• KHI: Zuhr 12:18pm Asr 4:07pm
  • LHR: Zuhr 11:49am Asr 3:24pm
  • ISB: Zuhr 11:54am Asr 3:24pm
  • KHI: Zuhr 12:18pm Asr 4:07pm
  • LHR: Zuhr 11:49am Asr 3:24pm
  • ISB: Zuhr 11:54am Asr 3:24pm

حکومت کا پہلی سے آٹھویں جماعت کے طلبہ کیلئے یکم فروری سے اسکول کھولنے کا فیصلہ

شائع January 15, 2021
وفاقی وزیر تعلیم شفقت محمود اسلام آباد میں پریس کانفرنس سے خطاب کررہے ہیں—فوٹو: ڈان نیوز
وفاقی وزیر تعلیم شفقت محمود اسلام آباد میں پریس کانفرنس سے خطاب کررہے ہیں—فوٹو: ڈان نیوز

وفاقی وزیر تعلیم شفقت محمود نے کہا ہے کہ ملک میں کورونا وائرس کے باعث بند کیے گئے تعلیمی ادارے کھولنے کے فیصلے پر نظر ثانی کی گئی ہے اور اب پہلی سے 8ویں جماعت تک کے طلبہ کے لیے تعلیمی ادارے 25 جنوری کے بجائے یکم فروری سے کھولے جائیں گے۔

اسلام آباد میں وزرائے تعلیم کے اجلاس کے بعد پریس کانفرنس کرتے ہوئے انہوں نے بتایا کہ 9ویں سے 12ویں جماعت کے طلبہ کے لیے تعلیمی ادارے گزشتہ فیصلے کے مطابق 18جنوری سے ہی کھول دیے جائیں گے۔

مزید پڑھیں: ملک کے تمام تعلیمی ادارے 26 نومبر سے بند کرنے کا فیصلہ

شفقت محمود نے کہا کہ 15 ستمبر کو جب ہم نے تمام تعلیمی ادارے کھولنے کا فیصلہ کیا تھا تو اس وقت وائرس کے کیسز مثبت آنے کی شرح 1.9 کے قریب تھی۔

انہوں نے کہا کہ شدید بیمار مریض 570 کے قریب تھے، روز 5 اموات ہو رہی تھیں اور روزانہ جو کیسز آ رہے تھے وہ 600 کے قریب تھے۔

ان کا کہنا تھا کہ 26 نومبر کو جب ہم نے تعلیمی ادارے بند کرنے کا فیصلہ کیا تو اس وقت مثبت کیسز کی شرح 1.9 سے بڑھ کر 7.14 پر چلی گئی تھی، شدید بیمار مریضوں کی تعداد 570 سے بڑھ کر ایک ہزار 958 تک پہنچ گئی تھی اور روزمرہ کی اموات پانچ سے بڑھ کر 47 ہو گئی تھیں جبکہ روزانہ کے کیسز 600 سے 3 ہزار تک پہنچ گئے تھے۔

وزیر تعلیم نے کہا کہ اس صورتحال کو دیکھتے ہوئے ہم نے تعلیمی ادارے بند کیے کیونکہ ماہرین صحت اور ڈاکٹرز نے ہمیں بتایا کہ اسکول اور تعلیمی ادارے بند ہونے کا انفیکشن کی شرح پر واضح اثر پڑتا ہے۔

یہ بھی پڑھیں: تعلیمی ادارے کھولنے کے اعلان پر ٹوئٹر صارفین وزیر تعلیم سے نالاں

ان کا کہنا تھا کہ 26 نومبر کو ہم نے تعلیمی اداروں کو بند کیا تو اس سے گراف کچھ نیچے آیا لیکن جدید اعدادوشمار کے مطابق مثبت کیسز کی شرح 7.14 سے کم ہو کر 6.10 پر آ گئی ہے اور یہ شرح ابھی بھی نسبتاً زیادہ ہے۔

انہوں نے کہا کہ شدید بیمار مریضوں کی تعداد ایک ہزار 952 سے بڑھ کر دو ہزار 339 ہو گئی ہے جبکہ روزانہ کی بنیاد پر اموات کی شرح بھی 44 ہو گئی ہے۔

ان کا کہنا تھا کہ روزانہ کی بنیاد پر رپورٹ ہونے والے کیسز کم ہو کر 2 ہزار 300 تک پہنچے ہیں لیکن ابھی بھی انفیکشن کی شرح زیادہ ہے۔

