بختاور بھٹو نے 'شادی کی رسم' کی ویڈیو شیئر کردی
سابق وزیراعظم بینظیر بھٹو کی بڑی صاحبزادی بختاور بھٹو زرداری کا نکاح 29 جنوری کو ہوا تھا اور ان کی شادی کی مختلف تقریبات کے کافی چرچے ہیں، اب انہوں نے نکاح کے بعد کی جانے والی ایک رسم کی ویڈیو شیئر کی ہے۔
انسٹاگرام پر شیئر کی گئی ویڈیو میں دیکھا جاسکتا ہے کہ بختاور بھٹو کے والد اور سابق صدر آصف علی زرداری نے نوبیاہتا جوڑے کے سامنے آئینہ رکھا ہے جس میں دونوں ایک دوسرے کا چہرہ دیکھ رہے ہیں۔
پوسٹ کے کیپشن میں بختاور بھٹو نے بتایا کہ نکاح کے بعد ادا کی گئی اس رسم کے لیے وہی آئینہ استعمال ہوا جو ان کے والدین (بینظیر بھٹو اور آصف علی زرداری) کی شادی میں ہوا تھا۔
خیال رہے کہ نکاح کے بعد دلہا دلہن کو آئینہ دکھانے کی اس رسم کو روایتی طور پر 'آرسی مصحف' کہا جاتا ہے، یہ رسم ایشیا کے مسلمانوں کی جانب سے نکاح کے بعد اور رخصتی سے پہلے کی جاتی ہے۔
مزید پڑھیں: 'بختاور بھٹو کے ولیمے کے لباس کی تیاری میں 800 گھنٹے لگے'
انسٹاگرام پر شیئر کی اس مختصر ویڈیو میں خوبصورت گیت بھی سنا جاسکتا ہے جو خاص طور پر بختاور بھٹو زرداری کی شادی کے لیے تیار کیا گیا ہے۔
گانے میں کاشف گجر نے اپنی آواز کا جادو جگایا جبکہ اس رسم کی ویڈیو نور العین نے تیار کی ہے۔
بختاور بھٹو کی منگنی اور شادی کی تقریبات کا جائزہ لیا جائے تو ایسا معلوم ہوتا ہے کہ انہوں نے اپنی زندگی کے اہم موقع پر والدین کی شادی میں ہونے والی رسم و رواج کو شامل کرنے کی کوشش کی ہے۔
یہ بھی پڑھیں: بختاور بھٹو کے ولیمے کی تقریب میں کون کون شریک ہوا؟
ان کی منگنی 27 نومبر کو ہوئی تھی اور بختاور بھٹو نے ایک پوسٹ میں بتایا تھا کہ 'میری والدہ نے اپنے والد (ذوالفقار علی بھٹو) کی شادی کی انگوٹھی کی کاپی شادی کے موقع پر میرے والد (آصف علی زرداری) کے لیے بنوائی تھی'۔
انہوں نے کہا تھا کہ میں نے اسی انگوٹھی کی کاپی اپنے منگیتر محمود چوہدری کے لیے بنوائی تھی۔
بختاور بھٹو نے اپنی منگنی کے لباس کے لیے ایک منفرد انداز اپنایا تھا جس میں ان کی شال سب سے زیادہ پسند کی گئی جس پر مختلف تصاویر سے نقش و نگاری کی گئی تھی جسے ڈیزائنز ندا ارویز نے تیار کیا تھا۔
ڈیزائنر نے کہا تھا کہ بختاور بھٹو خاص طور پر چاہتی تھیں کہ ان کی والدہ کا انداز ان کے خاص دن کا حصہ بنے۔
خیال رہے کہ 25 جنوری سے شروع ہونے والی بختاور بھٹو کی شادی کی مختلف تقریبات بلاول ہاؤس کراچی میں منعقد ہوئی تھیں۔
مہندی کی تقریب میں انہیوں زارا شاہجہاں جبکہ نکاح کے دن وردہ سلیم کا تیار کردہ لباس پہنا تھا۔
علاوہ ازیں انہوں نے اجرک کے ڈیزائن کی مہندی لگوائی تھی جبکہ مہندی کے دوپٹے پر بھی انہوں نے والدہ کے لیے پڑھی جانی والی نظم لکھوائی تھی۔
مزید پڑھیں: بختاور بھٹو زرداری شادی کے بندھن میں بندھ گئیں
30 جنوری کو منعقد ہونے والی ولیمے کی تقریب میں بختاور بھٹو مختلف انداز میں نظر آئیں، انہوں نے حارث احمد کا تیرا کردہ بوٹل گرین کلر کا لباس زیب تن کیا جس پر 'سُچے گوٹے' کا کام ہوا تھا۔
خیال رہے کہ بختاور بھٹو نے اس سے قبل اپنی منگنی پر فلمائے گئے گانے کی مختصر ویڈیوز بھی مداحوں کے ساتھ شیئر کی تھیں۔
مختصر ویڈیو میں بختاور کو والد آصف علی زرداری کا ہاتھ تھامے گھر سے نکل کر باغیچے میں آتے ہوئے دکھایا گیا تھا جبکہ مختصر دورانیے کی ویڈیو میں انہیں اپنے منگیتر کے ساتھ بھی خوش دکھایا گیا ہے۔
گانے میں کاشف گجر نے اپنی آواز کا جادو جگایا جب کہ نورالعین علی اور کاشف علی نے ویڈیو بنائی اور بختاور کا میک اپ ایس ایس زبیر نے کیا تھا۔