شہباز گل نے پیٹرولیم مصنوعات کی قیمتوں میں اضافے سے متعلق خبروں کی تردید کردی
وزیراعظم عمران خان کے معاون خصوصی برائے سیاسی امور شہباز گل نے پیٹرولیم مصنوعات کی قیمتوں میں اضافے سے متعلق خبروں کی تردید کردی۔
انہوں نے سماجی روابط کی ویب سائٹ ٹوئٹر پر کہا کہ آئل اینڈ گیس ریگیولیٹری اتھارٹی (اوگرا) نے تقریباً 6 سے 7 روپے فی لیٹر تک پیٹرولیم مصنوعات کی قیمتیں بڑھانے کی تجویز دی تھی جسے وزیر اعظم عمران خان نے منظور نہیں کیا۔
مزیدپرھیں: 'حکومت پیٹرول کی قیمت کم رکھنے کیلئے مزید قرضہ لے لے'
شہباز گل نے بتایا کہ پیٹرولیم مصنوعات کی قیمتوں میں کوئی اضافہ نہیں کیا گیا۔
انہوں نے کہا کہ عالمی مارکیٹ میں پیٹرولیم مصنوعات کی قیمتوں میں مسلسل اضافے کے باوجود وزیراعظم نے اجازت نہیں دی۔
شہباز گل نے اوگرا کی جانب سے تجویز کردہ نئی قیمتوں سے متعلق سمری کا عکس بھی شیئر کیا۔
خیال رہے کہ اس سے قبل اوگرا نے یکم مارچ سے پیٹرولیم مصنوعات کی قیمتوں میں اضافے کی سمری پیٹرولیم ڈویژن کو ارسال کی تھی۔
پیٹرولیم ڈویژن کو ارسال کی گئی سمری میں تجویز دی گئی تھی کہ یکم مارچ سے پیٹرولیم مصنوعات کی مجوزہ قیمت میں مجموعی طور پر 25 روپے 19 پیسے فی لیٹر اضافہ کردیا جائے۔
مزیدپڑھیں: پاکستان کا قطر سے 'سستی ترین' ایل این جی کا 10 سالہ معاہدہ ہوگیا
سمری کے مطابق پیٹرول کی فی لیٹر قیمت میں 6 روپے 22 پیسے، ہائی اسپیڈ ڈیزل 6 روپے 82 پیسے، لائٹ ڈیزل 5 روپے 78 پیسے اضافے کی تجویز دی گئی تھی۔