شفقت محمود نے کہا کہ ان تمام معاملات کو ذہن میں رکھتے ہوئے ایک بات تو واضح ہے کہ تعلیم سے وابستہ تمام لوگوں کو اس بات کا شدید احساس ہے کہ تعلیمی ادارے بند ہونے سے بچوں کے سیکھنے کی صلاحیت بہت نیچے چلی جاتی ہے اور پچھلے 8 سے 9 ماہ میں تعلیم کا بہت نقصان ہوا ہے لیکن ساتھ ساتھ ہمیں صحت کا بھی خیال رکھنا ہے۔

انہوں نے کہا کہ ہمیں صحت اور تعلیم میں توازن قائم کرتے ہوئے اس بات کو یقینی بنانا ہے کہ کم سے کم رسک ہو اور ساتھ ساتھ تعلیم کا سلسلہ بھی جاری رہے۔

مزید پڑھیں: حکومت سندھ نے تعلیمی ادارے بند نہ کرنے کی خبریں مسترد کردیں

ان کا کہنا تھا کہ اس سلسلے میں یہ فیصلے کیے گئے ہیں کہ نویں، دسویں، گیارہویں اور بارہویں جماعت کے امتحانات ہونے ہیں اور صوبائی اور وفاقی حکومت نے یہ فیصلہ کیا ہے اس سال بغیر امتحان کے کسی بچے کو پاس نہیں کیا جائے گا جس طرح پچھلے سال کیا گیا تھا، اس لیے ضروری ہے کہ نویں، دسویں، گیارہویں اور بارہویں جماعت کی تعلیم کا سلسلہ شروع کیا جائے۔

ان کا کہنا تھا کہ 18 جنوری کو نویں، دسویں، گیارہویں اور بارہویں جماعت کے لیے تعلیمی ادارے کھل جائیں گے اور ان کی تعلیم کا سلسلہ امتحان کی نسبت سے دوبارہ شروع ہو جائے گا۔

انہوں نے کہا کہ اس کے بعد یہ فیصلہ کیا گیا کہ 25 جنوری سے پہلی سے آٹھویں جماعت تک کے لیے اسکول کھلنا تھے، اس کو ایک ہفتہ آگے کردیا گیا ہے اور اب پرائمری کے ساتھ ساتھ چھٹی، ساتویں اور آٹھویں جماعت کی کلاسیں 25 جنوری کے بجائے یکم فروری سے ہوں گی۔

وفاقی وزیر تعلیم نے کہا کہ اعلیٰ تعلیمی ادارے کھولنے کے حوالے سے سابقہ فیصلے کو برقرار رکھا گیا ہے اور وہ بھی یکم فروری سے کھل جائیں گے۔

انہوں نے کہا کہ انفیکشن کی شرح مختلف شہروں میں مختلف ہے، کراچی، لاہور، پشاور، حیدرآباد جیسے آبادی کے بڑے مراکز میں انفیکشن کی شرح زیادہ ہے اور کچھ اور جگہوں پر انفیکشن کم نظر آتا ہے۔

یہ بھی پڑھیں: پاکستان میں تعلیمی ادارے کورونا وائرس کے پھیلاؤ کا بڑا سبب قرار

ان کا کہنا تھا کہ اگلے ہفتے نویں، دسویں، گیارہویں اور بارہویں جماعتوں کے لیے تعلیمی ادارے کھل جائیں گے لیکن اگلے ہفتے ہم نیشنل کمانڈ اینڈ آپریشن سینٹر میں تمام ڈیٹا کا دوبارہ جائزہ لیں گے اور اس بات پر غور کیا جائے گا کہ جن شہروں میں انفیکشن کی شرح بہت زیادہ ہے، کیا وہاں پہلی تاریخ سے تعلیمی اداروں کو نہ کھولا جائے۔

انہوں نے مزید کہا کہ شہروں میں انفیکشن کی شرح کو دیکھتے ہوئے کوئی پالیسی مرتب کی جائے گی اور ممکن ہے کہ اگر کسی شہر میں انفیکشن ریٹ بہت زیادہ ہے تو وہاں تعلیمی ادارے نہ کھولے جائیں لیکن باقی جگہ کھول دیے جائیں گے۔

کارٹون

کارٹون : 23 نومبر 2024
کارٹون : 22 نومبر 2024