماڑی - فائل فوٹو:ڈان
حساس ادارے اور پولیس نے مل کر اتحاد ٹاؤن میں مشترکہ کارروائی کی اور ملزم منصور علی عرف انیل کو حراست میں لیا، ایس ایس پی کیماڑی - فائل فوٹو:ڈان

کراچی پولیس نے بھارت کی خفیہ ایجنسی 'را' کے ایک مبینہ تربیت یافتہ دہشت گرد کو گرفتار کرنے کا دعوی کیا ہے۔

کیماڑی کے ایس ایس پی فدا حسین نے بتایا کہ 'حساس ادارے کے اہلکاروں اور پولیس نے مل کر اتحاد ٹاؤن میں مشترکہ کارروائی کی اور ملزم منصور علی عرف انیل کو حراست میں لیا'۔

سینئر افسر نے دعویٰ کیا کہ 'حراست میں لیا گیا ملزم کالعدم سندھ انقلابی فوج (ایس آر اے) سے وابستہ ہے جسے بھارتی خفیہ ایجنسی را کی حمایت حاصل ہے'۔

مزید پڑھیں: کراچی: بھارتی ایجنسی 'را' سے تعلق رکھنے والے 6 دہشت گردوں کی گرفتاری کا دعویٰ

ان کا کہنا تھا کہ را، ایس آر اے کے ذریعے پاکستان میں دہشت پھیلانے میں ملوث ہے جس کا سربراہ اصغر شاہ بھارتی ایجنسی سے رابطے میں ہے'۔

ایس ایس پی کیماڑی کا خیال ہے کہ ایس آر اے کا مقصد سی پیک اور قانون نافذ کرنے والے اداروں کے اہلکاروں کو نشانہ بنانا تھا۔

پولیس نے گرفتار ملزم کی تحویل میں سے ایک کلوگرام دھماکا خیز مواد، لینڈ مائنز اور اسلحہ برآمد کرنے کا دعوی بھی کیا ہے۔

پولیس کے بیان کے مطابق 'را' برسوں سے پاکستان میں انتشار پھیلانے میں مشغول ہے اور حال میں بھارتی ایجنسی متاثر کن عمر کے افراد کو یا لالچی لوگوں کو اپنے ایجنڈے کے لیے استعمال کر رہی ہے۔

ان کا کہنا تھا کہ گزشتہ کچھ عرصے سے ایک گروہ سندھی قوم پرست جماعتوں کا نام لے کر سندھ کے شہروں میں تخریب کاری کی سرگرمیاں جاری رکھے ہوئے ہے، جس کا رہنما اصغر شاہ ہے۔

حساس اداروں کی اطلاع کے مطابق اصغر شاہ ملک سے فرار ہوچکا ہے اور 'را' کے ساتھ رابطے میں ہے۔

یہ بھی پڑھیں: کراچی: پولیس افسر بھارتی خفیہ ایجنسی کیلئے جاسوسی کے الزام میں گرفتار

بیان میں کہا گیا کہ 'اصغر شاہ بھارت کے کہنے پر ملک میں دہشت گردوں کو اہداف اور اسلحہ اور دھماکا خیز مواد مہیا کرتا ہے اور اسے بلوچ قوم پرست گروہوں کی بھی حمایت حاصل ہے'۔

انہوں نے بتایا کہ 'ان تمام سرگرمیوں کے لیے را فنڈز مہیا کررہی ہے'۔

اصغر شاہ کی زیرقیادت یہ گروپ سی پیک سے متعلق منصوبوں، حساس تنصیبات، ریلوے لائنز اور آئی ای ڈی سے گیس پائپ لائنز پر حملہ کرنا، شہری اور قانون نافذ کرنے والے اداروں کے اہلکاروں کو نشانہ بنانا اور رینجرز کی موبائل اور اہلکاروں کے خلاف دستی بم حملے جیسی سرگرمیوں میں ملوث ہے۔

بیان میں کہا گیا کہ 'حال ہی میں اس گروپ نے اپنی سرگرمیاں بڑھا دی ہیں جن کا مقصد صرف پاکستان کو بدنام کرنا ہی نہیں بلکہ بین الاقوامی سطح پر بھی ملک کو تنہا رکھنا ہے'۔

کارٹون

کارٹون : 23 نومبر 2024
کارٹون : 22 نومبر 2024