• KHI: Fajr 5:34am Sunrise 6:54am
  • LHR: Fajr 5:12am Sunrise 6:37am
  • ISB: Fajr 5:20am Sunrise 6:47am
  • KHI: Fajr 5:34am Sunrise 6:54am
  • LHR: Fajr 5:12am Sunrise 6:37am
  • ISB: Fajr 5:20am Sunrise 6:47am

پاکستان میں مزید ایک ہزار 163 وائرس سے متاثر، 42 انتقال کر گئے

شائع March 2, 2021
ملک میں اموات کی مجموعی تعداد 12 ہزار 938 تک پہنچ چکی ہے — فائل فوٹو: اے ایف پی
ملک میں اموات کی مجموعی تعداد 12 ہزار 938 تک پہنچ چکی ہے — فائل فوٹو: اے ایف پی

پاکستان میں جہاں کورونا وائرس کے سلسلے میں لگائی گئی مختلف پابندیاں ہٹائی جارہی ہیں وہیں ویکسین لگانے کا سلسلہ بھی جاری ہے اور 65 سال اور اس سے زائد عمر کے شہریوں کے لیے حکومت کی کووِڈ 19 ویکسینیشن مہم رواں ہفتے سے شروع ہونے والی ہے۔

اس عالمی وبا کو ملک میں ایک برس سے زائد ہو چکا ہے اور اس دوران وائرس کی 2 لہریں دیکھی جاچکی ہیں تاہم دوسری لہر کا زور بھی کچھ ٹوٹتا دکھائی دے رہا ہے البتہ یومیہ رپورٹ ہونے والے کیسز کی تعداد اب بھی ایک ہزار سے زائد جبکہ اموات درجنوں میں ہیں۔

پاکستان میں کورونا وائرس کے سلسلے میں اٹھائے گئے اقدامات اور صورتحال کی نگرانی کے لیے نیشنل کمانڈ اینڈ آپریشن سینٹر (این سی او سی) قائم کیا گیا تھا جو نہ صرف پابندیوں کے نفاذ یا ہٹانے کا اعلان کرتا ہے بلکہ وبائی صورتحال میں وسائل کی تقسیم بھی اسی کی ذمہ داری تھی۔

پاکستان میں کورونا وائرس کے اعداد و شمار پر اگر نظر ڈالی جائے تو گزشتہ 24 گھنٹوں میں ملک میں کورونا وائرس سے مزید ایک ہزار 163 افراد متاثر ہوئے جس کے بعد کیسز کی مجموعی تعداد 5 لاکھ 82 ہزار 528 ہوگئی۔

اسی طرح ملک میں مزید 42 افراد اس وائرس کے باعث زندگی کی بازی ہار گئے اور ان کے انتقال کے بعد ملک میں اموات کی مجموعی تعداد 12 ہزار 938 تک پہنچ گئی۔

تاہم ملک میں حالات معمول پر آنے کی ایک بڑی وجہ لوگوں کا تیزی سے صحتیاب ہونا بھی ہے اور اس وائرس سے اب تک 94 فیصد مریض صحتیاب بھی ہوچکے ہیں۔

گزشتہ 24 گھنٹوں میں ان صحتیاب افراد کی تعداد میں ایک ہزار 35 کا اضافہ ہوا، جس کے بعد شفایاب ہونے والوں کی مجموعی تعداد 5 لاکھ 47 ہزار 406 ہوگئی۔

واضح رہے کہ ملک میں کورونا وائرس کا پہلا کیس 26 فروری 2020 کو رپورٹ ہوا تھا، جس کے بعد ملک میں تعلیمی اداروں کی بندش کے ساتھ ساتھ مختلف پابندیوں اور لاک ڈاؤن کے نفاذ جیسی صورتحال پیش آئی تھی۔

تاہم وقت کے ساتھ ساتھ صورتحال بہتر ہونے پر پابندیاں نرم کی جاتی رہیں اور تعلیمی اداروں کو بھی مجموعی صورتحال کے جائزے کے بعد مرحلہ وار کھولا گیا۔

اگر پاکستان کے چاروں صوبوں اور وفاقی اکائیوں میں وائرس کی صورتحال پر نظر ڈالی جائے تو صورتحال کچھ یوں ہے:

سندھ

سندھ جو اس وبا سے سب سے زیادہ متاثر ہونے والا صوبہ ہے وہاں وائرس نے مزید 146 افراد کو متاثر کیا جبکہ 3 مریض انتقال کر گئے۔

اس طرح سندھ میں وائرس کے اب تک رپورٹ ہونے والے کیسز کی تعداد 2 لاکھ 58 ہزار 412 ہوگئے اور اموات 4 ہزار 353 تک پہنچ گئی۔

پنجاب

ملک میں کیسز کے حساب سے دوسرے نمبر پر سب سے زیادہ متاثرہ صوبے پنجاب میں یہ وائرس مزید 629 افراد کو متاثر کرنے اور 28 کی جان لینے کا سبب بنا۔

یوں پنجاب میں مجموعی کیسز کی تعداد ایک لاکھ 72 ہزار 683 اور اموات 5 ہزار 391 ہوگئیں۔

خیبرپختونخوا

ادھر خیبرپختونخوا میں گزشتہ 24 گھنٹوں کے دوران عالمی وبا کے 191 نئے کیسز اور 6 اموات رپورٹ ہوئیں۔

اس طرح سامنے آنے والے ان اعداد و شمار کے بعد وہاں کیسز کی مجموعی تعداد 72 ہزار 615 اور اموات 2 ہزار 85 تک پہنچ گئیں۔

بلوچستان

رقبے کے لحاظ سے ملک کے سب سے بڑے صوبے بلوچستان میں کورونا کی صورتحال قدر بہتر رہی اور وہاں 24 گھنٹوں میں 17 نئے کیسز سامنے آئے جبکہ کسی فرد کا انتقال نہیں ہوا۔

اس طرح وہاں مجموعی کیسز کی تعداد 19 ہزار 66 اور اموات 200 ہیں۔

اسلام آباد

ملک کے وفاقی دارالحکومت میں عالمی وبا کے 143 نئے کیسز کی تصدیق ہوئی تاہم خوش قسمتی سے وبا سے مزید کسی مریض کا انتقال نہیں ہوا۔

یوں اسلام آباد میں مجموعی کیسز کو دیکھیں تو وہ 44 ہزار 516 تک پہنچ گئے اور اموات 501 پر برقرار ہیں۔

آزاد کشمیر

اسی طرح آزاد کشمیر میں وائرس کے پھیلاؤ میں تیزی دیکھنے میں آئی اور مزید 37 افراد اس سے متاثر ہوئے جبکہ 5 مریض لقمہ اجل بنے۔

آزاد کشمیر میں کورونا متاثرین کی تعداد 10 ہزار 280 جبکہ مرنے والوں کی تعداد 306 ہوگئی ہے۔

گلگت بلتستان

پاکستان میں گلگت بلتستان وہ علاقہ ہے جہاں وبا کی صورتحال تسلی بخش ہے اور 26 فروری کے بعد سے وہاں مزید کوئی کیس یا موت رپورٹ نہیں ہوئی۔

اس علاقے میں کورونا کے مجموعی طور پر 4 ہزار 956 کیسز رپورٹ ہوئے جبکہ 102 افراد کا انتقال ہوا۔

کارٹون

کارٹون : 22 نومبر 2024
کارٹون : 21 نومبر 2024