• KHI: Asr 4:07pm Maghrib 5:43pm
  • LHR: Asr 3:24pm Maghrib 5:00pm
  • ISB: Asr 3:24pm Maghrib 5:01pm
  • KHI: Asr 4:07pm Maghrib 5:43pm
  • LHR: Asr 3:24pm Maghrib 5:00pm
  • ISB: Asr 3:24pm Maghrib 5:01pm

راولپنڈی ٹیسٹ کا پہلا دن بابر اور فواد عالم کے نام

شائع February 4, 2021
بابر اعظم اور فواد عالم نے تین وکٹیں جلد گرنے کے بعد بیٹنگ لائن کو سنبھالا دیا— فوٹو بشکریہ پی سی بی
بابر اعظم اور فواد عالم نے تین وکٹیں جلد گرنے کے بعد بیٹنگ لائن کو سنبھالا دیا— فوٹو بشکریہ پی سی بی
پاکستان کی ٹیم 22 رنز پر تین کھلاڑی آؤٹ ہوچکے تھے— فوٹو: اے ایف پی
پاکستان کی ٹیم 22 رنز پر تین کھلاڑی آؤٹ ہوچکے تھے— فوٹو: اے ایف پی
دونوں ٹیمیں سیریز کے دوسرے ٹیسٹ میں مدمقابل ہیں—تصویر: آئی سی سی ٹوئٹر
دونوں ٹیمیں سیریز کے دوسرے ٹیسٹ میں مدمقابل ہیں—تصویر: آئی سی سی ٹوئٹر

پاکستان اور جنوبی افریقہ کے درمیان دوسرے ٹیسٹ میچ میں قومی ٹیم نے بارش سے متاثر میچ کے پہلے دن فواد عالم اور کپتان بابراعظم کی ذمہ دارانہ بیٹنگ کی بدولت تین وکٹوں کے نقصان پر 145 رنز بنا لیے۔

راولپنڈی میں کھیلے جارہے دوسرے ٹیسٹ میچ میں قومی ٹیم کے کپتان بابر اعظم نے ٹاس جیت کر بیٹنگ کا انتخاب کیا۔

تاہم ٹاس جیت کر بیٹنگ کا یہ فیصلہ درست ثابت نہیں ہوا اور 21 رنز کے مجموعی اسکور پر عمران بٹ 15 رنز بنا کر آؤٹ ہوگئے جس کے فوری بعد بغیر کوئی رنز بنائے اظہر علی پویلین لوٹ گئے۔

اظہر علی کے آؤٹ ہونے کے بعد قومی ٹیم کو سہارا دینے کے لیے بابر اعظم آئے تاہم دوسرے اینڈ پر موجود اوپنر عابد علی ان کا ساتھ نہیں دے سکے اور مجموعی اسکور میں صرف ایک رنز کے اضافے کے بعد آؤٹ ہوگئے۔

22 رنز پر 3 وکٹیں کھو دینے کے بعد کپتان بابر اعظم اور فواد عالم نے قومی ٹیم کے اسکور کو آگے بڑھایا اور کھانے کے وقفے تک 29 اوورز تک ٹیم کا اسکور 63 تک پہنچا دیا۔

کھانے کے وقفے کے بعد کھیل کا آغاز ہوا تو ان دونوں بلے بازوں نے ذمہ دارانہ انداز میں بیٹنگ کا سلسلہ جاری رکھا اور کپتان بابر اعظم نے نصف سنچری اسکور کرلی۔

دونوں کھلاڑیوں نے چائے کے وقفے تک مزید کوئی وکٹ نہ گرنے دی اور جب چائے کا وقفہ ہوا تو قومی ٹیم نے تین وکٹوں کے نقصان پر 145 رنز بنائے تھے۔

چائے کے وقفے کے بعد میچ میں بارش نے مداخلت کردی اور میچ بارش کی وجہ سے دوبارہ شروع نہ ہو سکا۔

جب میچ کے پہلے دن کا کھیل ختم ہوا تو بابر اعظم 77 اور فواد عالم 42 رنز بنا کر وکٹ پر موجود ہیں۔

واضح رہے کہ دونوں ٹیموں کے درمیان یہ سیریز کا دوسرا ٹیسٹ میچ ہے جو راولپنڈی میں کھیلا جارہا ہے، اس سے قبل پہلا ٹیسٹ میچ کراچی میں کھیلا گیا تھا۔

مزید پڑھیں: کراچی ٹیسٹ میں پاکستان کی 7وکٹوں سے فتح، سیریز میں برتری حاصل

کراچی ٹیسٹ میں قومی ٹیم نے مہمان ٹیم کو 7 وکٹوں سے شکست دے کر سیریز میں ایک صفر کی برتری حاصل کرلی تھی۔

آج سے شروع ہونے والے دوسرے ٹیسٹ میچ کے لیے قومی ٹیم میں کوئی تبدیلی نہیں کی گئی اور گزشتہ میچ کی فاتح ٹیم کو ہی برقرار رکھا گیا۔

یہ بھی پڑھیں: جنوبی افریقہ کے خلاف ٹی 20 سیریز کیلئے قومی ٹیم کا اعلان، محمد حفیظ باہر

ٹاس کے موقع پر کپتان بابر اعظم کا کہنا تھا کہ گزشتہ میچ سے کافی اعتماد آیا ہے اور اس میچ کو بھی اسی طرح کھیلیں گے۔

دوسرے ٹیسٹ میچ میں جنوبی افریقی ٹیم میں ایک تبدیلی کی گئی ہے اور لنگی نگیڈی کی جگہ ویان مڈلر کو ٹیم کا حصہ بنایا گیا ہے۔

واضح رہے کہ جنوبی افریقہ کی ٹیم 14سال کے طویل عرصے کے بعد پاکستان کے دورے پر آئی ہے اور اس نے آخری مرتبہ 2007 میں پاکستان کا دورہ کیا تھا۔

دونوں ٹیموں کے درمیان 2 ٹیسٹ میچز کی سیریز کے بعد 3 ٹوئنٹی میچز بھی کھیلے جائیں گے، جن کا آغاز 11 فروری سے ہوگا۔

پاکستان اور جنوبی افریقہ کے درمیان ٹی ٹوئنٹی سیریز کے تینوں میچز لاہور کے قذافی اسٹیڈیم میں کھیلے جائیں گے۔

کارٹون

کارٹون : 23 نومبر 2024
کارٹون : 22 نومبر 2024