• KHI: Zuhr 12:17pm Asr 4:09pm
  • LHR: Zuhr 11:47am Asr 3:27pm
  • ISB: Zuhr 11:52am Asr 3:27pm
  • KHI: Zuhr 12:17pm Asr 4:09pm
  • LHR: Zuhr 11:47am Asr 3:27pm
  • ISB: Zuhr 11:52am Asr 3:27pm

بابراعظم اور غیرمتوقع حالات پر قابو پانا ہوگا، فاف ڈیوپلیسی

شائع January 24, 2021
جنوبی افریقہ کی ٹیم 2007 کے بعد پاکستان آئی ہے—فوٹو: اے پی
جنوبی افریقہ کی ٹیم 2007 کے بعد پاکستان آئی ہے—فوٹو: اے پی

جنوبی افریقہ کے تجربہ کار بلے باز اور سابق کپتان فاف ڈیوپلیسی نے سیریز کے پہلے ٹیسٹ سے قبل اپنی ٹیم کو خبردار کیا ہے کہ پاکستانی ٹیم کے کپتان بابر اعظم اور ناموافق حالات پر قابو پانا ہوگا۔

خبرایجنسی رائٹرز کے مطابق فاف ڈیوپلیسی نے کہا کہ 'میں سمجھتا ہوں کہ جنوبی افریقہ اور پاکستان کے پاس چند تجربہ کار اور کئی نئے کھلاڑی ہیں اور اس لحاظ سے دونوں ٹیمیں تقریباً ایک جگہ پر کھڑی ہیں'۔

مزید پڑھیں: پہلا ٹیسٹ میچ: ترمیم شدہ ٹریفک پلان جاری، اسٹیڈیم کے راستے کھلے رکھنے کا فیصلہ

انہوں نے کہا کہ 'ہم ایک بہت ہی مشکل سیریز سمجھ رہے ہیں کیونکہ وہ ہوم گراؤنڈ میں ایک بہت خطرناک ٹیم ہے'۔

پاکستانی ٹیم کے کپتان بابراعظم دورہ نیوزی لینڈ میں انجری کے بعد پہلے ٹیسٹ میں جنوبی افریقہ کے خلاف واپسی کریں گے۔

جنوبی افریقہ کے سابق کپتان نے کہا کہ 'بابراعظم کی موجودگی بہت اہم ہے، وہ دنیا کے تین صف اول کے بلے بازوں میں سے ایک ہیں اور ہر طرز کرکٹ کے گزشتہ دونوں سیزن میں وہ غیرمعمولی رہے ہیں'۔

تجربہ کار بلے باز نے ٹیم کے لیے ناموافق پچ سے واسطہ پڑنے کا اعتراف کیا کیونکہ پاکستان میں خطے کے دیگر ممالک کے مقابلے میں فاسٹ باؤلر کے لیے سازگار وکٹ ہوتی ہے تاہم اس مرتبہ حالات الٹ ہونے کا بھی اشارہ دیا جارہا ہے۔

ڈیوپلیسی نے کہا کہ 'دو یا تین پہلووں پر نظر رکھنے کو یقینی بنانا ہوگا'۔

ان کا کہنا تھا کہ 'ہمیں منصوبہ بندی کرنے کی ضرورت ہے تاکہ بڑے اسکور کے لیے باؤنڈریز حاصل کی جائیں۔

یہ بھی پڑھیں: کورونا ٹیسٹ منفی آنے کے بعد جنوبی افریقی کھلاڑیوں کی کراچی میں پریکٹس

خیال رہے کہ جنوبی افریقہ کی ٹیم 2007 کے بعد ٹیسٹ کھیلنے پاکستان آئی ہے اور کراچی میں 26 جنوری کو سیریز کا پہلا میچ کھیلا جائے گا۔

لاہور میں 2009 میں دورے پر آئی ہوئی سری لنکا کی ٹیم پر حملے کے بعد دنیائے کرکٹ کے دروازے پاکستان کے لیے بند ہوگئے تھے جہاں 6 پولیس ہلکار اور 2 شہری جاں بحق ہوئے تھے۔

جنوبی افریقہ اس واقعے کے بعد ٹیسٹ کرکٹ کے لیے پہلی مرتبہ پاکستان آئی ہے جبکہ اس دوران پاکستان نے متحدہ عرب امارات میں سیریز کی میزبانی کی۔

جنوبی افریقہ کی کرکٹ ٹیم 16 جنوری کو ٹیسٹ اور ٹی ٹوئنٹی سیریز کھیلنے کے لیے پاکستان کے دورے پر پہنچی تھی اور مہمان اسکواڈ کا کراچی پہنچنے پر پرتپاک استقبال کیا گیا اور مکمل سیکیورٹی میں ہوٹل تک پہنچایا گیا۔

مزید پڑھیں: جنوبی افریقہ کی کرکٹ ٹیم کی 14 سال بعد پاکستان آمد

پاکستان اور جنوبی افریقہ کے درمیان دو ٹیسٹ اور تین ٹی ٹوئنٹی میچوں کی سیریز کھیلی جائے گی، دونوں ٹیموں کے درمیان ٹیسٹ سیریز ورلڈ ٹیسٹ چیمپیئن شپ کا حصہ ہونے کی وجہ سے انتہائی اہمیت کی حامل ہے۔

سیریز کا پہلا ٹیسٹ میچ 26 سے 30 جنوری تک کراچی کے نیشنل اسٹیڈیم میں کھیلا جائے گا جبکہ سیریز کے دوسرے ٹیسٹ میچ کی میزبانی 4 سے 8 فروری تک راولپنڈی کرے گا۔

اس کے بعد دونوں ٹیموں کے درمیان 11، 13 اور 14 فروری کو تین ٹی20 میچوں کی سیریز قذافی اسٹیڈیم لاہور میں کھیلی جائے گی۔

کارٹون

کارٹون : 14 نومبر 2024
کارٹون : 13 نومبر 2024